کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ادارہ نور حق میں کشمیر کا نفرنس سے صدارتی خطاب کر رہے ہیں، مختلف دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنماو قائدین موجود ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پیر کو ادارہ نور حق میں ’’کشمیر کانفرنس ‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے ، ہماری حکومت و ریاست کی ذمے داری ہے کہ برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے اپنی ذمے داریاں پوری کریں ،
آزادی کشمیر کی جدو جہد کی نہ صرف سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بلکہ عملی محاذ پر بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ اقوام متحدہ کا اپنی قراردادوں کے مطابق اہل کشمیر کو حق ِ خود ارادیت اور رائے شماری کا حق نہ دلانا اس عالمی فورم کی ناکامی اور مسلمانوں کے حوالے سے دہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے ، اقوام ِ متحدہ عملاً امریکا ، اسرائیل ، برطانیہ اور دیگر بڑی طاقتوں کے گھر کی لونڈی بنی ہوئی ہے ، قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور یہ شہ رگ آج بھارتی تسلط میں ہے ، پاکستان کے عوام کے دل اہل ِ کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، شہ رگ کی آزادی اور اہل ِ کشمیر کی پشتیبانی کے لیے پوری قوم یکجان اور یک زبان ہے ، حماس اور اہل ِ غزہ کی کامیابیوں اور قربانیوں نے اہل کشمیر کو بھی نیا عزم اور حوصلہ دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ جذبۂ جہاد اور شوقِ شہادت کو کوئی طاقت اور ٹیکنالوجی شکست نہیں دے سکتی ،کشمیریوں کی جدو جہد ، قربانیاں اور شہدا کا لہو رنگ لائے گا ۔ کشمیر آزاد ہوگا اور سید علی گیلانی کے قول کے مطابق کہ ’’ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے ‘‘ کشمیر پاکستان کا حصہ ضروربنے گا ۔ کشمیر کانفرنس سے مختلف دینی جماعتوں کے رہنمائوں و دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ نظامت کے فرائض نائب امیر کراچی مسلم پرویز نے ادا کیے ، مقررین نے اس امر پر اتفاق ِ رائے کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر پربھارتی تسلط کے خلاف اور اہل کشمیر کی آزادی کی جدو جہد کی حمایت میں پوری قوم کا موقف ایک ہے ، پورے ملک کے عوام بلا تفریق اہل کشمیر کے ساتھ ہیں اور حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی قسم کی سودے بازی اور کمزوری کا مظاہرہ کرنے سے باز رہیں ۔ کشمیر کاز سے غداری ملک سے غداری ہوگی اور ایسا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ۔کشمیر کانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں جمعیت علما پاکستان کے مرکزی رہنما عقیل انجم قادری ،پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ کے صدر سردار ذوالفقار علی ،کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی ایڈووکیٹ ، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی ، فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم ، جمعیت علما اسلام کے جنرل سیکرٹری مفتی حماد اللہ مدنی ،مرکزی مسلم لیگ کراچی کے نائب صدر شہباز عبد الجبار، جمعیت علما اسلام کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ احمد علی ، انصار اللہ کے مرکزی رہنما محمد یار ربانی ،جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر کے صوبائی چیئر مین اختر محمدی ،جمعیت علما اسلام کے امیر کراچی مولانا عبد السلام شامزئی ، پختونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نصیر خان اچکزئی ،اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد ،صدر کوآپریٹیو مارکیٹ کے سیکرٹری محمد اسلم خان ، پاکستان عوامی تحریک کے نوید عالم ، انصار اللہ کراچی کے امیر حافظ محمد ادریس ، تعلقات عامہ قرآن و سنہ موومنٹ کے سیکرٹری ملک نوریز و دیگر شامل تھے ۔ منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بھارت خود 1948ء میں کشمیر کے حوالے سے اقوام ِ متحدہ میں گیا تھا اور اقوام ِ متحدہ کے مطابق جسے بھارت نے بھی تسلیم کیا تھا کہ اہل ِ کشمیر کو ان کی آزاد مرضی اور رائے شماری کا حق دیا جائے گا لیکن افسوس کہ بھارت نے فوجی طاقت اور قوت کے بل پر مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط قائم کیا ہے ، 78سال سے کشمیری اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں اور کشمیریوں نے ایک دن کے لیے بھی بھارت کا قبضہ اور غلامی قبول نہیں کی اور مسلسل بھارت کی غلامی سے آزادی کی جدو جہد میں مصروف ہیں ، ہزاروں شہدا کے خون سے اس جدو جہد آزادی کو جاری رکھا ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ، خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے ، نوجوانوں کو شہید اور اسیر کیا جاتا ہے لیکن کشمیر کے عوام کا آج بھی ایک ہی نعرہ ہے کہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ ، کشمیری عوام اپنے شہدا کے جنازے پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں ، 1990ء میں تحریک ِ آزاد کشمیر نے ایک نیا رخ اختیار کیا ۔ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری 12سال اسیری میں گزارے ، برہان مظفر وانی کی شہادت سے بھی آزادی کی جدو جہد کو نیا عزم اور حوصلہ ملا ، 5اگست 2019ء کو بھارت نے اپنے آئین کی دفعہ 370/35-Aکے برعکس کشمیر کی مخصوص حیثیت کو ختم کر دیا ، بد قسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے آزادی ٔ کشمیر کی جدو جہد میں جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ نہیں کیا یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت کشمیر پر اپنا تسلط قائم رکھے ہوئے ہے ۔کشمیر کانفرنس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئررہنما راجا ظہیر احمد ،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عبد العظیم محمدی ، انصار اللہ کراچی کے رکن شوریٰ محمد قاسم ، پختونخواملی عوامی پارٹی کے طاہر ، سردار عبد الرب و دیگر بھی شریک تھے ۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: کشمیر کانفرنس پاکستان کے جمعیت علما کی جدو جہد اہل کشمیر کشمیر کا کشمیر کو کشمیر کے کراچی کے کشمیر کی

