8 فروری کو کچھ نیا نہیں ہوگا، پرامن احتجاج ہوگا، شیخ وقاص اکرم
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 8 فروری کو کچھ نیا نہیں ہوگا بلکہ پر امن مگر گرینڈ احتجاج ہوگا۔
ایک نجی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشنز کو ایک سال مکمل ہونے پر 8 فروری کو صوابی میں جلسہ ہوگا جس میں پورے صوبے سے ورکرز شریک ہوں گے، باقی صوبوں کے لوگ اپنے اپنے شہروں میں نکل کر احتجاج کریں گے، احتجاج ہمارا بنیادی حق ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ جنید اکبر صوبائی صدر ہیں، میں ان سے بصد احترام اتفاق نہیں کرسکتا کہ پی ٹی آئی میں نرم گوشہ رکھنے والے لوگ تھے اور اب سخت گیر موقف رکھنے والےلوگ سامنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ورکرز کو جتنی مار پڑی ہے وہ سب کے سب سخت گیر ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں کوئی بھی ورکر نرم گوشہ نہیں رکھتا، سارے مجاہد ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی طرف سے چیف جسٹس اور صدر مملکت کو لکھے گئے خط پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ججز نے جو خط لکھا ہے وہ بالکل جائز ہے، چیف جسٹس کو اس معاملے کو دیکھنا چاہیے ورنہ یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔
مزیدپڑھیں:پاکستان میں ایک ارب روپے کی گاڑی نے دھوم مچا دی
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: شیخ وقاص اکرم
پڑھیں:
فلسطینیوں کو غزہ سے نکالنا نسل کشی ہوگا، انتونیو گوتریس
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے نکالنا ان کی نسل کشی کے مترادف ہوگا۔عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی جاری رہنی چاہیے،غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے اخراجات اور مدت کا تخمینہ لگانا انتہائی مشکل ہے، سب سے اہم ٹاسک رفح سرحدی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا ہے۔انتونیو گوتریس نے کہاکہ فلسطینیوں کو نکالنے کی کوشش سے 2ریاستی حل کا منصوبہ ناکام ہوجائے گا۔دوسری جانب غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی کے امریکی صدر کے بیان پر مصری شہریوں نے رفح سرحدی کراسنگ کے قریب احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی دیگر ممالک میں زبردستی آبادکاری کے امریکی صدرکے بیان کومسترد کرتے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل 2ریاستی حل ہے، فلسطینی عوام کو اپنی ہی سرزمین سے نکالنے سے خطے میں مزید کشیدگی پھیلے گی۔