امریکی ٹیرف پالیسی کے خلاف کینیڈا، میکسیکو کا اتحاد، چین بھی کھل کر سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
امریکی ٹیرف پالیسی کے خلاف کینیڈا اور میکسیکو نے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چین نے بھی امریکی ٹیرف پالیسی کے خلاف باضابطہ بیان جاری کردیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکی ٹیرف میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ٹیرف ٹرمپ کارڈ‘، کینیڈا اور میکسیکو جوابی چال کے لیے تیار
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کے ردعمل میں کینیڈین شہریوں سے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ کینیڈا میں تیار مصنوعات کا انتخاب کیا جائے، لیبل چیک کریں اور اپنی مصنوعات خریدیں۔
دوسری جانب، امریکا میں چینی سفارتخانے نے امریکی ٹیرف پالیسی پر ردعمل دیتے ہوئے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تجارت اور محصولات کی جنگ میں کسی فتح نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی ریاست بن جائیں، ٹیرف ختم کردیں گے، ٹرمپ کی کینیڈا کو پیشکش
بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اپنے مفادات کا جواب دے گا، ٹیرف پالیسی سے امریکا کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوسکتے، امریکی اقدامات سے کسی کو فائدہ نہیں پہنچے گا، امریکا کا اقدام دنیا کے لیے خسارے کا سودا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ محصولات میں اضافے سے کچھ تکلیف ہوگی لیکن نتائج شاندار ہوں گے، یہ امریکا کا سنہری دور ہوگا، ہم امریکا کو پھر سے عظیم بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا کا جوابی وار، امریکا پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اب عقلمندی کے ساتھ چلایا جارہا ہے جس کے نتائج شاندار ہوں گے، کینیڈا، میکسیکو اور چین امریکی برتری ختم کرنے کی کوشش کررہے تھے، امریکا دوسرے ممالک کو رعایت دے کر کھربوں ڈالر ضائع نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیرف عائد کرنے سے ان ممالک کو جو درد پہنچا بہت اہمیت کا حامل ہے، ہمیں کینیڈا کی کسی چیز کی ضرورت نہیں، اب تمام اشیا امریکا میں ہی تیار کی جائیں گی، کینیڈا اگر ہماری 51ویں ریاست بن جائے تو کوئی ٹیرف نہیں اور عوام کو بہترین فوجی تحفظ حاصل ہوگا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews اتحاد امریکا بیان ٹیرف پالیسی جسٹن ٹروڈو چین چینی سفارتخانہ ردعمل صدر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا مصنوعات میکسیکو.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اتحاد امریکا بیان ٹیرف پالیسی جسٹن ٹروڈو چین چینی سفارتخانہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا مصنوعات میکسیکو ڈونلڈ ٹرمپ
پڑھیں:
امریکا بمقابلہ چین: یہ جنگ دنیا کو کہاں لے جائے گی؟
ہماری جدید تاریخ کی سب سے بڑی تجارتی جنگ شروع ہوچکی ہے۔ ایک ایسی جنگ جو یقینی طور پر بہت کچھ بدل دے گی۔ ممکن ہے طاقت کا توازن بھی تبدیل ہو اور نئے رولز آف گیم ایجاد ہوں۔
