Jasarat News:
2025-01-31@02:40:56 GMT

حقوق العباد اور مزاج کا اختلاف

اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT

بلاشبہہ حقوق العباد کی اہمیت ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ شرک کو چھوڑتے ہوئے بقیہ تمام بے احتیاطیوں کو اللہ سبحانہ تعالیٰ اپنے حوالے سے معاف فرما سکتا ہے، لیکن حقوق العباد کا تعلق چونکہ اس کے بندوں سے ہے اس لیے اپنے بندوں کا آقا و مالک ہونے کے باوجود وہ ان کے پامال کیے جانے کو اپنے دائرۂ اختیار سے خود خارج فرماتا ہے۔
حقوق العباد سے مراد وہ تمام حق ہیں جو قرآن و سنت سے ثابت ہیں، مثلاً جان، مال، عزت، شہرت کے تحفظ کا حق، کسی کے مال کو بغیر اس کی اجازت کے تصرف میں لانا، کسی کو اس کی موجودگی یا غیرموجودگی میں تضحیک کا نشانہ اس طرح بنانا کہ وہ اوروں کی نگاہ میں کم تر ہوجائے یا خود اسے اس سے تکلیف پہنچے۔ اس عمومی تعریف سے آگے بڑھتے ہوئے آپ نے خود جو تعریف متعین کی ہے وہ قابلِ غور ہے، یعنی ’’ہر ایک کو خوش کرنا‘‘۔ میری راے میں یہ کہنا درست نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا اور دوسروں کو راضی کرنے میں بنیادوں کو قرآن و حدیث نے واضح کردیا ہے، یعنی اللہ کی نافرمانی ہونے کی شکل میں کسی مخلوق کی فرماں برداری نہیں ہوگی۔ اگر شوہر، باپ، بھائی، ماں، بہن یا دیگر قریبی رشتے داروں کو خوش کرنے میں اللہ تعالیٰ اور رسولؐ کے احکام و ہدایات کی خلاف ورزی ہو تو ایسا کرنا جائز نہیں۔ ہاں، اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کے دائرے میں رہتے ہوئے ماں باپ کو شوہر کو یا بیوی کو خوش دیکھنے کے لیے کوئی کام کرنا عین شریعت کی پیروی ہے۔ یہاں یہ بات بھی سامنے رہے کہ جہاں تک ’خوش‘ کرنے کا تعلق ہے اسلام میں اس بات کی کوئی گنجایش نہیں ہے کہ خاتون تو ہر وقت شوہر، بھائی، ماں باپ کو خوش کرنے میں جان ہلکان کرتی رہے اور شوہر صرف ’خوش‘ ہوتا رہے۔ یہ عمل دونوں پر یکساں طور پر واقع ہوگا کیونکہ قرآن کریم نے دو ٹوک فیصلہ کردیا ہے کہ ’’عورتوں کے لیے بھی معروف طریقے پر ویسے ہی حقوق ہیں جیسے مردوں کے حقوق ان پر ہیں‘‘۔ (البقرہ: 228) یہ ایک معاشرتی نفسیاتی بھول ہے کہ عورت تو مرد کو ’خوش‘ کرنے کی پابند ہو لیکن مرد تمام حقوق سے آزاد!
اس جملۂ معترضہ سے قطع نظر یہ بات درست ہے کہ اسلام خاندان کو ایک بنیادی معاشرتی و تہذیبی اکائی قرار دیتا ہے۔ اگر اس اکائی کو خارج کردیا جائے تو معاشرہ اور تہذیب دونوں کی عمارت زمین بوس ہوجاتی ہے۔ مزید یہ بات بھی درست ہے کہ اسلام وسیع تر خاندان کو ایک اسلامی خاندان قرار دیتا ہے:

