رمضان المبارک میں کراچی میں سردی ہو گی یا نہیں؟ پیش گوئی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں رمضان المبارک میں سردی رہے گی یا نہیں، اس حوالے سے پیش گوئی سامنے آ گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق موسمیاتی ماہرین نے کراچی میں کل منگل اور پرسوں بدھ کو سردی کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ منگل اور بدھ کو دن کے مقابلے میں رات میں ٹھنڈے موسم کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
منگل اور بدھ کو شہر کا درجہ حرارت بھی 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دریں اثنا رمضان المبارک کے حوالے سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ ماہ صیام کے ابتدائی دنوں میں کراچی کا موسم بہتر رہنے کی توقع ہے، تاہم دن نسبتاً گرم اور راتیں سمندری ہواؤں کی وجہ سے بہتر موسم کے زیر اثر رہیں گی۔
کراچی میں 20 مارچ سے گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے اور رمضان المبارک کا آخری عشرہ گرم موسم ہی کے زیر اثر گزرنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رمضان المبارک پیش گوئی
پڑھیں:
گرمیوں کے حج سے چھٹی! سعودی اعلان نے حجاج کو خوش کر دیا
ریاض: سعودی عرب کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ 2025 کا حج آخری بار شدید گرمیوں میں ہوگا، کیونکہ اسلامی قمری کیلنڈر کی وجہ سے آئندہ 16 سال تک حج کا وقت ٹھنڈے موسم میں آ جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 2026 سے حج کا انعقاد بہار کے موسم میں ہوگا، اور پھر 2034 سے 2041 تک یہ سردیوں میں آئے گا۔ قمری کیلنڈر ہر سال تقریباً 10 دن پیچھے جاتا ہے، جس کے باعث حج گرمی سے بہار اور سردی کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ 2042 میں حج دوبارہ گرمی کے موسم میں واپس آئے گا۔
یہ تبدیلی دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمانوں کے لیے خوش خبری ہے، جو گزشتہ کئی سالوں سے مکہ کی شدید گرمی میں حج ادا کر رہے تھے۔ 2024 کے حج کے دوران درجہ حرارت 46 سے 51 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک دن میں 2,700 سے زائد حجاج گرمی سے متاثر ہوئے اور کئی اموات بھی ہوئیں۔
سعودی حکام نے موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے حجاج کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں سایہ دار راستے، اضافی پانی کی تقسیم، موبائل کولنگ یونٹس، اور گرمی سے بچاؤ سے متعلق آگاہی مہمات شامل ہیں۔
2024 میں سعودی حکومت نے 33 نئے موسمیاتی اسٹیشنز بھی نصب کیے اور جدید موبائل ریڈار سسٹمز کا استعمال بڑھایا تاکہ حج کے راستوں پر موسم کی فوری نگرانی کی جا سکے۔
2025 میں متوقع 18 لاکھ سے زائد حجاج کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جو کہ آخری بار گرمیوں میں حج کریں گے۔ اس کے بعد حجاج کو موسم کی شدت سے کچھ دیر کے لیے نجات مل جائے گی۔