ٹنڈوجام ،6 کینال نکالنے کیخلاف لوک سبھا کی بھوک ہڑتال
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
ٹنڈو جام (نمائندہ جسارت) سندھ سبھا کے مرکزی رہنما شبیر سندھی کی قیادت میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف عبدالستار ایدھی چوک پر 2 روزہ بھوک ہڑتال شروع کردی گئی ہے۔ اس موقع پر شبیر سندھی، وقار انڑ، بختیار میر جت، اعجاز سراز اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ کے پانی پر پیپلز پارٹی سے مل کر وفاق ڈاکا مارنے کی سازش کر رہا ہے، 6 نئی نہریں نکال کر سندھ کی زمین بنجر بنانے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ کا قانون بھی اسی لیے بنایا گیا ہے کہ معاملے پر سندھ کی عوام کی آواز کو دبایا جاسکے، سندھ کے مفادات کے خلاف کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے کے بجائے غیر آئینی حکم نامے جاری کیے جا رہے ہیں، سندھ کی زرخیز زمینوں کو ’’گرین پاکستان‘‘ کے نام پر نجی کمپنیوں کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اور ان کے حامیوں نے صدرات کے بدلے سندھ کو بیچ دیا لیکن سندھ کے عوام نے ہمیشہ پُرامن جدوجہد کے ذریعے ہر سازش کو ناکام بنایا ہے اور ہم سندھ کو بنجر کرنے منصوبے کو پرامن جدوجہد کے ذریعے ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا سندھ اور دریا ہمارے لیے موت اور زندگی ہے، اس پر سمجھوتا نہیں کر سکتے اور اگر پیپلز پارٹی نے ہوش کے خون نہ لیے تو اس کے خلاف پورا سندھ بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائے گا اور اس سلسلے میں سندھ کے رہنے والوں سے رابطہ قائم کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ جب تک نئے کینالوں کی تعمیر کا منصوبہ ختم نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: سندھ کے
پڑھیں:
متنازع کینال منصوبہ، آئین میں صدر کو ایک کلومیٹر سڑک کی منظوری کا اختیار بھی نہیں ہے، شرجیل میمن
ٹنڈو جام: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر کے پاس ایک کلومیٹر سڑک کی منظوری دینے کا بھی اختیار نہیں ہے۔
ٹنڈوجام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالی گئیں تو پھر سندھ کے 7 کروڑ عوام پیاس سے مرجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی یہ کینالز کسی صورت بننے نہیں دے گی اور ہر فورم پر مزاحمت کرے گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کا بھروسہ پیپلزپارٹی پر ہے، آج کینالز کیخلاف ریلیاں نکالنے والوں نے کالا باغ کی حمایت میں ریلیاں نکالی تھیں اور وہ تمام ریکارڈ پر موجود ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کالا باغ ڈیم کے خلاف نکلی تھی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ پاکستان بچایا، آج بھی اُن کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا ہے، اگر کسی نے پاکستان کا قانون و آئین پڑھا ہے تو دیکھ لے صدر کے پاس کسی چیز کی منظوری کا اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صدر مملکت ایک کلومیٹر سڑک کی مںظوری بھی نہیں دے سکتے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا، بلاول نے غریب عوام کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، سیلاب میں جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے اُن کو گھر بناکر دیے گئے۔
جلسے میں شرجیل میمن نے اپیل کی کہ 18 اپریل کو حیدرآباد جلسے میں شرکت کریں اور اس معاملے پر پُرزور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ شرجیل میمن نے کینالز کے خلاف نعرے لگائے اور شرکا سے کہا کہ اتنی زور سے جواب دیں کہ اسلام آباد تک اس کی آواز سنائی دے۔
جلسے سے پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور، نثار کھوڑو سمیت دیگر نے خطاب کیا۔