Nai Baat:
2025-02-02@07:49:39 GMT

خالی ہاتھ

اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT

خالی ہاتھ

میّت نہلانے والی خاتون نے خالہ جان کی ناک میں پہنی ہوئی چھوٹی سی طلائی لونگ اتارنے کی اجازت چاہی۔اجازت ملنے پر انہوں نے خالہ جان کے بے جان جسم سے بہت احتیاط کے ساتھ طلائی لونگ اتار کر میرے حوالے کی۔یہ لونگ خالہ جان کے ورثا کی امانت تھی ۔لونگ ان کے حوالے کرنے کے لئے بہت احتیاط کے ساتھ پرس میں رکھ لی۔ وہ ہسپتال میں داخل تھیں اس لئے انہوں نے کوئی اور زیور نہیں پہنا ہوا تھا۔ گردے ناکارہ ہونے کے باعث وہ طویل عرصے سے ڈائیلاسس کرا رہی تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے ان کی زندگی کی ساعتیں پوری ہو چکی تھیں۔ صبح ہسپتال میں ہی انہوں نے داعی ٔ اجل کو لبیک کہا۔ ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق انہیں گھر لے جانے کی بجائے میت خانے میں غسل دے کر جنازے میں دوسرے شہروں سے آنے والے عزیزوں کے انتظار میں سردخانے میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میت نہلانے والی خاتون اور بہن کے ساتھ مل کر خالہ جان کو غسل دیا۔ انہیں کفن پہنا کر سفر آخرت کیلئے تیار کیا۔ میت خانے میں خواتین کی میتوں کو وہاں متعین خاتون میت کے ساتھ آنے والی خواتین کے ساتھ مل کر میت کو غسل دیتی ہیں جس کا معاوضہ مقرر ہوتا ہے۔ جنازے کا وقت عصر کی نماز کے بعد تھا۔ خالہ جان کی میت کو دکھے دل کے ساتھ سرد خانے کے انچارج کے حوالے کیا۔ اپنے عزیزوں کو سفر آخرت کے لئے غسل دے کر تیار کرنا بہت مشکل اورصبر آزما کام ہے۔ ہمیشہ کی جدائی کا احساس بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ زندگی بہت ہی مختصر ہے۔کوئی دنیا میں آنے سے پہلے ‘کوئی اچانک طویل علالت کے بعد اور کوئی کسی حادثے میں اس دنیا سے رخصت ہو جاتا ہے۔موت اٹل حقیقت ہے جس کا سامنا ہر ذی روح کو کرنا ہے۔ دنیا عارضی اور آخرت ہمیشہ کی ہے۔موت زندگی کا اختتام نہیں بلکہ یوم حشر تک ایک نئی زندگی کا آغاز ہے۔بڑے بڑے محلات‘ کوٹھیوں اور چھوٹے چھوٹے کچے مکانوں میں رہنے والوں نے دنیا کی عارضی زندگی گزار کر یوم حشر تک مٹی تلے قبر میں ہی رہنا ہے۔اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں کے لئے قبر میں جنت کی کھڑکی کھول دی جاتی ہے اور نافرمانوں کو جہنم دکھائی جاتی ہے ۔

کل نفس ذائقۃ الموت،ہر ذی روح کو موت کا مزہ چکھنا ہے(القرآن)
خالہ جان گائنی کی ماہر اور معروف ڈاکٹر تھیں۔ دکھ درد میں ہر ایک کے کام آتیں‘ضرورت مندوں سے انہوں نے کبھی فیس نہیں لی تھی نہ ہی بھاری فیس لینے کے لئے نارمل زچگی کی بجائے کبھی سی سیکشن( آپریشن) کیا تھا۔آج کل یہ شکایات عام ہیں کہ بعض نجی کلینکوں میں ان زچہ خواتین کے بھی سی سیکشن کر دئیے جاتے ہیںجن کی زچگی نارمل ہو سکتی ہے۔ نچلے اور متوسط طبقے کے لئے اس بلاضرورت آپریشن کی بھاری فیس ادا کرنا انتہائی مشکل ہو تا ہے لیکن زچہ اور بچے کی زندگی کے لئے ڈاکٹر کی بھاری فیس ادا کرنا ان کی مجبوری بن جاتی ہے۔بعض لالچی اور مفاد پرست ڈاکٹربھاری فیس وصول کرنے کے لئے حاملہ عورتوں کے ذہن میں یہ بات ڈال دیتی ہیں کہ سی سیکشن سے بچے آسانی کے ساتھ پیدا ہو جاتے ہیں۔

