سینئر ججوں کو نظرانداز کرکے جونیئر کی تعیناتی نظام انصاف پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، بیرسٹر سیف
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے سینئر ججز کو نظرانداز کرکے جونیئر ججز کی تعیناتی انصاف کے نظام پر اثرانداز ہونے کی کوشش قرار دے دی۔
اپنے ایک بیان میں حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں حالیہ تبادلوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس فیصلے کے خلاف وکلاء برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ججز کے تبادلے نظامِ انصاف کو مفلوج کرنے کے مترادف ہیں، سینئر ججز کو نظرانداز کرکے جونیئر ججز کی تعیناتی انصاف کے نظام پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، ملک پر دہائیوں سے مسلط سیاسی اشرافیہ عدلیہ کی آزادی سلب کرنے کے درپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اشرافیہ عدالتوں کو بھی سیاست کا اکھاڑا بنا رہی ہے، جعلی حکومت کے غیر قانونی فیصلوں کے خلاف وکلا، صحافی اور سیاستدان سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
محمد اورنگزیب کے اعترافی بیان نے حکومت کے دعووں کا پول کھول دیا، بیرسٹر سیف
وفاقی وزیر خزانہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے مہنگائی کے بے قابو ہونے اور ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کیا ہے، وفاقی وزیر خزانہ نے حکومت کے دعوؤں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے اعترافی بیان نے حکومت کے دعوؤں کا پول کھول دیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے مہنگائی کے بے قابو ہونے اور ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کیا ہے، محمد اورنگزیب نے حکومت کے دعوؤں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایک پیج پر نظر نہیں آتے، حکومت دعوؤں کے بجائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنے اور ایف بی آر میں کرپشن روکنے میں حکومت کی ناکامی کا اعتراف کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ چینی، مرغی اور دالوں کی قیمتوں پر نظر ہے، عالمی سطح پر قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور یہاں اوپر جارہی ہیں، مڈل مین من مانی کر رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے تاجروں سے اپیل کی کہ رشوت نہ دیں اور کہا کہ ایسے لوگوں کو فارغ کر رہے ہیں جو بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ رشوت کی تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اگر ٹیکس نظام میں رشوت لینے والے موجود ہیں تو انہیں رشوت دینے والے بھی ہیں۔