امریکی صدر ٹرمپ کے طوفانی اقدامات نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ہر جگہ تجزیہ کار، ماہرین تجزیہ کر رہے ہیں کہ ٹرمپ کی دنیا میں کون بچے گا اور کون مصیبت کا شکار ہوجائے گا؟ یہ بھی سوچااور کہا جارہا ہے کہ لانگ ٹرم کا تو پتا نہیں، شارٹ ٹرم پر خود امریکی عوام کے لیے بہت سی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، افراط زر بڑھ جائے گی، ان کی قوت خرید پر بھی اثر پڑے گا اور اگر روزمرہ استعمال کی اشیا مہنگی ہوئیں تو پھر اس سے بھی امریکی عوام کے لائف سٹائل پر فرق پڑے گا۔
کچھ لوگ ممکن ہے اسے ٹرمپ کی اندھا دھند پالیسی قرار دیں، مگر شاید ایسا نہیں ہے۔ یہ ایک باقاعدہ سوچی سمجھی امریکی پالیسی ہے، ادارہ جاتی پالیسی جس کا ایک مقصد اور ٹارگٹ ہے۔ البتہ اسے جس بھونڈے طریقے اور عجلت کے انداز میں کیا گیا ہے، اس سے زیادہ مسائل پیدا ہوئے۔
یہ سب وہی ہے جو امریکا نے ایک زمانے میں سوویت یونین کے ساتھ کیا تھا۔ وہ بھی طاقت کی جنگ تھی اورآج جو ہو رہا ہے وہ بھی جنگ کا ایک اور فیز، ایک اور انداز ہے۔ 50 اور 60 کے عشرے میں امریکا نے مغربی دنیا کو ساتھ ملا کر کمیونسٹ سوویت یونین کے خلاف محاذ بنایا، چین تب سوویت یونین کے ساتھ تھا تو چین بھی سوویت یونین (روس ) کے ساتھ ہی رگڑا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ٹیرف بم
60 کے عشرے میں جب سوویت یونین کا چین کے ساتھ اختلاف ہوا، روسی ماہرین چین چھوڑ کر چلے گئے، چینیوں کو اپنے طور پر سب کچھ کرنا پڑا، نیوکلیئر ہتھیاروں سے لے کر انڈسٹری وغیرہ تک۔ تب امریکی ماہرین نے سوچا کہ چین کو سوویت یونین سے الگ کر کے انگیج کیا جائے۔
امریکا کے لیجنڈری وزیرخارجہ ہنری کسنجر بھی یہی سوچتے تھے۔ چین کے ساتھ خفیہ سفارت کاری کا ڈول ڈالا گیا۔ پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا اور یوں امریکا نے چین کو تسلیم کر لیا۔ انگیجمنٹ شروع ہوگئی۔ تب چین اپنے پرانے سوشلسٹ ماڈل ہی پر چل رہا تھا تو مغربی دنیا کے ساتھ اس طرح مکس نہ ہوسکا۔ پھر جب جدید چین کے بانی ڈینگ ژیاؤ پنگ نے اپنی معاشی اصلاحات شروع کیں، بتدریج نجی ملکیت کی راہ ہموار کی گئی، چین میں خوشحالی آنے لگی تو فرق مٹتا گیا۔ نائن الیون کے بعد کی دنیا میں چین ڈبلیو ٹی او کا حصہ بنا اور تب مغرب نے چین کو اپنے جدید معاشی نظام کا حصہ مان لیا۔ چین میں خوشحال اور دولت مندہ طبقہ پیدا ہوا، بڑے بزنس مین پیدا ہونے لگے۔ تب ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ چین ایک نئی معاشی طاقت بن رہا ہے اور ممکن ہے آگے جا کر معاشی سپر پاور بن جائے۔ چینی قیادت نے مگر تب عقلمندی کی کہ خود کو مغرب کا مخالف بنانے کے بجائے ان کے لیے معاون اور سہولت کار بن گیا، کسی بھی قسم کے تنازع اور تصادم سے دور رہا۔ جوڑ توڑ اور افریقہ سمیت دیگر براعظموں میں اپنی انویسٹمنٹ کی وہ کوششیں بھی تب نہیں کی تھیں جو برسوں بعد میں کیں۔ مغربی کمپینوں نے چین کو اپنی بڑی منڈی سمجھا، وہاں کی سستی اور اسکلڈ لیبر اور دیگر ارزاں سہولتوں کا فائدہ اٹھا کر دیو ہیکل امریکی اور یورپی کمپنیاں دھڑا دھڑ چین پہنچ گئیں۔ ادھر چین نے امریکی ٹرژری بلز میں کئی سو ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ کر کے بھی اپنی افادیت ثابت کی۔ یوں مغرب کے جدید معاشی نظام کا فائدہ اٹھا کر چینی قیادت نے اپنی ملک کو ایک بڑی معاشی طاقت بنا ڈالا۔ چین نے خود کو ایسا بنا لیا کہ اگر اسے گرانے کی کوشش کی جائے تو امریکا بھی بری طرح متاثر ہو۔ اسی وجہ سے مختلف امریکی صدور چاہنے کے باوجود چین کے خلاف آل آؤٹ وار پر نہ جا سکے۔ اس دیوانگی کے لیے دراصل ٹرمپ جیسا غیر محتاط اور سب کچھ کر گزرنے والا شخص ہی درکار تھا۔ چین اور دنیا کی بدقسمتی کہ وہ شخص نہ صرف امریکی صدر بن گیا بلکہ اسے طاقتور ترین صدر کی حیثیت بھی حاصل ہوگئی۔