خالہ جان سے جدائی اورزندگی کی بے ثباتی کا سوچ سوچ کر میت خانے سے گھر تک کا سفر بہت مشکل تھا۔جانے والے چلے جاتے ہیں اور معمولات زندگی جاری رہتے ہیں۔سڑک پر ٹریفک اور اطراف میںزندگی معمول کے مطابق رواں دواں تھی۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور ذاتی گاڑیوں میں لوگ اپنے دفاترکے لئے جا رہے تھے۔ سکولوں کی گاڑیاں بچوں کو سکول چھوڑ کر واپس جا رہی تھیں۔ بس سٹاپوں پر حضرات اور خواتین دفاتر جانے کے لئے کھڑے ہوئے تھے۔ سبزی اور پھل فروش ریڑھیوں پر سبزیاں اور پھل بیچ رہے تھے۔ صبح سویرے کاروبار شروع کرنے والے صبح کاروبار شروع کرنے کی برکتیں سمیٹ رہے تھے۔ ہمارے ہاں بازار اور شاپنگ مالزدوپہر بارہ یاایک بجے کھلنے کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ بازار اور شاپنگ مال رات گئے تک کھلے رہتے ہیںجس سے بجلی کا زیاں بھی ہوتا ہے۔ ریلوے لائن کے اطراف رہنے والے خانہ بدوش پیشہ ور گداگر اپنے بچوں اور گداگری کے سازو سامان کے ساتھ سڑکوں اور ٹریفک سگنلز پر آچکے تھے۔ ان کے ٹھیکیدار انہیں مخصوص مقامات پر چھوڑ جاتے ہیں۔ یہ ہر روز وہیں کھڑے ہو کر بھیک مانگتے ہیں۔ رات کو ٹھیکیدار ہر گداگر سے اپنا حصہ وصول کرتا ہے۔ لوگ سفید پوش ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے کی بجائے گھروں، سڑکوں، سگنلز، بسوں وغیرہ میںمانگنے والے ہٹّے کٹّے پیشہ ور گداگروں کی مددکر تے ہیں جس کے باعث گداگری منافع بخش پیشہ بن چکا ہے۔

اطراف کا جائزہ لینے کے علاوہ خالہ جان کے ساتھ گزرا ہوا زندگی کا ہر لمحہ یاد آ رہا تھا۔مرحومہ میری سب سے چھوٹی خالہ تھیں۔صبح سرکاری ہسپتال میں ملازمت اور دوپہر کو اپنی کلینک کرتی تھیں۔ہسپتال جانے سے پہلے اور شام کو گھر آ کر امور خانہ داری بھی خوب سنبھالتیں ۔اس زمانے میں موبائل فون نہ ہونے کے باعث خواتین تعمیری کاموں میں وقت کا صحیح استعمال کیا کرتی تھیں۔ سلائی کڑھائی کی بھی ماہر تھیں‘ہم چھوٹی بھانجیوں کی پسند کے مطابق انہیں عید کے کپڑے سی کر دیتیں۔ عید کے لئے چوڑیاں، ہار، انگوٹھی اور ٹاپس وغیرہ دلوانے اپنے ساتھ بازار لے جاتیں۔ اس زمانے میں بہت کم دکانوں پر’’ فکس پرائس‘‘ کے بورڈ لگے ہوتے تھے۔خواتین دکانداروں سے قیمتیں کم کرایا کرتی تھیں اور وہ مناسب کمی بھی کر دیتے تھے۔ اس طرح انہوں نے ہمیں خریداری کرنے کے طریقے سکھائے۔ وہ اپنی آخرت سنوارنے کی بھی بہت فکر کیا کرتی تھیں۔ قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھ کر اس پر عمل کرنے کی کوشش کرتیں۔ اکثر کہتی تھیں کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں عورت کو پردہ کرنے کا حکم دیا ہے اسی لئے میں پردہ کرتی ہوں، انسان دنیا سے خالی ہاتھ اللہ تعالیٰ کے پاس جائے گاصرف اس کے اعمال ہی ساتھ جائیں گے۔ اس لئے دنیا کی کامیابی سے زیادہ آخرت کی کامیابی کی فکر کرنی چاہیے۔ واقعی انسان دنیا سے خالی ہاتھ ہی واپس جاتا ہے۔ صرف اس کے اچھے اور برے اعمال اس کے ساتھ جاتے ہیں۔ مکانات، کپڑے، زیورات، آسائش کا سامان، آرائشی اشیا، تعلیمی ڈگریاں، مستقبل کے لئے پس انداز کی ہوئی رقم، جاں نثار کرنے والے والدین، بہن بھائی اور دیگر رشتے داروں میں سے کوئی بھی تو ساتھ نہیں جاتا۔حشر والے دن بھی کوئی کسی کی فکر نہیں کرے گا۔ ہر ایک کو اپنی فکر ہو گی کہ دنیا میں اس نے جو اعمال کئے تھے ان کا آسان حساب لیا جائے۔جن کا نامہ ٔ اعمال دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا وہ جنت میں جانے والے خوش نصیب ہوں گے۔ سب کو اپنے جنت میں جانے کی خوش خبری سنا رہے ہوں گے۔گھر پہنچ کر خالہ جان کی طلائی لونگ خالو کے حوالے کرتے ہوئے بار بار یہ احساس ہو رہا تھا کہ انسان واقعی دنیا سے خالی ہاتھ صرف اپنے اعمال ساتھ لے کر جاتا ہے۔

.

