جی ڈی اے کا 8 فروری کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
کراچی:
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے جعلی انتخابات، نئے کینال نکالنے، امن و امان کی خراب صورتحال اور متنازعہ پیکا قوانین کے خلاف 8 فروری کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔
جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صفدر عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ 8 فروری کا دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب ریکارڈ دھاندلی کے ذریعے سندھ کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور جی ڈی اے کے امیدواروں کو زبردستی شکست دی گئی۔ کارکنان اس دن سیاہ پرچم لہرائیں گے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے، ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے پریس کلبوں کے سامنے پُرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے ملک میں آئینی بحران کو جنم دیا ہے اور اب تو جج بھی سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ مقرر کیے جا رہے ہیں، جو عدالتی نظام کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔
ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے متنازعہ پیکا قوانین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان قوانین کے نفاذ سے آزاد صحافت کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے حکومت سے عوام دشمن پیکا قوانین کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
سندھ میں پانی کی قلت پر بات کرتے ہوئے جی ڈی اے کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پہلے ہی صوبے میں کسان اور کاشتکار پانی کی کمی سے شدید متاثر ہیں اور اب دریائے سندھ پر نئے کینال بنا کر زمینوں کو بنجر بنانے کی ایک گہری سازش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین واپڈا نے حالیہ بریفنگ میں نئے کینال بنانے کی ذمہ داری کو آشکار کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ سارا منصوبہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کی منظوری سے کیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا اعلان جنگ ہے، ظفر شادم خیل
پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے رہنما کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بھارت کو ہر بار کی طرح اس بار بھی اپنی داخلی ناکامی کو پاکستان کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ اسلام ٹائمز۔ رہنما تحریک انصاف گلگت بلتستان ظفر محمد شادم خیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم ایک صف میں کھڑی ہے۔ بھارت اپنی ناکام سیکورٹی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش میں ہے، بھارت کی اس جارحانہ طرز عمل کا پوری قوم منہ توڑ جواب دے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے، اس طرح کے غیر زمہ دار فیصلوں سے بھارت بڑے اور تاریخی نقصان کا سامنا کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ اور پانی ہماری زندگی ہے، پاکستان کے تمام طبقات آج ملکی سلامتی کے لیے ایک پیج پر ہیں، ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں تو یہ صرف ملک کے دفاعی اداروں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ہے، یہ زمین ہماری ماں ہے اور ہم اپنی ماں کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہر بار پاکستان کے خلاف جھوٹا بے بنیاد اور اشتعال انگیز پروپیگنڈہ کرتا آیا ہے، بھارت کو ہر بار کی طرح اس بار بھی اپنی داخلی ناکامی کو پاکستان کے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ یہ طرز عمل نہ صرف غیر زمہ درانہ ہے بلکہ خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف فرنٹ اسٹیٹ کا کردار ادا کیا ہے ہم اپنی ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا بہتر جانتے ہیں اور دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے، پاکستان ایک زمہ دار ایٹمی ریاست ہے جو امن چاہتی ہے لیکن اپنی خود مختاری اور سالمیت پر کھبی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