فپواسا: سندھ کی جامعات میں 3 اور 4 فروری کو کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
کراچی: فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) نے سندھ کی تمام سرکاری جامعات میں 3 اور 4 فروری کو کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فپواسا کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ یہ فیصلہ سندھ اسمبلی میں جامعات سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف کیا گیا ہے، سندھ یونیورسٹیز ایکٹ میں بغیر کسی مشاورت کے یک طرفہ ترامیم کی گئی ہیں، جو کہ جامعات کی خودمختاری کے خاتمے اور تعلیمی اقدار کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز سندھ اسمبلی نے جامعات میں تقرریوں سے متعلق ترمیمی بل منظور کیا تھا، جس کے تحت اب وائس چانسلر کے عہدے پر بیوروکریٹس بھی تعینات ہوسکیں گے، اس بل کے بعد وائس چانسلر کے امیدوار کے لیے پی ایچ ڈی کی شرط ختم کردی گئی ہے اور اب ایم اے پاس شخص بھی اس عہدے پر فائز ہوسکے گا۔
خیال رہے کہ سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے اس ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی، جماعت اسلامی نےفپواسا کے فیصلے کی حمایت جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
میئر کراچی اور گورنر سندھ کا شہر کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنیکا اعلان
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی ترقی کرے، میں پہلے ہی فنڈز ریلیز کروانے کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھ چکا ہوں۔ اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہر کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میرا اور گورنر کا مقصد شہر کی بہتری ہے، مل کر کام کریں گے۔ مرتضٰی وہاب نے کہا کہ گورنر سندھ سے ذاتی تعلق ہے، انہیں کراچی کے منصوبوں سے آگاہ کیا ہے، انہوں نے شہر کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈز دلوانے کا کہا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اچھا کام کر رہے ہیں، ان سے تعاون جاری رکھیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی ترقی کرے، میں پہلے ہی فنڈز ریلیز کروانے کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھ چکا ہوں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ گورنر سندھ وفاقی حکومت سے فنڈز لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