ذریعہ: Nai Baat

کلیدی لفظ: اللہ تعالی کرتی تھیں انہوں نے خالہ جان جاتے ہیں کے ساتھ نے والے دنیا سے کے لئے

پڑھیں:

کبھی ہاں کبھی ناں

حکومت سے باہر رہتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کا بطور ایک سیاسی پارٹی بالعموم اور اس کے بانی چیئرمین مسٹر عمران خان کا بالخصوص کسی بھی معاملہ ، چاہے وہ ملکی مفاد کے کسی منصوبے سے متعلق ہو یا حکومتی پارٹی کی کو ئی سیاسی تدبیر، میں تعاون کرناایک انہونی سی بات نظر آتا تھا۔ پھر یہ لوگ جانے کیسے اور کس مصلحت یا منصوبہ بندی کے تحت حکومت سے مذاکرات پر راضی ہو گئے۔ ہمیں یا د ہے کہ یہی پی ٹی آئی اور یہی عمران خان موجودہ حکومت کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکاری تھے اور اپنی سیاست میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کو یکسر خارج از امکان قرار دیا کرتے تھے۔

ممکن ہے کہ ابتدا میں عمران خان کا خیال ہو کہ شائد وہ ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ یقینا انہوں نے اس سلسلہ میں سرتوڑ کوشش بھی ضرور کی ہو گی لیکن یہ تمام سوچیں اور کاوشیں بے سود ثابت ہوئیں۔ چار و ناچار انہوں نے حکومت کے ساتھ مذاکرات تو شروع کر لیے لیکن امید کہیں اور ہی باندھ رکھی اور پھر جب انہیں اس سلسلہ میں امید کی ایک ہلکی سی کرن نظر آئی تو انہوں نے سب سے پہلے جو کام کیا وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم کرنا تھا۔

داد دینی پڑے گی عمران خان کے طرز ندگی اور طرز سیاست کو کہ پورے اعتماد کے ساتھ یو ٹرن بھی لے لیتے ہیں اور پھر جھوٹا بھی اپنے مخالفین کو ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مذاکرات والے معاملہ میں بھی کچھ یوں ہی ہوا ۔ یعنی مذاکرات کی اگلی نشست کے لیے جو تاریخ باہمی رضا مندی سے طے ہوئی تھی اس سے قبل ہی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان بھی خود سے فرما دیا اور پھر اس تمام صورتحال کی ذمہ داری بھی حکومت پر ڈال دی۔

اب یہ تمام کاروائی مسٹر عمران خان کے اپنے ذہن کی پیداوار ہے یا پھر ان کے مشیران میں سے کسی نے ان کے کان میں پھونک ماری ہے یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے لیکن تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کا حکومت کے ساتھ مذاکرات کے سلسلہ کو ختم کرنا اتنا ہی احمقانہ فیصلہ ثابت ہو گا جتنا ان کا اسمبلیوں سے مستعفی ہونا یا پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں اپنی صوبائی حکومتیں ختم کرنا تھا۔
اس بات کا اندازہ لگانا بھی زیادہ مشکل نہیں کہ پی ٹی آئی کو عجلت میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ بند کرنے کی غلطی کا احساس ہو چکا ہے اور عین ممکن ہے کہ ان کے اندر اس سلسلہ میں ایک اور یو ٹرن لے کر مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ سے جوڑنے کی خواہش بھی پیدا ہو چکی ہو۔ پی ٹی آئی کے لیے تو کسی بھی بات پر یوٹرن لے لینا کوئی بڑی بات نہیں لیکن لگتا ہے کہ حکومت میں شامل جماعتوں کو بھی ان کے ساتھ ایک لمبا عرصہ تک معاملات چلانے کے بعد ان کو ڈیل کرنے کا طریقہ سمجھ میں آ چکا ہے۔ ممکن ہے کہ جب تک پی ٹی آئی والے ایک یو ٹرن فیصلہ کے تحت دوبارہ مذاکرات میں شامل ہونے پر رضا مندی کا اظہار کریں حکومتی جماعتیں اس سلسلہ میں نئے معیار اور قوائد و ضوابط طے کر چکی ہوں۔ اور ان کے ساتھ وہی کچھ ہو جائے جو اسمبلیوں سے استعفے دینے اور اپنی ہی دو صوبائی حکوتیں ختم کرنے کے نتیجہ میں ہو چکا ہے۔ یعنی کچھ حاصل حصول تو خیر کیا ہونا تھا جو ہاتھ میں تھا وہ بھی ضائع ہو گیا۔
اپنی تمام تر سیاسی حکمت عملی کی ناکامی کی صورت میں پی ٹی آئی کی طرف سے جو پلان بی پیش کیا جا رہا ہے اس میں بھی کچھ نیا نہیں۔ احتجاج ،سڑکیں بلاک کرنااور اسلام آباد پر چڑھائی جیسی کاروائیاں پہلے بھی بری طرح ناکام ہوئی ہیں اور اب تو شائد حکومت ایسی حرکتوں کو زیادہ مضبوط ہاتھوں کے ساتھ نمنٹنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پی ٹی آئی کا یہ بھی وطیرہ رہا ہے کہ جب بھی ملک میں کوئی اہم ایونٹ ہونا ہو یا کسی اہم غیر ملکی شخصیت کا دورہ شیڈول ہو یہ عین اس وقت پر اپنے احتجاجی پروگرام کا اعلان کر دیتے ہیں۔ سیاسی مخالفین تو اس قسم کے رویہ کو ملک کو بدنام کرنے کی ایک سازش قرار دیتے ہیں۔ لیکن اگر ایسا نہیں بھی ہے تو بھی اس بات میں تو کوئی دو رائے نہیں ہو سکتیں کہ یہ کوئی اچھا طرز عمل نہیں ہے۔