’’کوئی حرج نہیں اگر کوئی اندھا، یا لنگڑا، یا مریض (کسی کے گھر سے کھا لے) اور نہ تمھارے اْوپر اِس میں کوئی مضائقہ ہے کہ اپنے گھروں سے کھائو یا اپنے باپ دادا کے گھروں سے، یا اپنی ماں نانی کے گھروں سے، یا اپنی پھوپھیوں کے گھروں سے، یا اپنی بہنوں کے گھروں سے، یا اپنے چچائوں کے گھروں سے، یا اپنے بھائیوں کے گھروں سے، یا اپنے مامووں کے گھروں سے، یا اپنی خالائوں کے گھروں سے، یا اْن گھروں سے جن کی کنجیاں تمھاری سپردگی میں ہوں، یا اپنے دوستوں کے گھروں سے۔ اس میں بھی کوئی حرج نہیں کہ تم لوگ مل کر کھائو یا الگ الگ۔ البتہ جب گھروں میں داخل ہوا کرو تو اپنے لوگوں کو سلام کیا کرو، دْعاے خیر، اللہ کی طرف سے مقرر فرمائی ہوئی، بڑی بابرکت اور پاکیزہ۔ اس طرح اللہ تعالیٰ تمھارے سامنے آیات بیان کرتا ہے، توقع ہے کہ تم سمجھ بوجھ سے کام لو گے‘‘۔ (النور: 16)

قرآن کریم جگہ جگہ رشتے داروں کے حقوق کی ادایگی کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ چنانچہ سورئہ نحل میں فرمایا: ’’اللہ عدل اور احسان اور صلۂ رحمی کا حکم دیتا ہے اور بدی و بے حیائی اور ظلم و زیادتی سے منع کرتا ہے۔ وہ تمھیں نصیحت کرتا ہے تاکہ تم سبق لو‘‘۔ (90) اسی طرح رشتے داروں کی طرف سے بدسلوکی اور ایسے رویے کی بنا پر جو ایک فرد کو ناگوار ہو، قطع تعلق کرنا یا ان کے حقوق سے ہاتھ روک لینے کو قرآن کریم نے صاف طور پر منع فرمایا ہے:
’’تم میں سے جو لوگ صاحب ِ فضل اور صاحب ِ مقدرت ہیں وہ اِس بات کی قسم نہ کھا بیٹھیں کہ اپنے رشتہ دار، مسکین اور مہاجر فی سبیل اللہ لوگوں کی مدد نہ کریں گے، اْنھیں معاف کردینا چاہیے اور درگزر کرنا چاہیے۔ کیا تم نہیں چاہتے کہ اللہ تمھیں معاف کرے، اور اللہ کی صفت یہ ہے کہ وہ غفور اور رحیم ہے‘‘۔ (النور: 22)
سورئہ بقرہ میں قرابت کو توڑنے پر وعید آئی ہے: ’’جو اللہ کے اقرار کو مضبوط کرنے کے بعد توڑ دیتے ہیں اور جس چیز (رشتۂ قرابت) کے جوڑے رکھنے کا اللہ نے حکم دیا ہے اس کو توڑتے ہیں اور زمین میں خرابی کرتے ہیں، وہی لوگ نقصان اْٹھانے والے ہیں‘‘۔ (البقرہ: 27)

مندرجہ بالا قرآنی آیات سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اولاً خاندان اور خاندانی حقوق، یعنی مل جل کر کھانا کھانا، گھر میں داخل ہونا، ربط و تعلق کو برقرار رکھنا یہی خاندان کا مقصود ہے۔ اس سے یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ سب لوگ ایک چھت کے نیچے ہی رہیں بلکہ باپوں بھائیوں وغیرہ کے تذکرے سے یہ بات واضح ہوگئی کہ ان کے گھر الگ الگ ہوسکتے ہیں۔ ورنہ باپوں کے گھر، بھائی کے گھر، وغیرہ کا تذکرہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ بات بھی سمجھا دی گئی کہ جو رشتے اللہ تعالیٰ نے مقرر کردیے ہیں، ان کو قطع کرنا اللہ کی حدود کا پامال کرنا ہے۔
اس تناظر میں دیکھا جائے تو اسلام کا تصورِ خاندان یہ نظر آتا ہے کہ اگر ایک شخص اپنے والدین کے گھر میں رہتا ہے، تو اسے اپنی بیوی کو اْس آزادی سے محروم کرنے کا حق نہ ہوگا جو اللہ نے اسے دی ہے، یعنی اپنے شوہر اور بچوں کے سامنے ساتر اور اچھے لباس میں آنا، گھر میں ایسی تنہائی کا پایا جانا جہاں میاں بیوی بلاکسی روک ٹوک کے جس طرح چاہیں ایک دوسرے کے ساتھ بے تکلفی سے پیش آسکیں۔
اسلام کا پرائیویسی کا تصور قرآن کریم نے واضح کردیا ہے، یعنی وہ اوقات جن میں گھر کے بچے ہوں یا ملازم، وہ بغیر اجازت اندر نہیں آسکتے۔ ایسے ہی شوہر اور بیوی کی آپس کی گفتگو میں بعض ایسے امور ہیں جو صرف بیوی یا شوہر کے علم میں ہوں اور کسی اور کو اس کا علم نہ ہو۔ نبی کریمؐ کا ایک اْم المومنینؓ سے کسی بات کا ذکر کرنا اور ان کا اسے دوسری تک پہنچانا قرآن کریم سے ثابت ہے کہ اس کی اجازت نہیں۔ یہ بات کی امانت کی تعریف میں بھی آتا ہے۔

