ایران کو اقتصادی پابندیوں سے 12کھرب ڈالر کا نقصان
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے ثقافتی انقلاب کی سپریم کونسل کے سابق سکریٹری جنرل اور تہران یونیورسٹی میں بین الاقوامی علوم کی فیکلٹی کے ڈین سعید رضا آملی نے انکشاف کیا ہے کہ 2012ء سے عائد اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے ایران کو تقریباً 12کھرب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔ انہوں نے ایرانی ٹیلی وژن پر اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ان نقصانات نے ایرانی عوام پر گہرے اثرات ڈالے ہیں۔ انہوں نے ان پابندیوں کے نتیجے میں شہریوں کو پہنچنے والے اقتصادی نقصان پر زور دیا ۔ املی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پابندیوں سے نایاب امراض کی ادویہ متاثر ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے لاعلاج بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اپنی تقریباً 95 فیصد ادویہ مقامی طور پر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کی وجہ سے وہ اس شعبے میں ایک مضبوط ملک ہے ۔ اس کے باوجود پابندیاں اب بھی ان مریضوں پر منفی اثر ڈالتی ہیں جنہیں بعض ایسی ادویات کی ضرورت ہوتی ہے جو پابندیوں کی وجہ سے آسانی سے دستیاب نہیں ہوتیں۔ ایران پر پابندیاں پہلے سے عائد تھیں لیکن وہ 2015 ء میں جوہری معاہدے کے تحت اٹھا لی گئی تھیں۔ 2018ء میں ٹرمپ انتظامیہ کے دستبردار ہونے کے بعد امریکا نے تہران پر یک طرفہ پابندیاں عائد کر دی تھیں جو تاحال برقرار ہیں۔ ان دنوں تہران کی جانب سے نئے جوہری معاہدے پر بات چیت کے لیے آمادگی کے بارے میں بات ہو رہی ہے اور اسے واشنگٹن کی جانب سے جواب کا انتظار ہے ۔امریکا نے اگر دوبارہ مذاکرات کا فیصلہ کیا تو نئے معاہدے میں ایران کا میزائل پروگرام اور علاقائی پالیسی جیسے معاملات مذاکرات میں زیر بحث آسکتے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کی وجہ سے
پڑھیں:
’عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبے اصل میں کرپشن کی جڑ ہیں‘
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے چیئرمین سیف اللہ ابڑو نے عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبوں کو کرپشن کی جڑ قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی کےمطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے خیبر پاس اکنامک کوریڈور تعمیر منصوبے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبوں کو کرپشن کی جڑ قرار دے دیا۔
چیئرمین سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اجلاس میں این ایچ اے حکام اور کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں این ایچ اے حکام نے بتایا کہ عالمی بینک کی امداد سے خیبر پاس اکنامک کوریڈور تعمیر کیا جائیگا۔ منصوبے کیلیے قرض معاہدے پر دسمبر 2019 میں دستخط کیے گئے تھے۔ اس منصوبے کے لیے عالمی بینک 46 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ منصوبے میں اتنی تاخیر کی کیا وجوہات ہیں۔ جس پر این ایچ اے حکام کا کہنا تھا کہ منصوبے کی ضروریات پوری کرنے میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ حکام اقتصادی امور ڈویژن نے کہا کہ عالمی بینک خود سے شرائط عائد نہیں کر سکتا۔
این ایچ اے حکام نے بتایا کہ اس منصوبے کی بولی کھولنے میں 4 سال لگ گئے۔ بولی کی رقم قرض سے دگنی ہے۔ پاکستان نے عالمی بینک سے نیا معاہدہ کیا ہے۔ اس نئے 10 سالہ پروگرام کے تحت سماجی شعبے کیلیے امداد ملے گی۔
اس موقع پر اقتصادی امور ڈویژن نے خدشہ ظاہر کیا کہ این ایچ اے نے مسئلے کا فوری حل نہ نکالا تو نرم شرائط والے قرض منسوخ ہو سکتے ہیں۔ اب یہ عالمی بینک کی ترجیحات میں نہیں، اس لیے قرض نہیں بڑھایا جائے گا۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اتنے سستے قرض کو بھی کس طرح ضائع کیا گیا۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ اگر چیک اینڈ بیلنس نہیں ہوگا تو اسی طرح ہوگا۔ عالمی بینک اور اے ڈی بی کے بڑے منصوبے اصل میں کرپشن کی جڑ ہیں۔ ایسے شاہانہ اقدامات کا تدارک کیا جانا ضروری ہے۔
سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ یہ وجہ ہے کہ ہمارے قرض بڑھتے رہتے ہیں۔ جب پاکستان نرم شرائط والے قرض استعمال ہی نہیں کر سکتا، تو مزید قرض کیوں ملےگا۔ حکومت کو سفارش کریں کہ معاملے کی انکوائری اور ذمہ داروں کاتعین کیا جائے۔
مزیدپڑھیں:’اپنی چھت،اپناگھر‘ پروگرام کے تحت قرضے کی دوسری قسط جاری