پڑھیں:

جماعت اسلامی کے تحت آج کشمیرکانفرنس اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی،منعم ظفر

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ادارہ نورحق میں 5فروری ، بھارتی تسلط کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی وشہری مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ5 فروری، بھارتی جبر و تسلط کے شکار کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لییآج ادارہ نورحق میں ’’کشمیر کانفرنس‘‘،کل 4 فروری کو شہر بھر کی شاہراہوں اور اہم پبلک مقامات پر کیمپس لگائے جائیں گے اور5 فروری کو جیل چورنگی تا مزار قائد مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی زیر قیادت ’’یوم یکجہتی کشمیر ریلی‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے ویژن ’’جہالت سب کے لیے‘‘ کے مطابق سندھ اسمبلی میں قانون پاس کر کے جامعات کی خود مختاری پر کاری ضرب لگائی ہے۔ اسی ویژن کے تحت پیپلزپارٹی کی صوبائی
حکومت تعلیم پر وار کر رہی ہے، پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے پیکا ایکٹ پر دستخط کیے۔ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کا حصہ ہے اور ایم کیو ایم اس کی پارٹنر ہے، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیوا یم نے مل کر آزادی صحافت کا گلا گھونٹا ہے، جمہوریت کی بات کرنے والے آمرانہ طرز عمل کے مطابق رویہ اختیار کررہے ہیں۔ یہ تمام لوگ آپس میں صرف بیان بازی اور نورا کشتی کرتے ہیں اور عوام کے خلاف فیصلے کرتے ہیں۔ قابض میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے ایم کیو ایم سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، حقیقت تو یہی ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی دونوں شہر کی تباہی و بربادی کے ذمے دار ہیں، پیپلزپارٹی آج بھی ٹاؤنز کو اختیارات اور وسائل دینے کے لیے تیار نہیں ہے، جماعت اسلامی کے نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ جو2001ء سے 2005ء تک سٹی ناظم رہے، بلا تخصیص تمام یونین کمیٹیوں میں برابر کے فنڈز کی تقسیم کیے۔ ہمارا واضح اور دوٹوک مطالبہ ہے کہ کراچی کے تمام ٹاؤنز کو2 ارب اور ہر یوسی کو5 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے جائیں۔ پریس کانفرنس میں نائب امیر کراچی و پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل سیف الدین ایڈووکیٹ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل قاضی صدر الدین، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی اور نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہد بھی موجود تھے۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے گزشتہ35 سال قبل پوری دنیا کو کشمیر کی تحریک آزادی کی پشت پر لاکھڑا کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ جدوجہد جو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے کہ کشمیریوں کو ان کاجائز حق دیا جائے۔1947ء کو جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو بھارت نے دھوکے سے کشمیر میں اپنی فوجیں بھیج کر قبضہ کرلیا۔ آزاد کشمیر جسے قبائلیوں نے فوج کے ساتھ مل کر آزاد کروالیا اور سر ی نگر تک پہنچ گئے تھے لیکن بھارت کے جواہر لال نہرو اقوام متحدہ پہنچ گئے اور ایک قرارداد منظور ہوئی کہ کشمیریوں کو آزادی ہے کہ وہ جہاں ضم ہونا چاہیں ہوسکتے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں8 لاکھ سے زائد فوج بھیجیں کشمیریوں نے سید علی گیلانی کی قیادت میں مزاحمت کا راستہ اختیار کیا، بھارتی فوج نے مظلوم و نہتے کشمیروں پر ظلم وستم ڈھایا، عورتوں، بچوں اور بوڑھوں پر ظلم کیا گیا ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ 5 اگست 2019ء کوآرٹیکل 370 اور 35-A کے تحت مقبوضہ کشمیر کو دی گئی ریاستی خود مختاری کو غصب کر کے کشمیر کو بھارت کا حصہ بنالیا۔ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کے معاملے میں اقوام متحدہ اور مغربی اقوام نے آگے بڑھ کر آزادی دلوائی لیکن مسئلہ کشمیر کے معاملے میں اقوام متحدہ اور مغربی اقوام کی جانب سے خاموشی ہے۔ آج اقوام متحدہ سمیت پوری مغربی اقوام فلسطین کے معاملے میں اسرائیل کی پشتیبان بنی ہوئی ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس شہ رگ کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے، پاکستان کے حکمران بھارت سے دوستی بڑھانے کی باتیں کرتے ہیں، بھارت سے کسی بھی صورت میں دوستی نہیں کی جاسکتی، ایک ہی حل ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کہتی ہے کہ جمہوریت میں مذاکرات ہوتے ہیں اور نقطہ نظر کا اختلاف بھی ہو تو ایک دوسرے کی بات سنی جاتی ہے لیکن جامعا ت کے اساتذہ کرام سندھ اسمبلی کے باہر سراپا احتجاج ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ جامعات کو مالی بحران سے نکالا جائے اور اساتذہ کا میرٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ مستقل بھرتی کیا جائے۔ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت جامعات میں اساتذہ کرام کی بھرتی میں مستقل کے بجائے کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کے عمل سے مال بنانے کا دھندا شروع کرنا چاہتی ہے اور وائس چانسلر کے تقرر کے لیے پی ایچ ڈی اور تعلیمی تجربہ کی شق کو ختم کردیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی اساتذہ و طلبہ کی جامعات کی خود مختاری سلب کرنے اور طلبہ یونین کی بحالی کے حوالے سے تحریک میں ساتھ ہے اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبای حکومت نے کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے لیے باعزت ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر کہتے ہیں کہ کراچی کی بسوں میں کرایوں میں اضافہ صرف اس کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ اضافی کرایوں سے مزید بسیں خریدی جائیں، انتہائی شرم کا مقام ہے کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ16 سال میں صرف300 بسیں دیں، کراچی کو 15 ہزار بسوں اور ماس ٹرانزٹ کی ضرورت ہے، کراچی کے عوام سے اربوں روپے ٹیکس تو وصول کیے جاتے ہیں لیکن بدلے میں کوئی سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔ شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ ہے، شہری چنگی چی رکشوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔ پیپلزپارٹی سن لے کہ کراچی کے ساڑھے3 کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لیے جماعت اسلامی ہر محاذ پر پیپلز پارٹی اور ان کے فرینڈلی اپوزیشن ایم کیو ایم کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ شہر میں اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ 1 ماہ میں45 افراد قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، گزشتہ روز مہران ٹاؤن کورنگی میں ایک شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، صوبائی حکومت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں ہیں؟۔ گزشتہ سال 109شہریوں کو موبائل اور موٹر سائیکل چھیننے کے موقع پر ہلاک کردیا گیا، شہری اپنے گھروں میں مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں، گارڈن سے2 جنوری کو بچوں کو اغوا کیا گیا، جس کا آج تک کوئی پتا نہیں چلا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ کراچی کے عوام امن و سکون اور شہر کی ترقی چاہتے ہیں،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ ہے ، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

متعلقہ مضامین

  • پاکستان ایٹمی طاقت، حکومت کشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرانے کیلیے ذمہ داریاں پوری کرے، منعم ظفر
  • غلط فہمی نہ رہے، پوری طاقت سے اسلام آباد آئینگے، تصادم نہیں درمیانی راستہ چاہتے ہیں: تحریک انصاف
  • جماعت اسلامی کے تحت آج کشمیرکانفرنس اور 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر ریلی ہوگی،منعم ظفر
  • منعم ظفر خان کی زیر صدارت آج ادارہ نورحق میں ’’کشمیر کانفرنس ‘‘ ہوگی
  • اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا ہوا ہے، منعم ظفر خان
  • قاضی حسین احمد نے پانچ فروری کودنیا میں یوم یکجحتی کشمیر بنانے کیلیے جہدوجہد کی، منعم ظفر
  • اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا: منعم ظفر خان
  • کشمیر کا پاکستان سے الحاق ناگزیر
  • بھارت: ہریانہ میں دھند کے باعث کار نہر میں جا گری‘ 10افراد لاپتا