انگلینڈ کو شکست،بھارت نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
بھارت نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں انگلینڈ کو 150 رنز سے شکست دیکر سیریز4-1 سے جیت لی۔
ممبئی میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیتا اور پہلے بائولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔
بھارت نے مقررہ اوورزمیں 9 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔
بھارتی اننگز کی خاص بات ابھیشک شرما کی بلے بازی تھی،انہوں نے13چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 135 رنزبنائے۔
ابھیشک شرما ٹی 20 میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے بھارتی بیٹر بن گئے،اس کے علاوہ وہ ٹی 20میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھارتی بلے باز بھی بن گئے۔
انہوں نے اس میچ میں 2 وکٹیں بھی حاصل کیں ، شاندار بلے بازی اور گیند بازی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، جبکہ ورون چکر ورتی 14 وکٹیں لینے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بھارتی ٹیم فتح کے لیے منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئی
کراچی:بھارتی ٹیم فتح کیلیے منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئی، انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی 20 میں ’کنکشن‘ قانون کا ناجائز فائدہ اٹھالیا۔
بطور بیٹنگ آل راؤنڈر شیوم دوبے کے متبادل فاسٹ بولر ہریشت رانا کو میدان میں اتارا گیا، انگلش کپتان جوز بٹلر اور سابق کرکٹرز میزبان سائیڈ کی حرکت پر بھڑک اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے جمعے کو چوتھے ٹی 20 میں انگلینڈ کیخلاف 15 رنز سے فتح حاصل کر کے 5 میچز کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی،اس میچ میں میزبان پر کنکشن قانون کے ناجائز استعمال کا الزام بھی عائد ہوگیا۔
بھارتی اننگز کی آخری گیند پر شیوم دوبے رن آؤٹ ہوگئے، اس سے پچھلی گیند ان کے ہیلمٹ پر لگی تھی، انھوں نے 53 رنز بنائے، بعد ازاں بولنگ کے دوران بھارت نے بطور کنکشن متبادل ہریشت رانا کو میدان میں اتارا۔
انھوں نے اس سے قبل بھارت کی صرف 2 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کی تھی، اس طرح متبادل کی صورت میں ٹی 20 ڈیبیو کیا اور مہمان ٹیم کے اہم کھلاڑیوں لیام لیونگ اسٹن، جیکب بیتھل و جیمی اورٹن کو آؤٹ کیا۔
آئی سی سی قانون کے تحت سر پر چوٹ کھانے والے کھلاڑی کا متبادل بالکل ویسا ہی ہونا چاہیے جبکہ بھارت نے بیٹنگ آل راؤنڈر شیوم دوبے کی جگہ اسپیشلسٹ فاسٹ بولر ہریشت رانا کو میدان میں اتارا۔
میچ میں شکست کے بعد انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ یہ بالکل بھی کنکشن پلیئر کا ہو بہو متبادل نہیں تھا، کیا دوبے فاسٹ بولنگ کرنے لگے یا پھر ہریشت نے اپنی بیٹنگ بہت زیادہ بہتر بنالی ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہم سے متبادل کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی تھی، فیلڈ میں انھیں دیکھ کر امپائر سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ میچ ریفری نے اجازت دی، ہم اس بارے میں ریفری جواگل سری ناتھ سے پوچھیں گے۔
سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن اور مائیکل وان نے بھی ہریشت کو کھلانے پر تنقید کی۔ دوسری جانب بھارتی بولنگ کوچ مورنی مورکل نے کہاکہ میدان سے واپسی پر دوبے کا سر چکرا رہا تھا، ہم نے جس وقت ہریشت کو تیار ہونے کا کہا تب وہ ڈنر کررہے تھے مگر فوری طور پر میدان میں اترے اور اچھی کارکردگی پیش کی۔