Jasarat News:
2025-02-03@03:01:37 GMT

رولنگ کا یہ حشر قبول نہیں

اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT

رولنگ کا یہ حشر قبول نہیں

سینیٹ‘ ہائوس آف فیڈریشن ہے اور اعلیٰ جمہوری آئینی ادارہ ہے لیکن کیا وجہ ہے کچھ دنوں سے چیئرمین سینیٹ اجلاس کی صدارت نہیں کر رہے، وجہ بھی سب کو معلوم ہے مگر سب خاموش ہیں۔ چیئرمین سینیٹ مخدوم یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد ہونے تک سینیٹ کے اجلاس کی صدارت سے انکار کردیا۔ انہوں نے اعجاز چودھری کو جیل سے لانے کے پروڈکشن آرڈرز دیے ہوئے ہیں مگر جیل انتظامیہ اس پر عمل درآمد نہیں کر رہی، جس پر چیئرمین سینیٹ نے گزشتہ روز احتجاجاً سینیٹ کی اجلاس کی صدارت نہیں کی۔ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی رولنگ اور آرڈرز قانونی حیثیت کے حامل اور حتمی ہوتے ہیں۔ حکومت ہی ان پر عمل نہیں کرتی تو یہ اس کے لیے کسی نیک نامی کا باعث نہیں ہو سکتا۔

سید یوسف رضا گیلانی ماضی میں بھی کئی مرتبہ اسی طرح کے جرأت مندانہ اقدامات کر چکے ہیں۔ 90ء کی دہائی میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات ذاتیات کی حد تک چلے گئے تھے۔ یوسف رضا گیلانی اسپیکر قومی اسمبلی تھے۔ اپنی کتاب ’’چاہ یوسف سے صدا‘‘ میں وہ لکھتے ہیں کہ مسلم لیگ نون کے اسیر ارکان قومی اسمبلی شیخ رشید احمد، شیخ طاہر رشید اور حاجی بوٹا کے پیپلز پارٹی کے وزراء کے مشورے کے بعد پروڈکشن آرڈرز جاری کیے گئے۔ بعد میں پارٹی نے انہیں پروڈکشن آرڈرز واپس لینے پر اصرار کیا۔ حتیٰ کہ وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے بھی ان آرڈرز کی واپسی کے لیے کہا۔ اس پر ان کی طرف سے انکار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ پروڈکشن آرڈرز واپس لینے کے بجائے اسپیکر کے عہدے سے استعفا دینا پسند کریں گے۔ ہمارے ہاں انسانیت کے لیے کام کرنے اور آئین پر عمل کرنے کو بھی کبھی کبھار جرم سمجھ لیا جاتا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کو قید کی سزا اس بنا پر سنا دی گئی کہ انہوں نے کئی لوگوں کو اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ملازمتیں دی تھیں۔ ان کو عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی بینچ کی طرف سے اس وقت نا اہل قرار دے دیا گیا جب انہوں نے بطور وزیراعظم سوئس حکام کو خط لکھنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ ایسا کرنا آئین کے خلاف ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق ان کو وزارت عظمیٰ سے بھی الگ ہونا پڑا تھا۔ اس میں کسی کو سرِ مو اختلاف نہیں ہے کہ پاکستان میں صرف آئین ہی سپریم ہے۔ اسی لیے یوسف رضا گیلانی نے اس وقت کی عدالت عظمیٰ کا غیر آئینی حکم ماننے کے بجائے آئین پر عمل کرنے کو ترجیح دی تھی۔ یہ ان کا جرأت مندانہ اور درست اقدام تھا۔ جس کو اسی عدالت عظمیٰ کی طرف سے ایک دہائی کے بعد جواز مانتے ہوئے ان کی نااہلیت کو ختم کر دیا۔ مگر اس وقت تک جو نقصان ہونا تھا وہ ہو چکا تھا۔ آج چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر چودھری اعجاز احمد کے جو پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں وہ آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔ حکومت ان پر عمل کر دیتی تو چیئرمین سینیٹ کو اجلاس کی صدارت سے انکار تک نہ جانا پڑتا۔ اب بھی حکومت معاملات سمیٹنے کی کوشش کرے۔ یوسف رضا گیلانی کے ماضی کا ریکارڈ یہی بتاتا ہے کہ ان کو اصولوں کے مقابلے میں عہدوں کی کبھی پروا نہیں رہی۔ حکومت چیئرمین سینیٹ کے جاری کردہ پروڈکشن آرڈرز کی خوشدلی سے تعمیل کرکے اپنا قد بھی اونچا کرسکتی ہے۔ یہی کہنا ہے کہ وجہ بھی سب کو معلوم ہے۔ مگر سب خاموش ہیں۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: یوسف رضا گیلانی اجلاس کی صدارت پروڈکشن ا رڈرز چیئرمین سینیٹ عدالت عظمی

پڑھیں:

چیئرمین سینیٹ کی آسٹریا کے وزیرِ خزانہ سے ملاقات

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ویانا میں آسٹریا کے وزیرِ خزانہ میگنس برونر سے ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو بڑھانے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریا کے درمیان روایتی طور پر مضبوط تعلقات کو مزید استوار کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ کی نیشنل کونسل آف آسٹریا کے صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نیشنل کونسل آف آسٹریا کے صدر ایچ ای والٹر روزن کرانز سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور آسٹریا کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید استوار کرنے کے لیے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے آسٹرین کمپنیوں کو پاکستان میں کان کنی، معدنیات، توانائی، آئی ٹی، دفاعی صنعت اور زراعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ملاقات میں پاکستان ریلوے کے انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبوں پر روشنی بھی ڈالی گئی۔

متعلقہ مضامین

  • افغانستان کے اثاثوں پر امریکہ کا دعویٰ قابلِ قبول نہیں ہے: طالبان
  • دوسرے صوبوں سے ججز لانا قبول نہیں ، اسلام آباد کے وکلاکا کل ہڑتال کا اعلان
  • چیف جسٹس نے عہدہ  قبول کرکے مایوس کیا، ہمارے چیف جسٹس منصور شاہ ہیں، حامد خان
  • چیف جسٹس نے عہدہ قبول کر کے بہت مایوس کیا، ہمارے چیف جسٹس منصور علی شاہ ہیں، حامد خان
  • چیئرمین سینیٹ کی آسٹریا کے وزیرِ خزانہ سے ملاقات
  • جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سید علی مردان شاہ گیلانی ،جنرل سیکرٹری عبدالکریم بلیدی نائب امیر ضلع بدین اللہ بچایوہالیپوٹہ خطاب کررہے ہیں
  • ویانا: پاکستان سے اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد چیئر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں قومی کونسل کے صدر والٹر روزن کر انز کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کر رہا ہے
  • امام مہدی کی شان میں گستاخی ناقابل قبول ہے، گلگت جلسے سے اہلسنت عمائدین کا خطاب
  • ویانا: یوسف رضا گیلانی کی آسٹریا کے وزیر خزانہ سے ملاقات