بڑے بھائی بہن ہوں یا چھوٹے، ہر ایک کے لیے اصول ایک ہے کہ اللہ کی نافرمانی میں ان میں سے کسی کی اطاعت نہیں۔ ہاں، اس دائرے میں رہتے ہوئے اگر انھیں کوئی تحفہ دینا، یا کوئی اچھی بات، کوئی نصیحت،کوئی بھلائی کا عمل کیا تو یہ مطلوب و مرغوب ہے۔ ان کی مرضی کے مطابق کوئی فیصلہ کرنا جو عدل، حق اور اللہ اور رسولؐ کی ہدایت کے منافی ہو، کسی بھی شکل میں نہیں کیا جاسکتا۔ انھیں سمجھانا اور یہ بتلانا کہ اس طرح کے فیصلے میں آپ کا اور خود ان کا خسارہ ہے، آپ پر فرض ہے۔

مزاجوں کا فرق ایک فطری بات ہے اور یہ اْمہات المومنین اور صحابہ کرامؓ سب میں پایا جاتا ہے۔ آخر ایک اْم المومنینؓ کو لمبے ہاتھ والی کیوں کہا گیا، ایک صحابی کو حیا میں دوسروں سے زیادہ کیوں سمجھا گیا۔ کیا اس کا مطلب یہ ہوا کہ دوسروں میں حیا نہیں تھی؟ قطعاً نہیں۔ حیا تو ایمان کا بڑا حصہ ہے۔ اس لیے سیدنا عثمانؓ کے مزاج اور دیگر صحابہؓ کے مزاج میں فرق تھا، ورنہ ہر صحابی حیا کا مجسمہ تھا۔
اس فطری فرق کا مطلب یہ ہوا کہ جب قرآن یہ کہتا ہے کہ اہلِ ایمان کو کاظمین الغیظ اور رحما بینھم ہونا چاہیے تو وہ ان مزاجوں کے اختلاف کی بنا پر ہی یہ بات کہتا ہے، اور چاہتا ہے کہ اس فطری اختلاف کے باوجود ان کا مجموعی طرزِعمل وہی ہو جو عالمِ انسانیت کے لیے بھیجے گئے، کامل ترین اسوئہ حسنہ رکھنے والے انسان کا تھا۔ چونکہ آئیڈیل اور نمونہ آپؐ کی ذات ہے، اس لیے مزاجوں کے فرق کے باوجود جب ایک مومن یا مومنہ دوسروں کو مسکراتے چہرے سے دیکھے، دوسرے کی غلطی پر عفو و درگزر کرے، دوسرے کی جانب سے تکلیف پہنچنے پر کشادگیٔ قلب کے ساتھ اس کے حقوق کو پورا کرے، اور صرف اس لیے ایسا کرے کہ اس سے رب خوش ہوگا، تو پھر ایسے فرد کے لیے اللہ اور اس کے رسولؐ نے مغفرت، کامیابی اور آخرت میں اعلیٰ مقامات کا وعدہ فرمایا ہے۔

