امریکا میں 104 مسافروں سے بھرا ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
امریکا میں ایک اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ ہیوسٹن سے نیویارک جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو اس کے انجن میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی طور پر خالی کروا لیا گیا۔ طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم تمام افراد محفوظ رہے۔
فلائٹ 1382 اتوار کی صبح 8:30 بجے کے بعد جارج بش انٹرکانٹی نینٹل ایئرپورٹ سے لاگارڈیا ایئرپورٹ روانہ ہونے والی تھی کہ عملے کو ایک انجن میں خرابی کا اشارہ ملا، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر پرواز منسوخ کر دی۔
فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، انجن میں خرابی کی اطلاع ملنے پر ٹیک آف کو محفوظ طریقے سے روک دیا گیا، اور مسافروں کو رن وے پر ہی اتار کر بسوں کے ذریعے ٹرمینل منتقل کیا گیا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق، تمام 104 مسافر ایمرجنسی سلائیڈز اور سیڑھیوں کے ذریعے بحفاظت باہر نکلے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ایئربس A319 طیارے کے ایک انجن سے آگ اور دھواں نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک مسافر نے دوران پرواز انجن سے نکلتی ہوئی آگ کی ویڈیو بنائی، جس میں کسی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ”پلیز ہمیں یہاں سے نکالو“۔
View this post on InstagramA post shared by FL360aero (@fl360aero)
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں امریکہ میں فضائی حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
چند روز قبل، امریکن ایئرلائنز کا ایک طیارہ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فوج کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں طیارے پوٹومیک دریا میں گر گئے۔ حکام کے مطابق، حادثے میں 67 افراد ہلاک ہوئے۔
جمعہ کی رات فلاڈیلفیا میں ایک اور طیارہ ایک شاپنگ مال کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں 7 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تھے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
طیارے سے آف لوڈ کیا گیا شخص ایئرپورٹ سے لاپتا؛ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم
کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ایئرپورٹ سے لاپتا شخص کی بازیابی کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ ایئر پورٹ کو گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
ایئرپورٹ سے لاپتا شخص کی بازیابی کی درخواست پر سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کاشف علی 27 مارچ کو بیرون ملک سفر کے لیے اپنی اہلیہ کے ہمراہ جناح ٹرمینل پہنچا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق قانون نافذ کرنے والوں نے کاشف علی اور اہلیہ کو طیارے سے آف لوڈ کیا۔ کاشف کی اہلیہ کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔ کاشف کی بازیابی کے لیے متعدد خطوط لکھے ہیں،لیکن کاشف کا کوئی سراغ نہیں مل سکا جب کہ ایئر پورٹ پولیس کاشف کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درج نہیں کررہی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مسنگ پرسنز کا کیس سننے کے اختیارات آئینی بینچ کے پاس ہیں۔ یہ کیس آئینی بینچ کو ارسال کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ایئر پورٹ کو گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست آئینی بینچ کو بھیج دی۔