کوئی بغیر وردی کے بلوچستان میں داخل ہو کر دکھائے: عمر ایوب
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ لوگوں کو ڈنڈے اور گولی کے زور پر نہ دبائیں، اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔لاہور عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے متنازع پیکا ایکٹ اور ڈیجیٹل نیشن بل کیلئے ووٹ دیا، ایسے متنازع قوانین پاس کرنے پر اس کو شرم آنی چاہیے، ہم نے سینیٹ اورقومی اسمبلی میں دونوں بلوں کی بھرپور مخالفت کی،یہ چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے نہ ہو، بلاول خود کو جمہوریت پسند کہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے ایکٹ کے لیے ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، بلوچستان میں حالات خراب ہیں، ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں، سرمایہ کاری کیسے آئے گی، بلوچستان کے 7 سے 8 اضلاع میں نہ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا جاتا ہے اور نہ ہی پرچم لہرایا جاتا ہے، کوئی بغیر وردی کے بلوچستان میں داخل ہو کر دکھائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ملک کی صورتحال 1971 کی طرف جاتی نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں، لوگوں کو گولی اور ڈنڈے کے زور پر نہ دبائیں، ہم آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھانے والوں پر سختی مت کریں ۔عمر ایوب نے کہا کہ پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوئوں کا مقابلہ نہیں کرسکتی، پی ٹی آئی کارکنان پر چڑھ دوڑتی ہے،بانی پی ٹی آئی سے ہماری میٹنگ بھی نہیں کرائی جا سکی۔انہوںڈنے کہا کہ پنجاب حکومت پی ٹی آئی کو مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، عالیہ حمزہ نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی اجازت لینے کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سیاسی قیدی ہیں اور حکومت اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے ہر کال پر لبیک کہیں گے،عمر ایوب
ہری پور: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف و سینئر رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لئے ہر کال پر لبیک کہیں گے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے۔عمر ایوب نے کہاکہ پی ٹی آئی جمہوری جماعت ہے، پارٹیوں میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، لیکن تحریک انصاف میں عمران خان کی ہر بات آخری ہوتی ہے، اور سارے اس پر لبیک کہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور پیپلزپارٹی نے سندھ کا پانی بیچ دیا ہے، جبکہ بلوچستان کے حالات بھی خراب ہیں اور اختر مینگل انصاف مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے خلاف ہر حربہ آزمایا گیا، ہم پر لاٹھی چارج کیا گیا، گولیاں برسائی گئیں لیکن ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا۔
ورکرز کنونشن میں صوبائی صدر پی ٹی آئی جنید اکبر، صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان سمیت صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہاکہ جس دن کارکنان قیادت کے بغیر نکلے سنبھالنا مشکل ہو جائےگا۔انہوں نے کہاکہ لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان کی ایک کال پر سڑکوں پر ہوں گے، اس وقت پارلیمنٹ سے لوگوں کا اعتبار اٹھ چکا ہے۔
جنید اکبر نے کہاکہ 16 بار عمران خان سے ملنے گیا لیکن نہیں ملنے دیا گیا، پارٹی قیادت کے خلاف مقدمات قائم کئے جارہے ہیں لیکن ہم اپنے مو¿قف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