مزید پڑھیے: افغان طالبان پاکستان کے مخالف کیوں؟
ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک پروفیسر پروفیسر ہنٹنگٹن نے سنہ 1997 میں کتاب لکھ دی تھی کہ آخر کار مغربی تہذیب کے مقابلے میں چینی تہذیب ہی کھڑی ہوگی اور تب اسے مسلم ممالک کی سپورٹ حاصل ہو گی جبکہ انڈین اور جاپانی تہذیبیں تب مغرب کے ساتھ ہوں گی۔ آج نقشہ کم وبیش ویسا ہی ہے ، سوائے اس کے مسلم ممالک یا مسلم امہ تین میں ہے نہ تیرہ میں۔ اس کے کسی کیمپ میں ہونے، نہ ہونے سے کچھ فرق ہی نہیں پڑ رہا۔ جاپان اور انڈیا وہیں کھڑے ہیں جہاں پروفیسر ہنٹنگٹن کا اندازہ تھا۔
ایک اور امریکی پروفیسر فرانسس فوکویاما نے سنہ 1992 میں کتاب لکھی تھی، اینڈ آف ہسٹری اینڈ لاسٹ مین۔ فوکویاما کا کہنا تھا کہ سوویت یونین کے ٹوٹ جانے سے دنیا میں نظریات اور تہذیبوں کا ٹکراؤ ایک طرح سے ختم ہوگیا ہے۔ اب دنیا کے پاس لبرل ڈیموکریسی ہی واحد آپشن بچی ہے، اس کے سوا اور کچھ بھی نہیں۔ اس لیے یہ اینڈ آف ہسٹری ہے۔ فوکو یاما کو اندازہ نہیں ہوگا کہ چین آگے جا کر لبرل ڈیموکریسی سے کنارہ کشی کرتے ہوئے اپنا ہی ایک یونیک سا ماڈل پیش کرے گا اور اسے چلا کر بھی دکھا دے گا۔
معذرت کے بحث تھوڑی مشکل، تھوڑی علمی ہوگئی، مگر یہ ضروری تھا۔ بتانے کا مقصد یہ تھا کہ امریکا نے اب یہ فیصلہ کر لیا ہےکہ چین کو ماڈرن معاشی نظام سے باہر کر کے اس کی معاشی قوت کو گھٹایا جائے اور کینڈے میں لانے کی کوشش کی جائے۔ ٹرمپ کا اصل ٹارگٹ چین ہی تھا، یہ تو اب مزید واضح ہوگیا ہے جب باقی ممالک کا ٹیرف 3 ماہ کے لیے ملتوی کر کے چین پر مزید ٹیرف لگا دیے گئے ہیں۔
چین نے بھی خم ٹھونک کر مقابلے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ بھی جوابی ٹیرف بڑھاتا جا رہا ہے اور بقول صدر ٹرمپ چین امریکا کی عزت نہیں کر رہا۔ لگتا ہے چینی یک طرفہ عزت دینے کے قائل نہیں۔ وہ سوچتے ہوں گے کہ اگر ٹرمپ نے عزت کرانی ہے تو پھر اسے ہماری عزت بھی کرنی چاہیے۔
یہ وہ سوچ ہے جو کسی بھی عزت دار آدمی یا ملک کی ہوسکتی ہے۔ مسئلہ صرف یہ ہے کہ عالمی تعلقات اور تجارتی جنگوں میں اخلاقیات اور ارفع اصولوں سے کہیں زیادہ یہ دیکھا جاتا ہے کہ کس کے پاس کتنے اچھے کارڈز ہیں اور وہ کتنی طاقت رکھتا ہے اور جنگ کس قدر طویل کرنے کی صلاحیت اور سکت رکھتا ہے۔
صدر ٹرمپ چین کے خلاف جس پلان پر عمل پیرا ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اس میں امریکی تھنک ٹینکس کی کتنی ِان پٹ شامل ہے؟کیا ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ میں اتنی صلاحیت اور فہم وفراست ہے کہ وہ چین کو ناک آوٹ کر سکے؟ یہ ایسا اہم سوال ہے جس کا جواب چینیوں سمیت دنیا کے بیشتر ممالک کے سفارتی ماہرین کھوج رہے ہیں۔
ایک فیکٹر جو اہم ہے وہ یہ کہ صدر ٹرمپ اور ان کے ساتھیوں کی اکثریت امریکا فرسٹ اور امریکا سپریم کے نعرے کی بھی علمبردار ہے۔ یہ لوگ بہت عرصے سے ٹیرف وار کی حمایت کر رہے ہیں۔
