سولجر بازار چھینا جھپٹی کے ہلاکت خیز واقعے کی ہولناک ویڈیو سامنے آ گئی
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں جماعت خانے کے قریب فائرنگ سے ایک ڈاکو کی ہلاکت اور ایک شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ہولناک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے۔فائرنگ کے اس واقعے میں طاہر بزنجو نامی شہری گولی لگنے کے بعد اسپتال میں جاں بحق ہوا تھا، جب کہ اس کا دوسرا ساتھی صدام گولی لگنے سے زخمی ہوا۔لوٹ مار کرنے والے ڈاکو عبداللہ کو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگی تھی، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہوا، فوٹیج میں 2 موٹر سائیکلوں پر 4 لٹیروں کو دیکھا جا سکتا ہے، جنھوں نے موٹر سائیکل پر جاتے طاہر اور اس کے ساتھی کو سائیڈ دے کر روکا۔تاہم موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے شہری نے جھپٹ کر مسلح لٹیرے کو اچانک پیچھے سے دبوچ لیا، یہ ماجرہ دیکھ کر دوسرے ڈاکو کی جانب سے گولیاں چلائی گئیں، تاہم لٹیرے کو دبوچنے والے شہری نے ڈاکو کے پستول کا رخ اس کے ساتھی ڈاکو کی جانب کر دیا اور گولیاں چلیں۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ڈاکو نے اپنے ہی ساتھی کو گولی مار دی، تاہم ایک گولی شہری کو بھی لگی، جو بعد میں اس کے لیے جان لیوا ثابت ہو گئی۔ویڈیو میں تینوں افراد کو زخمی ہو کر زمین پر گرتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ باقی 3 لٹیرے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ کراچی کی سڑکوں پر آئے دن شہریوں کو اس طرح گھیر گھار کر لوٹ لیا جاتا ہے، اور مزاحمت پر شہریوں کی قیمتی جانیں بھی تلف ہو رہی ہیں، تاہم جرائم پر قابو پانے کے دعوے کرنے والی پولیس انھیں روکنے میں ناکام ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
راولپنڈی کے اسپتال میں بڑھتی چوریوں سے ڈاکٹرز پریشان، ویڈیو بھی سامنے آگئی
راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال میں آئے دن کی چوریوں نے ڈاکٹرز کو پریشان کردیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال راولپنڈی میں مبینہ طور پر چوری کرنے والے شخص کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ فوٹیج میں مبینہ چور کو ڈاکٹرز ہاسٹل سے نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جنرل سرجن ڈاکٹر وحید اقبال نے تھانہ گنج منڈی میں چوری کا مقدمہ درج کروا دیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم چور ڈاکٹر وحید اقبال کا قیمتی موبائل اور لیپ ٹاپ چرا کر لے گیا۔ چورنے ڈاکٹرز ہاسٹل سے دیگر ڈاکٹرزکے موبائل فون بھی چرائے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسپتال میں آئے دن کی چوریوں کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ ڈاکٹرز ہاسٹل کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ چور کو جلد پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ ڈاکٹروں کو بھی باہر جاتے وقت کمروں کو لاک رکھنا چاہیئے۔