حکومت کے ساتھ مذاکرات ختم ہو جانے اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جھنڈی دکھائی جانے کے بعد اب پی ٹی آئی نے پاکستان میں منعقد ہونے والے کرکٹ کے اہم ایونٹ چیمینز ٹرافی کے موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے اب تک جس کامیابی سے ان کے احتجاجی سلسلوں کو ڈیل کیا ہے اس کی روشنی میںتو یہ بات پورے یقین کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ اس مرتبہ بھی اگر چیمپینز ٹرافی کے موقع پر کسی قسم کی ہلڑ بازی کی کوشش کی گئی تو اسے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور پی ٹی آئی کو اس مرتبہ بھی الزام تراشی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔

پی ٹی آئی اور اس کی اعلیٰ قیادت بشمول مسڑ عمران خان کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اداروں پر حملہ آور ہونے، گالی گلوچ کرنے ، دھمکیاں دینے اور الزامات لگانے جیسے ہتھکنڈے سیاسی مخالفین کے ساتھ تو چل سکتے ہیں لیکن اگر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ یہ طریقہ اختیار کرنے کی کوشش کی جائے تو اس کا ردعمل بہت سخت آتا ہے۔ انہیں الطاف بھائی اور میاں نواز شریف کی مثال کو بھی سامنے رکھنا چاہیے کہ ملک میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی حکومت تو بن گئی نواز شریف کا بھائی وزیر اعظم اور بیٹی پنجاب کی وزیر اعلیٰ بھی بن گئے لیکن میاں نواز شریف چوتھی بار وزیر اعظم بننے کی خواہش دل میں ہی لیے ہوئے جاتی عمرہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ الطاف بھائی بھی ملکی سیاست کا ایک قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔

عمران خان اور پی ٹی آئی اگر اب بھی ملکی سیاست میں کوئی اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے انہیں ماضی کی غلطیوں کی معافی مانگنی پڑے اور پھر مستقبل میں مثبت رویہ رکھنے کا وعدہ کرنا پڑے گا ورنہ جس رفتار سے ان کی مقبولیت کا گراف نیچے جا رہا ہے وہ دن دور نہیں جب یہ خیبر پختونخواہ کی ایک تیسرے درجے کی پارٹی بن کر رہ جائیں۔

متعلقہ مضامین

  • ٹرمپ انتظامیہ کا نیویارک ٹائمز سمیت 4 میڈیا اداروں کو پینٹاگون سے اپنے دفاتر خالی کرنے کا حکم
  • کبھی ہاں کبھی ناں
  • ٹک ٹاکر امشارحمان نےنازیباویڈیو زلیک پر بڑابیان جاری کردیا
  • خالی پلاٹ سے ملنے والی خاتون کی تشدد زدہ لاش کی شناخت تاحال نہ ہوسکی
  • فرانس نے افریقی ملک چاڈمیں آخری فوجی اڈا بھی خالی کردیا
  • حماس نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو غزہ خالی کرانے واپس جائیں گے ، نیتن یاہو کی دھمکی
  • ڈی ڈبلیو پی ٹیکنالوجیز نے ائی ٹی کی دنیا کا نام ور ڈیل پارٹنر ایوارڈ Dell Partner Awardجیت لیا
  • برطانوی اداکارہ میریان فیتھ فل 78 سال کی عمر میں چل بسیں
  • فلسطینی مزاحمت کا حیران کن منصوبہ (آخری حصہ)