وہ مشہور حدیث سامنے رکھیے جس میں آپؐ فرماتے ہیں: ’’وہ شخص جو بدلے میں رشتے داروں کا لحاظ کرتا ہے، وہ مکمل درجے کی صلہ رحمی کرنے والا نہیں ہے‘‘۔ (بخاری، عن ابن عمرؓ) گویا اگر کسی کی بھلائی کے بدلے میں ہم نے بھلائی کردی تو یہ صلہ رحمی نہیں۔ صلہ رحمی تو وہ ہے کہ ایک طرف سے تکالیف ہورہی ہوں اور دوسری جانب سے عنایات و لطف و کرم کا معاملہ ہو۔
سیدنا ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے حضور نبی کریمؐ سے کہا: اے اللہ کے رسولؐ! میرے کچھ رشتے دار ہیں جن کے حقوق مَیں ادا کرتا ہوں اور وہ میرے حقوق ادا نہیں کرتے ہیں۔ میں ان کے ساتھ حْسنِ سلوک کرتا ہوں اور وہ میرے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں۔ میں ان کے ساتھ حلم و بْردباری سے پیش آتا ہوں اور وہ جہالت برتتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تو ایسا ہی ہے جیسا تو کہتا ہے تو گویا تو ان کے چہروں پر سیاہی پھیر رہا ہے۔ اللہ ان کے مقابلے میں ہمیشہ تیرا مددگار رہے گا جب تک تو اس حالت پر قائم رہے گا‘‘۔ (مسلم)
اس حدیث اور سیدنا ابوبکرؓ کے سیدہ عائشہؓ پر بہتان لگانے والے رشتے دار کے طرزِعمل سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ اسلام قطع رحمی کو پسند نہیں کرتا، اور صلہ رحمی کا مطلب ہی یہ ہے کہ جو آپ کے حقوق ادا نہ کرے آپ اْس کے حقوق میں کمی نہ کریں۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: حقوق العباد کے گھروں سے اللہ تعالی رشتے داروں یہ بات بھی سے یہ بات صلہ رحمی ہے کہ اس نہیں ہے کرتا ہے ہوں اور کے حقوق اللہ کی کے ساتھ ہے اور کے گھر کے لیے اس لیے کو خوش

پڑھیں:

