جھنگی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پھرناکام، پولیس کا بھرپور جواب
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
لاہور:
پنجاب کی سرحد پر قائم جھنگی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر حملے کی کوشش کی، جس کو پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا اور دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ خوارجی دہشت گردوں نے ایک بار پھر تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم جھنگی چوکی پر تعینات پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی اور فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان منج نے پولیس آپریشن کی قیادت کی اور ڈی پی او ڈی جی خان سید علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد حملہ آوروں کا بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس ٹیموں کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشت گردوں نے گزشتہ سال بھی یکم اور 2 مئی کی درمیانی شب اسی چوکی پر حملے کی ناکام کوشش کی تھی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیان میں کہا کہ گزشتہ دو سال میں پنجاب پولیس کی سرحدی چوکیوں پر خوارجی دہشت گردوں کا یہ حالیہ 18واں حملہ ناکام بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس الرٹ ہونے پر دہشت گرد مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے، دہشت گردوں کے حالیہ حملے میں جھنگی چوکی پر تعینات تمام اہلکار حملے میں محفوظ رہے۔
آئی جی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی ہدایت اور حکومتی فنڈ نگ سے جھنگی چیک پوسٹ کو مزید محفوظ بنایا گیا ہے اور جھنگی چوکی کو اضافی نفری، جدید آلات اور اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے جھنگی چوکی پر تعینات اہلکاروں کو دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی اور کہا کہ جھنگی پولیس پوسٹ پر تعینات تمام اہلکار محفوظ اور الرٹ، مورال بلند ہے، رات کی تاریکی میں حملے کی بزدلانہ حرکت پر آئندہ بھی دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی ملک و قوم کے دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خوارجی دہشت گردوں دہشت گردوں کا پنجاب پولیس پر تعینات چیک پوسٹ انہوں نے پوسٹ پر چوکی پر کہا کہ
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھلاچی میں انٹیلی جنس کی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اسلام ٹائمز۔ سیکیورٹی فورسز نے 30 اور 31 جنوری کو خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران 10 خوارجیوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس کی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اسی دوران شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں، دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں 4 مختلف جھڑپیں ہوئیں، ان میں سیکیورٹی فورسز نے 6 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تمام ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