5 فروری مظلوم کشمیریوں سے تجدید عہد کا دن
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیرمنایا جائے گا۔
یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ حق خود ارادیت کیلئے یکجہتی اور عالمی برداری کی توجہ بھارتی مظالم کی جانب متوجہ کروانا اورآنے والی نسلوں پر بھارت کا مکروہ کرداراور چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔
بھارت 5 اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے باوجود جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ بھارت نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
بھارتی آرمی چیف جنرل دویدی نے چند روز قبل بے بنیاد دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 2024 کے دوران مارے گئے عسکریت پسندوں میں سے 60 فیصد پاکستانی تھے جبکہ اس وقت بھی سرگرم عسکریت پسند 80 فیصد پاکستانی ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر موثر جنگ بندی کے باوجود مسلح عسکریت پسندوں کی دراندازی کا سلسلہ جاری ہے اور دہشت گردی کا بنیادی ڈھانچہ اب بھی موجود ہے۔
پاک فوج نے بے بنیاد الزامات کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے قطعی منافی ہے۔ بھارتی آرمی چیف مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم و ستم کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف کے بیانات دراصل مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مقبوضہ کشمیر پر واضح اوردو ٹوک موقف ہے۔ بھارت غیرقانونی انتظامی اور یک طرفہ طور پر نافذ کالے قوانین سے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کی اپنے جائز مقاصد کے حصول کی خواہش کو دبا نہیں سکتی۔
دفاعی تجزیہ کار کے مطابق ریاست پاکستان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم پر دنیا کے ہر فورم پر موثر آواز اٹھائی ہے۔ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر ایک دن ہی نہیں بلکہ ایک عہد ہے جو پاکستانی عوام نے کشمیریوں کے ساتھ رکھا ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں تمام تر انسانیت سوز مظالم کے باوجو کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہے۔
دفاعی تجزیہ کار کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ پاکستان کے عوام اور پاک فوج مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بھارتی آرمی چیف مظلوم کشمیریوں
پڑھیں:
مظفرآباد میں پاکستان سے عہدِ وفا کی تجدید کے لیے کشمیر مارچ
مظفرآباد:مظفرآباد میں پاکستان سے عہدِ وفا کی تجدید کے لیے کشمیر مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کشمیر مارچ میں آزاد کشمیر کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکا نے پاکستانی پرچم اٹھا کر کشمیر بنے گا پاکستان ،ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کے نعرے لگائے۔ کشمیر مارچ میں آزاد کشمیر کی کی قیادت ،مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا ۔
کشمیرمارچ میں خواتین اور مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی بڑی تعداد نے پاکستانی پرچم اور سید علی گیلانی کی تصاویر اٹھا کر شرکت کی ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ وفاع پاکستان کے فرنٹ لائن سولجر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قائدِ اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ہم اس نظریے کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے جدو جہد میں ان کے ساتھ ہیں،کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ڈاکٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جس کے حصول تک کشمیری بھارت سے لڑتے رہیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت لاکھوں فوجیوں کے ذریعے کشمیر کو محاصرے میں لے کر بھی جذبہ حریت کو کچل نہیں سکا ۔
آزاد کشمیر کے شہریوں کا مقبوضہ وادی میں باسیوں سے اظہار محبت
دوسری جانب آزاد کشمیر کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے والہانہ محبت اور ان کے حقِ آزادی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
5 فروری کے سلسلے میں آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری اس عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے کہ ہم کشمیریوں کو ان کی جدوجہدِ آزادی میں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
آزاد کشمیر کے شہریوں کا کہنا تھا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر جنوبی ایشیا کا ایک ایسا سلگتا ہوا مسئلہ ہے، جسے حل کیے بغیر دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی یومِ یکجہتی کشمیر پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا اور کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا پیغام پوری دنیا میں پہنچایا جائے گا۔
شہریوں نے کہا کہ کشمیر کی مکمل آزادی، تکمیلِ پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ہمارا یہ عزم ہے کہ کشمیر کی آزادی ہی پاکستان کی حقیقی تکمیل ہے اور ہم اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔
آزاد کشمیر کے باسیوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور کشمیری عوام نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اور ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوگا، ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
کشمیری باشندوں کے یہ پیغامات اس عزم کی تجدید ہیں کہ پاکستانی عوام اور کشمیری بھائی یکجان ہیں اور آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