وزیراعظم کا ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے،پولیو کیسز میں کمی انسداد پولیو مہم کے موثر ہونے کی سند ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں کوآرڈینیٹر وزارت صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو انسدادِ پولیو مہم کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے پولیو کیسز کی بروقت شناخت اور ان میں حالیہ کمی کے لیے تمام صوبوں کی انتظامیہ کی تعریف کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ستمبر 2024 سے اب تک پولیو کیسز میں کمی انسداد پولیو مہم کے موثر ہونے کی سند ہے، پولیو کیسز میں منفی رجحان تمام صوبوں کی انتظامیہ کی انتھک محنت کی بدولت ممکن ہوا،وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تمام صوبوں میں انسداد پولیو مہم مکمل تحریک کے ساتھ جاری ہے، 2025 کے آغاز میں پولیو سے متاثرہ اضلاع خصوصا بلوچستان، سندھ اور جنوبی خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، آئی ٹی ڈیش بورڈ کے ذریعے پولیو مہم کے تمام پہلوئوں کی مستقل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: انسداد پولیو مہم پولیو کیسز میں پولیو مہم کے ملک سے پولیو
پڑھیں:
سندھ میں رواں سال پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف مقرر
کراچی:سندھ میں رواں سال پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف مقرر کردیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کو اس معذوری کا سبب بننے والی بیماری سے بچانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا،
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پولیو خاتمے کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس منعقد ہوا، جس میں 2025 تک پولیو وائرس کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو اس معذوری کا سبب بننے والی بیماری سے بچانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے آئندہ قومی حفاظتی ٹیکہ مہم کی تیاریوں کو حتمی شکل دی، جو 3 تا 9 فروری 2025 تک منعقد کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، سینئر سرکاری افسران، ای او سی سندھ کے صوبائی کوآرڈینیٹر ارشاد علی سوڈھر اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن (WHO)، یونیسیف، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندے موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ 2024 میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، سندھ میں 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے لاڑکانہ ڈویژن میں 8 ، کراچی ڈویژن میں 6، حیدرآباد ڈویژن میں 4، سکھر ڈویژن میں 2، شہید بینظیر آباد ڈویژن اور میرپورخاص ڈویژن میں ایک ایک کیس شامل ہیں، جس کے بعد انسداد پولیو مہم کو مزید شدت سے چلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی اہمیت پر زور دیا اور 10.6 ملین بچوں کو 1257 یونین کونسلز میں پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے اجلاس کو بتایا کہ 81000 سے زائد فرنٹ لائن ورکرزاورل پولیو ویکسین (او پی وی) مہم میں حصہ لیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ دسمبر 2024 کی پولیو مہم کے دوران شہر کراچی میں 21,78,328 گھروں یعنی 96 فیصد کو کور کیا گیا جبکہ 80,804 گھر رہ گئے جن میں سے 45,215 نے انکار کیا تھا۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو مقامی افراد کو پولیو مہم میں شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ انکار کے رجحان کو کم کیا جا سکے۔
صوبائی کوآرڈینیٹر ارشاد سوڈھر نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ حیدرآباد، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور سکھر میں 100 فیصد گھروں کو کور کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ کے ہائی رسک یونین کونسلز پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد پولیو قطرے پلانے سے انکار کے رجحان کو کم کرنا ہے۔ کراچی کی کچی آبادیوں میں انکاری کیسز کی تعداد 98 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام ضلع کمشنرز کو مہم کی نگرانی کے لیے ذاتی طور پر سرگرم ہونے کی ہدایت دی، تاکہ فیلڈ مانیٹرنگ، کمیونٹی انگیجمنٹ اور پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم کسی بھی بچے کو غیر محفوظ چھوڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے والدین، مذہبی رہنماؤں اور کمیونٹی سے انسداد پولیو مہم کی حمایت کی اپیل کی۔ آخر میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے 2025 تک پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول کے لیے اپنی مکمل وابستگی کا عہد کیا اور سندھ کے پولیو فری مستقبل کے عزم کو دوبارہ دہراتے ہوئے اجلاس کا اختتام کیا۔