کوئٹہ، صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس طلب، وزیراعظم کی شرکت متوقع
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ کل کوئٹہ میں بلوچستان کی امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوگا، جس میں اہم فیصلے ہونگے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کل کیا جائے گا۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے۔ صوبائی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ صوبے کی بگڑتی صورتحال سے متعلق حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ جس میں وفاقی و صوبائی حکومتیں اور عسکری قیادت شرکت کریں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اہم شخصیت کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ وزیراعظم بلوچستان کی امن و امان سے متعلق اہم سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کو بلوچستان کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر بریفننگ دی جائے گی جبکہ اجلاس میں صوبے میں قیام امن کے حوالے سے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بلوچستان کی سطحی اجلاس
پڑھیں:
کوئٹہ، تحریک بیداری کیجانب سے "حسین (ع) سب کا" کے عنوان سے محفل جشن منعقد
تقریب میں شہر کے معروف منقبت خوانوں نے نذرانہ عقیدت پیش کیا، جبکہ علمائے کرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اخوت و بھائی چارگی کی اہمیت پر زور دیا۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جشن ولادت امام حسین علیہ السلام کی مناسب سے "حسین (ع) سب کا" کے عنوان سے محفل جشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین سمیت عوام نے شرکت کی۔ تقریب میں شہر کے معروف منقبت خوانوں نے نذرانہ عقیدت پیش کیا، جبکہ علمائے کرام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اخوت و بھائی چارگی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع ہر مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ بعض عناصر نے ہمارے درمیان نفرتیں پیدا کیں اور ہمیں ایک دوسرے سے دور کرنے کی کوششیں کیں۔ ہمیں ان سازشوں کو ناکام بنا کر اتحاد بین المسلمین کو مضبوط کرنا ہوگا۔