ان کے خیال میں امریکا کے بلند ترین تجارتی خسارے کے پیچھے امریکی اتحادیوں اور یورپی ممالک کا بڑا ہاتھ ہے۔ کینیڈا، میکسیکو کے حوالے سے بھی ان کے شدید تحفظات تھے۔ اسی وجہ سے انہوں نے صدر ٹرمپ کو چین کے خلاف محاذ جنگ کھولنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر پر ٹیرف لگا کر ایک تجارتی جنگ عظیم شروع کر دینے کی ترغیب دی۔ اس سے امریکی سٹاک مارکیٹ کو جو دھچکا لگا، جس قدر شدید ردعمل آیا، اس نے لگتا ہے صدر ٹرمپ کو یہ سبق سکھایا کہ ٹھنڈا کر کے کھانا چاہیے اور پہلے چین سے نمٹ لیا جائے، دنیا بھر کو ٹیرف لگا کر سبق بعد میں بھی سکھایا جا سکتا ہے۔ سردست 3 ماہ کے لیے یہ ملتوی کر دیا گیا، لیکن یہ مت سمجھئے کہ بلا ٹل گئی ۔ نہیں، ایسا نہیں ۔ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم جو سوچے بیٹھی ہے، اس پر عملدرآمد کرا کر چھوڑے گی۔ یہ البتہ ممکن ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں امریکا کہیں ٹیرف کم کر دے، کہیں چھوڑ دے اور کہیں رہنے دے۔
مزید پڑھیں: امریکا سکستھ جنریشن فائٹر طیارہ کیوں بنا رہا ہے؟
اصل جنگ امریکا اور چین کی ہے۔ یہ ابھی شروع ہوئی ہے۔ اس میں شدت آنی ہے۔ اصل مشکل امریکی کمپنیوں کے لیے پیدا ہوئی ہے جنہیں صدر ٹرمپ واپس امریکا آنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ چین صرف فیکٹریاں لگانے کی جگہ ہی نہیں تھی بلکہ وہ ایک بڑی مارکیٹ بھی ہے۔ چینی حکومت نے عقلمندی سے چین کے اندر مقامی طور پر ایک بڑی مارکیٹ پیدا کر لی ، خوشحال چینی طبقات اور طاقتور مڈل کلاس وہاں پیدا ہوچکی ہے جو امریکی اور یورپی اشیا کی خریدار ہے۔ امریکی کمپنیاں اگر چین چھوڑ کر امریکہ واپس جاتی ہیں تو پھر ان کی پراڈکٹ پر اتنا بڑا چینی ٹیرف لگ جائے گا کہ وہ چینی مارکیٹ میں فزیبل نہیں رہیں گی۔
ابھی تو جنگ شروع ہوئی ہے، پہلا راؤنڈ سمجھ لیں۔ دونوں اطراف سے بہت کچھ ہوگا۔ کچھ انتظار کر لیتے ہیں۔
مجھے لگ رہا ہے کہ تجارتی جنگ آگے جا کر کہیں نہ کہیں عسکری ٹکراؤ کی شکل بھی اختیار کرے گی۔ ڈائریکٹ نہ سہی، اِن ڈائریکٹ ہی سہی۔ امریکی ساختہ اور چینی ساختہ ہتھیاروں کی آزمائش بھی کئی جگہوں پر ہوگی۔ اس میں فتح یاب رہنے والا ملک ایڈوانٹیج لے گا۔
پاکستانی حکومت بڑی محتاط ہے۔ اس نے ٹرمپ کے ٹیرف پر کچھ بھی نہیں کہا اور مذاکرات کی آپشن اپنائی۔ یہ درست حکمت عملی ہے، مگر پاکستان کے لیے اس بار چین اور امریکہ میں بیلنس کرنا آسان نہیں۔ جب آگ بھڑکے گی تب واضح پوزیشن لینا پڑے گی۔
ہم اپنے عسکری معاملات کے لیے چین کی طرف ہی دیکھتے ہیں۔ ہمارا اصل حریف انڈیا امریکی اسٹریٹجک اتحادی بن چکا ہے، وہ اب امریکی ہتھیار بھی برتے گا۔ ہم جواب تب ہی دے سکتے ہیں، اگر ہمیں چینی پریمیئر ہتھیار(مثلا جے 20، جے 35 فائٹر طیارے) حاصل ہوپائیں۔ اس لیے ہمیں آخر کار چین کی طرف ہی کھڑا ہونا پڑے گا۔ تاہم جتنا وقت ہم لے سکتے ہیں، لینا چاہیے، ممکن ہے حالات کوئی اور رخ اختیار کر جائیں اور ہماری بچت ہوجائے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
نیچرل سائنسز میں گریجویشن، قانون کی تعلیم اور پھر کالم لکھنے کا شوق صحافت میں لے آیا۔ میگزین ایڈیٹر، کالم نگار ہونے کے ساتھ ساتھ 4 کتابوں کے مصنف ہیں۔ مختلف پلیٹ فارمز پر اب تک ان گنت تحریریں چھپ چکی ہیں۔
ٹیرف جنگ ٹیرف وار چین امریکا ٹیرف وار چین امریکا لڑائی