تبدیلی کے محرک اور خوشحال مستقبل کی ضمانت نوجوان ہیں، وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تبدیلی کے محرک اور خوشحال مستقبل کی ضمانت نوجوان ہیں، انہیں پالیسی سازی میں شامل کرنا ہوگا۔
کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو تبدیلی کی نوید قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی و پالیسی سازی میں نوجوانوں کا کردار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ تعلیم کو فروغ دے کر نوجوانوں کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے، کیوں کہ نوجوان ہی پرامن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ رکن ممالک کے درمیان شرکت داری کے لیے یہ ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کو نوجوانوں کی ترقی و بہبود کا فلیگ شپ پروگرام قرار دیا اور کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہے، جو اس پلیٹ فارم کو شراکت داری اور اتفاق رائے کا اہم ذریعہ سمجھتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دولت مشترکہ کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے، جنہیں جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی 70 فیصد آبادی بھی 30 سال سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے، جو ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان آج کے دور میں تبدیلی کے محرک ہیں اور قومی تعمیر کی کوششوں میں ان کی شرکت یقینی بنانی ہوگی۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت 6 لاکھ مستحق طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے، جو کورونا وبا کے دوران تعلیم کا ذریعہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز کی مدد سے کم وسائل رکھنے والے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، جن کا دائرہ کار آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اوربلوچستان سمیت ملک کے دور دراز علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔اسی طرح پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے کم مالی وسائل کے حامل طلبہ کو وظائف فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس سیکرٹریٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ نوجوان قیادت کے کردار کو مضبوط بنانے کا موثر پلیٹ فارم ہے، جو نوجوان نسل کے مابین مکالمے کے فروغ میں معاون ہوگا۔ وزیراعظم نے نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان سے حلف لیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان پاکستان کھیل کہا کہ
پڑھیں:
امید ہے ترقی یافتہ ممالک کلائمیٹ فنانسنگ کا وعدہ پورا کریں گے، شہباز شریف
وزیراعظم سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر عملدرآمد سمیت موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اہم امور پر کام جاری رکھے گا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید ہے ترقی یافتہ ممالک کلائمیٹ فنانسنگ کا وعدہ پورا کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی جانب سے پاکستان میں جاری کام کو سراہا، وزیر اعظم نے پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ شہباز شریف نے 2022ء کے سیلاب میں عالمی حمایت اکٹھا کرنے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے کردار کو سراہا اور عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون اور شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے مضبوط سیاسی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کلائمیٹ فنانسنگ ایک اہم جز ہے، امید ہے ترقی یافتہ ممالک اس سلسلے میں اپنے وعدوں کو پورا کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ مختلف منصوبوں پر عملدرآمد سمیت موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں اہم امور پر کام جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مالیاتی فرق کو دور کرنے اور عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کے ذریعے مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی آواز اور نمائندگی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