میرپورماتھیلو میں پولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات مکمل
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
میرپور ماتھیلو (نمائندہ جسارت) ضلع کے 4 لاکھ 77 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے انتطامات مکمل، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی نے مہم کا افتتاح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی نے ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر 3 فروری سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا، پولیو واک میں شریک ہوئے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیو واک کا مقصد لوگوں میں آگاہی فراہم کرنا ہے، ضلع کے باشعور افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقوں میں پولیو وائرس کے خلاف لوگوں کو آگہی دیں، ہم سب کا مقصد پولیو سے پاک پاکستان ہے متعلقہ اداروں سمیت تمام شہریوں کا قومی فریضہ ہے کہ وہ پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں۔پولیو واک میں ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ آفتاب، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر نیاز اور یونیسیف کے ڈاکٹر رحیم گڈانی سمیت پولیو ورکرز نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
میرپور ماتھیلو: دریائے سندھ سے کینال نکالنے کیخلاف ریلی
میرپور ماتھیلو (جسارت نیوز) دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دیا گیا، سندھ دشمن منصوبہ کسی صورت قبول نہیں ہے، ڈاکٹر قادر مگسی۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے منصوبے کے خلاف ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، بھٹائی چوک پر احتجاج و مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے ایس ٹی پی چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری سندھ کے دشمن ہیں جنہوں نے پہلے لاکھوں ایکڑ زمین پر قبضہ کیا، اب سندھ کا پانی فروخت کر کے سندھ کو بنجر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو اس کی بھول ہے، حکومت لولی لنگڑی ہے، پیپلز پارٹی کے سہارے چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے والے منصوبے کے خلاف 24 فروری کو ایس ٹی پی کی جانب سے حیدر چوک حیدرآباد پر جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ حیدرآباد احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ اس موقع پر جام فتاح سمیجو، زاہد میرانی، علی نواز جلبانی، عاجز گبول و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے منصوبے کو سندھ کی عوام مسترد کرتے ہیں اور یہ کینال کسی صورت نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