صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اراکین اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیر آباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے صوبے میں بہترین طرز حکمرانی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔
اراکین نے شفافیت اور میرٹ پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے مثبت سیاسی روایت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ اسکیم سے کاشتکاروں کو آڑھتیوں سے نجات ملی، سستی کھاد وافر مقدار میں دستیاب ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید برآں، صحت کے نظام کی بہتری، مفت ادویات کی فراہمی، گھر کی دہلیز پر علاج، ہونہار اسکالر شپ پروگرام اور صاف پنجاب مہم کو بھی سراہا گیا۔ اجتماعی شادیوں کے “دھی رانی پروگرام” کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی ہے۔
محمد نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں۔ الحمدللہ، عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور مریم نواز شریف کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔”
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں دستیاب ہے۔ انہوں نے راولپنڈی رنگ روڈ کو دسمبر تک مکمل کرنے اور راولپنڈی و گوجرانوالہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مریم نواز نواز شریف وزیر اعلی کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، اقتصادی، سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور سکیورٹی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کے ساتھ ساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے یہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی لائے گا۔ چینی سفیر نے اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور اس کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔ ذرائع کے مطابق سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی سٹیئرنگ کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ سٹیئرنگ کمیٹی ایم-6، ایم-8، ایم-5 اور این- 25 کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی ہمارے سماجی نظام کے لئے خطرہ ہیں، مذہبی سکالرز، کمیونٹی رہنما اور شہری معاشرے میں بھائی چارے کو مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر بین المذاہب ہم آہنگی کا ہفتہ منا رہے ہیں، یہ ہفتہ پوری دنیا میں مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مکالمے، ہم آہنگی اور تعاون کو اجاگر کرنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