اختلاف یااختیارات کی جنگ، سپریم کورٹ ججز پھر تقسیم 

اسلام آباد(طارق محمودسمیر)سپریم کورٹ کے ججز کے درمیان تقسیم اور اختلافات ایک بارپھرکھل کر سامنے آگئے ہیں اوریہ پہلاموقع نہیں ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کے درمیان تقسیم پائی جارہی ہے،کیایہ صرف اختلاف رائے ہے یااختیارات کی جنگ ہے،ایک کیس کی سماعت مقررکرنے کاتنازع اتنابڑھاکہ دوججز نے پہلے تو ایڈیشنل رجسٹرارکو توہین عدالت کانوٹس دیااور اس میں ججز کمیٹیوں کے ارکان کوبھی اس کی زدمیں لے آئے تاہم توہین عدالت کانوٹس تو واپس لے لیاگیاہے اور چھ رکنی بینچ نے بھی انٹراکورٹ اپیل واپس لیے جانے پر معاملے کو نمٹادیاتاہم اس دوران ججز نے معنی خیزاور سخت ریمارکس بھی دیئے اورایک جج صاحب نے تو یہاں تک کہہ دیاکہ ہمیں آئین کے آرٹیکل 10اے کے تحت یہ حق نہیں دیاگیاکہ ہم عدالت میں پیش ہوجاتے اور اپناموقف بیان کرتے،جسٹس جمال مندوخیل نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ کیاتوہین کے ملزم بن کر چیف جسٹس خود بینچ بناسکتے ہیں،مبینہ طور پر توہین کرنے والوں میں چیف جسٹس کو بھی شامل کرلیاگیا،سپریم کورٹ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت ہے اور اس کے ججز کے درمیان باربارتقسیم اور اختلافات کی خبریں میڈیامیں آنااچھی روایت نہیں ہے،اگربینچ میں ایساکیس مقررکرنے کا فیصلہ واپس لیاگیاجس میں آئینی سوال پیداہواتھاتو توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے سے قبل اگرمتعلقہ جج حضرات چیف جسٹس سے ملاقات کرکے یہ معاملہ سامنے رکھتے تو ہوسکتاہے کہ یہ خوش اسلوبی سے حل ہوجاتا،26ویں ترمیم کی منظوری کے بعد آئین میں یہ واضح طورپر لکھ دیاگیاہے کہ آئینی معاملات صرف آئینی بینچ کے سامنے ہی زیرسماعت آسکتیہیں ،چاہئے 26ویں ترمیم کوچیلنج کرنے کامعاملہ ہویاکوئی اور آئینی ایشو ہو۔دوسری جانب پیکاایکٹ کے معاملے میں صحافتی تنظیموں کا احتجاج جاری ہے اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے عجلت میں بل کی منظوری دے دی ہے،جے یوآئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ سات اہم ترامیم جمع کرائی تھیں جن میں دوترامیم یہ تھیں کہ ٹریبونل کی بجائے ہائی کورٹ کے حاضر سروس جج کے پاس کیس مقررہوناچاہئے اور دوسرا یہ کہ اتھارٹی میں پارلیمنٹ کی نمائندگی نہیں ہے،چارپارلیمنٹرینزکو اس میں شامل کیاجائے مگراسے بلڈوز کردیاگیا،تحریک انصاف ،جو پیکاایکٹ ترامیم کی مخالفت کررہی ہے،مگرافسوسناک بات یہ ہے کہ داخلہ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین فیصل سلیم کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور انہوں نے نہ تو اجلاس کی صدارت سے انکارکیااورنہ ہی اجلاس کو موخرکیا،ن لیگ کے سینیٹرطلال چوہدری کا بھی یہی کہناہے کہ مشاورت ہونی چاہئے تھی اور وہ یہ معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھائیں گے اور صحافیوں کے تحفظات سے آگاہ کریں گے ،بہرحال سوشل میڈیاکوریگولیٹ کرنا ضروری ہے تاہم حکومتی طریقہ کار نے اس کو ایک بڑا ایشوبنادیاہے ،عجلت میں پاس کرنے کی بجائے اگر اس پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کرلی جائے تو بہتر ہوتا لیکن لگتاہے کہ حکومت منگل کو یہ بل سینیٹ سے منظورکرلے گی ،اسٹیٹ بینک نیپالیسی ریٹ میں مزید100بیسز پوائنٹس یعنی ایک فیصدکمی کردی جواب13 فیصد سے کم ہوکر12فیصدپرآگئی ہے ، مرکزی بینک کی طرف سے مسلسل ساتویں بار پالیسی ریٹ میں کمی لائی گئی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی کی شرح اگرچہ توقع سیہے،تاجربرادری کی نمائندہ تنظیموں کا مطالبہ تھاکہ پالیسی ریٹ میں3 فیصد کمی لائی جائے جب کہ وزیراعظم پالیسی ریٹ کوسنگل ڈیجٹ آنے کاعندیہ دے چکے ہیں ،تاہم اس معمولی کمی کا بھی شرح نموپر مثبت اثر ضرورپڑے گا۔
تجزیہ

متعلقہ مضامین

  • مغرب کی قائدانہ ناکامی
  • اللہ کے بندوں کے کام آئیں !
  • افکار سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ
  • مسلکی رنگ گلگت بلتستان کی سب سے بڑی فالٹ لائن ہے، فیض اللہ فراق
  • غزہ میں اپنے گھروں کو لوٹنے والے فلسطینیوں پر صیہونی ٹینکوں کی فائرنگ
  • مذموم اسرائیلی سازشوں کو ناکام بنانے پر حزب اللہ لبنان کیجانب سے ملکی عوام کا شکریہ
  • فلسطینیوں کی گھروں کو واپسی کا عمل شروع، شمالی غزہ میں 3 لاکھ فلسطینی واپس لوٹ آئے
  • اختلاف یااختیارات کی جنگ، سپریم کورٹ ججز پھر تقسیم 
  • عبدالوحید قریشی کی رحلت جماعت اسلامی ہی نہیںپورے حیدرآباد کے لیے باعث غم ہے‘ رخشندہ منیب