وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک و سابق ایم پی اے عبدالجبار خان نے یونین کونسل 131 کے چاروں وارڈوں کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا دورہ کیا اور وہاں کام کا جائزہ لینے کے علاوہ موقع پر ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ معیاری اور پائیدار کام کیا جائے۔ علاقے کے لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالجبار خان نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریب مزدور، کسان، ہاریوں، طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جماعت ہے جن کی قربانیوں کے طفیل آج ملک پر جمہوریت اور جمہوری ادارے مستحکم ہوئے ہیں، جمہوریت کی آبیاری کیلئے پیپلزپارٹی ، اس کی قیادت اور کارکنوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ قوتیں نہیں چاہتی کہ ملک میں جمہوریت مستحکم اور مضبوط ہو اور جمہوری اداروں کو فروغ ملے، لہٰذا وہ آئے دن سازشوں میں مصروف ہیں۔ لیکن پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنان سندھ سمیت ملک بھر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ، موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں حیدرآباد کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بے پناہ ترقیاتی کام کئے گئے ہیں ۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اراکین اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال
لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیر آباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے صوبے میں بہترین طرز حکمرانی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی دور کی یاد تازہ کر دی ہے۔
اراکین نے شفافیت اور میرٹ پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے اسے مثبت سیاسی روایت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ اسکیم سے کاشتکاروں کو آڑھتیوں سے نجات ملی، سستی کھاد وافر مقدار میں دستیاب ہے، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید برآں، صحت کے نظام کی بہتری، مفت ادویات کی فراہمی، گھر کی دہلیز پر علاج، ہونہار اسکالر شپ پروگرام اور صاف پنجاب مہم کو بھی سراہا گیا۔ اجتماعی شادیوں کے “دھی رانی پروگرام” کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی ہے۔
محمد نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں۔ الحمدللہ، عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور مریم نواز شریف کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔”
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں دستیاب ہے۔ انہوں نے راولپنڈی رنگ روڈ کو دسمبر تک مکمل کرنے اور راولپنڈی و گوجرانوالہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