بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے عالمی ڈرگ گینگ کے 9ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے عالمی ڈرگ گینگ کے 9ملزمان گرفتار WhatsAppFacebookTwitter 0 2 February, 2025 سب نیوز
لاہور(سب نیوز)لاہور ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے ڈرگ گینگ کے 9ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایت پر اینٹی نارکوٹکس فورس ٹیم کی کاوشوں سے خاندان کے 5افراد واپس وطن آگئے۔محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ پر خاندان کے افراد سے ملاقات کی، اس موقع ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں، بے گناہ خاندان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کرکے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا جب کہ سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو خصوصی ایوارڈز دیں گے، ٹیم نے انتہائی محنت سے کیس لڑا، اس طرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا، ملک میں منشیات خاتمہ کرنے کے لیے اے این ایف کو وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے مرغزار کالونی کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز کے ساتھ 23 دسمبر میں سعودی عرب گئیں، ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔بعد ازاں، فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو 30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا، اے این ایف نے کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا۔
اے این ایف نے ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا اور انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جب کہ اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔
ذریعہ: Daily Sub News
کلیدی لفظ: بے گناہ خاندان کو ڈرگ گینگ کے
پڑھیں:
کراچی: لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کا 5 رکنی گینگ گرفتار
سرجانی ٹاؤن پولیس نے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کے 5 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے 2 مختلف کاروائیوں میں 5 رکنی ڈکیت گینگ اور کلینک میں ڈکیتی کرنے والے لنگڑے ڈاکو کو بھی گرفتار کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تھانے سرجانی ٹاؤن پولیس نے تیسر ٹاؤن سیکٹر 51 میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں کے 5 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او سرجانی غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت کامران ولد محمد عالم، محمد اسد ولد بیت اللہ، عبدالرحمٰن ولد محمد لائق، سفیان ولد محمد ندیم اور محمد جابر ولد محمد طارق کے نام سے کی گئی جبکہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول ، گولیاں ، چھینے گئے موبائل فونز ، نقدی اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
گرفتار ڈاکوؤں کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے نیو کراچی گیس سلنڈر کی دکان پر واردات کی تھی ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والی دونوں موٹر سائیکلیں عوامی کالونی اور سائٹ بی تھانے کی حدود سے چوری کی گئی تھیں اور ان کے مقدمات بھی درج ہیں ۔
گرفتار ڈاکوؤں کے 5 رکنی گروہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثناء ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تھانے پاکستان بازار پولیس نے کلینک میں لوٹ مار کی واردات میں ملوث لنگڑے ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت نے گزشتہ ماہ 28 جنوری کو ساتھی کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں قائم امین کلینک میں گھس کر لوٹ مار کی واردات کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں پینٹ شرٹ پہنے اسلحہ تھامے ہوئے ایک ڈکیت لنگڑا کر چلتے ہوئے دکھائی دیا تھا۔
اس فوٹیج کی مدد سے پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران واردات میں ملوث ڈکیت محمد حسان ولد محمد الیاس کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے اسلحہ ، گولیاں ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی ہے جو کہ اقبال مارکیٹ تھانے سے چوری کی گئی تھی۔
عنایت مروت نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت پولیو کا شکار ہے جبکہ وہ نشہ پورا کرنے کے لیے موٹر سائیکلیں بھی چوری کر کے پاک کالونی میں لیجا کر فروکت کرتا ہے جبک گرفتار ڈاکو نے شہر کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے فروخت کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے ، پولیس کلینک کی واردات میں شامل دوسرے ڈاکو کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