وزیر اعظم کی مذاکرات کی تازہ پیشکش!
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات اور بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صدق دل سے مذاکرات کے لیے تیار ہے کیونکہ ملک اس وقت انتشار کے سبب کسی مزید نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا مذاکرات کی اس پیشکش کے ساتھ وزیر اعظم نے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جو 2018ء اور 2024ء کے انتخابات کی تحقیقات اور 26 نومبر 2024ء اور 2014 ء کے تحریک انصاف کے دھرنوں کا بھی احاطہ کرے۔ جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے تحریک انصاف سے مذاکرات کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ان کی پیش کش قبول کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کے توسط سے کمیٹی کی تشکیل کے بعد بات چیت شروع کی، ساز گار ماحول دیا، کمیٹی نے کہا کہ مطالبات لکھ کر دیے جائیں جن کا جواب بھی تحریری دیا جانا تھا لیکن مقررہ تاریخ سے قبل ہی پی ٹی آئی مذاکرات سے بھاگ گئی، کمیٹی نے ان سے بیٹھ کر بات کرنے کی درخواست کی جو نہیں مانی گئی۔ 2018ء کے الیکشن کے بعد جب ہم کالی پٹیاں باندھ کر ایوان میں داخل ہوئے تو عمران نیازی نے کہا کہ وہ ہائوس کی کمیٹی بنا رہے ہیں، ان کی بنائی گئی کمیٹی کا ایک آدھ اجلاس ہوا اس کے بعد وہ دن گیا اور آج کا دن آ گیا ہے، یہ اپنے گریبان میں جھانکیں، انہوں نے جوڈیشل کمیشن نہیں ہائوس کی کمیٹی بنائی تھی لیکن اس کی کارروائی کو بھی آگے نہیں بڑھایا، وزیر اعظم نے پیش کش کی کہ پی ٹی آئی آئے ہم ہائوس کمیٹی کی کارروائی کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں، تاکہ ملک آگے بڑھے نہ کہ ان کے پھیلائے گئے انتشار کے ہاتھوں ملک کا نقصان ہو، ملک مزید کسی نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی ہے اور تحریک کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی بات چیت کی تازہ دعوت کے جواب میں کہا ہے کہ حکومت کے خلاف ہماری چارج شیٹ بہت طویل ہے، وزیر اعظم کی پیشکش کو قبول نہیں کیا جا سکتا کیونکہ یہ ہمارے مطالبات سے ہٹ کر ہے۔ ہم نے اپنے اسیران کی رہائی اور دو واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے، ہم نے مینڈیٹ کی تو ابھی بات بھی نہیں کی ہے، وزیر اعظم کی باتیں غیر متعلقہ ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ہائوس کمیٹی بنانا کوئی طریقہ نہیں ہے، کمیشن پر لوگوں کا اعتماد ہوتا ہے، ہائوس کمیٹی بنانے کی تجویز کوئی بہتر نہیں ہے، حکومت اگر مذاکرات پر سنجیدہ ہوتی تو کمیشن اب تک بن چکا ہوتا، ہماری قانون اور انصاف کی جنگ چل رہی ہے، جیسے بھی ممکن ہوا ہم قانون اور انصاف کے سامنے پیش ہوتے رہیں گے۔ پی ٹی آئی کا مذاکرات کا دروازہ کھولنے کا مقصد تھا کہ ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، ملک کو سیاسی بحرانوں سے نکالنے کے لیے ہم مذاکرات کے لیے راضی ہوئے، معاملات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے حکومت کی نیک نیتی شامل ہونی چاہیے۔مذاکرات اور مکالمہ جمہوریت کا حسن اور سیاسی عمل کا جزو لازم ہیں، فریقین کے مابین اختلافات، گلے، شکووں اور شکایات کا ازالہ باہم مل بیٹھ کر گفت گو ہی سے ممکن ہے، دو طرفہ مسائل کا حل بھی بات چیت کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے اور پیش رفت میں رکاوٹوں کو بھی گفت و شنید ہی کے راستہ سے دور کیا جا سکتا ہے یکطرفہ طور پر روٹھ کر بات چیت سے انکار کر دینا سیاسی طرز عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ترک تعلقات سے سیاسی کشیدگی اور محاذ آرائی میں اضافہ تو ہو سکتا ہے، مسائل کا حل تلاش نہیں کیا جا سکتا ملک میں کم و بیش اڑھائی سال پر محیط سیاسی تنائو اور احتجاجی سیاست کے بعد تحریک انصاف نے حکومت سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کی تو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے توسط سے دونوں جانب سے روابط کا سلسلہ آگے بڑھایا گیا، فریقین نے کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد مذاکرات کے تین ادوار بھی ہوئے اور سیاسی مبصرین مذاکرات میں مشکلات کے باوجود مثبت پیش رفت کی توقع کر رہے تھے کہ تحریک انصاف نے بانی عمران خاں کی ہدایات اور حکومت کی جانب