امریکا اور جاپان کے درمیان سربراہ اجلاس کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی وزیراعظم اشیبا شیگیرو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 7 فروری کو واشنگٹن میں پہلی سربراہ ملاقات کا اعلان کردیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق دونوں ممالک کے عہدے دار ملاقات کے حوالے سے رابطے میںہیں ۔ وزیراعظم اشیبا شیگیرو کا کہنا تھا کہ وہ جاپان امریکا اتحاد کو ایک نئی بلند سطح پر لے جانا چاہتے ہیں جو دونوں ممالک کے بہترین قومی مفاد میں ہو گا۔ اس ملاقات میں جاپان چین کی سرگرمیوں کے تناظر میں ہند بحرالکاہل خطے میں امن و استحکام کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دے گا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
وزیراعظم سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر کی ملاقات،اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر عزت مآب جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور چین کی قیادت، عوام اور پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں اقوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔
چینی سفیر نے وزیراعظم کے جذبات کو سراہتے ہوئے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کے تسلسل اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی، جس میں سی پیک اور دیگر مشترکہ منصوبوں کی پیش رفت پر غور کیا گیا۔