سے نو مئی 2023ء اور 26 نومبر 2024ء کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن نہ بنائے جانے کو جواز بنا کر مزید مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا جب کہ دوسری جانب سے سلسلہ جاری رکھنے کا بار بار اعلان کیا جاتا رہا اور مذاکرات کے اگلے دور کے لیے پہلے سے طے شدہ 28 جنوری کی تاریخ پر حکومتی وفد اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس مذاکرات کے لیے مقرہ وقت پر موجود رہا مگر تحریک انصاف کا مذاکراتی وفد چونکہ پہلے ہی بات چیت معطل کرنے کا اعلان کر چکا تھا، چنانچہ 28 جنوری کے اجلاس میں وفد کا کوئی رکن اسپیکر کے طلب کردہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور شبلی فراز نے وزیر اعظم کی بات چیت کی تازہ پیشکش کو بھی بیک جنبش قلم مسترد کر دیا ہے جسے غیر سیاسی طرز عمل کے سوا کوئی نام نہیں دیا جا سکتا، انہیں اس پیشکش پر غور کے لیے وقت لینا چاہیے تھا اور پارٹی کے بانی چیئرمین اور دیگر اہم مرکزی قائدین سے مشاورت کے بعد کوئی رد عمل دینا چاہیے تھا۔ ان کی بات میں اس حد تک وزن ضرور ہے کہ تحریک انصاف کا مطالبہ عدالتی کمیشن کی تشکیل ہے جب کہ وزیر اعظم نے اس کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے اسی طرح اس کمیٹی کے دائرہ کار میں بھی تحریک انصاف کو کامیاب قرار دے کر اقتدار کے ایوان میں پہنچانے والے 2018ء کے انتخابات اور 26 نومبر 2024ء کے دھرنے کے علاوہ تحریک کے 2014ء کے ملکی تاریخ کے طویل ترین دھرنے کو بھی شامل کر دیا ہے جب کہ تحریک انصاف کے مطالبہ میں 26 نومبر کے علاوہ نو مئی 2023ء کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کا قیام اہمیت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنے جمعرات کے خطاب کے دوران پیش کی گئی تجویز میں نو مئی کے واقعات کا ذکر تک نہیں کیا۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں کی اس دلیل سے بھی اتفاق کیا جا سکتا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے مقابلہ میں عوام کو عدالتی کمیشن پر زیادہ اعتماد ہوتا ہے مگر اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ماضی میں بنائے گئے بہت سے عدالتی کمیشن بھی عوام کے اعتماد پر پورے نہیں اتر سکے، ان کی کارکردگی اور سفارشات بھی اعتراضات کی زد میں آتے رہے ہیں تاہم حکومت اور تحریک انصاف کو ایک دوسرے کے موقف پر جو بھی تحفظات اور اعتراضات ہوں ان کو دور کرنے اور فریقین کے لیے قابل قبول کسی درمیانی راستہ کی تلاش بہر حال بات چیت اور مذاکرات ہی کے ذریعے ممکن ہے اس لیے بہتر ہو گا کہ تحریک انصاف کی قیادت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مذاکرات اور پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی پیشکش پر از سر نو ٹھنڈے دل و دماغ سے غور کرے تاکہ ملک کو درپیش سیاسی بحران، محاذ آرائی اور کشیدگی کی فضا سے نجات مل سکے۔ اس صورت حال کا حل اگر افہام و تفہیم سے نہ نکالا گیا تو پہلے سے شدید سیاسی تقسیم مزید گہری ہو جائے گی جو ملک کی موجودہ ابتر سیاسی، معاشی اور معاشرتی صورت حال میں کسی طرح بھی قوم اور خود سیاسی جماعتوں کے مفاد میں نہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: پارلیمانی کمیٹی تحریک انصاف کے کہ تحریک انصاف عدالتی کمیشن وزیر اعظم کی کیا جا سکتا مذاکرات کے نہیں کیا کی تشکیل بات چیت سکتا ہے نہیں کی کہ ملک کے لیے کی پیش کی بات کے بعد کو بھی
پڑھیں:
پی ٹی آئی نے مذاکراتی عمل سےنکل کرغیرسیاسی سوچ کامظاہرہ کیا، عرفان صدیقی
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے مذاکراتی عمل سےنکل کرغیرسیاسی سوچ کامظاہرہ کیا،پی ٹی آئی نےمطالبات کےحوالےسےموقع ضائع کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ نے کہاکہ پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی پیشکش کو مسترد کرکے اپنا نقصان کیا ہے، پی ٹی آئی کے دھرنےاورلانگ مارچ انہیں منزل تک نہیں لےکرجائیں گے، پی ٹی آئی کا مذاکرات سے بھاگنا بہت بڑا نقصان ہے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن چیئرمین تحریک انصاف نے مذاکرات کی آفر کو رد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری حکومت کے خلاف چارج شیٹ بہت لمبی ہے، وزیراعظم کی آفرکوقبول نہیں۔