تحریک انصاف نے عملی طور پر مذاکرات ختم کردیئے،سینیٹر عرفان صدیقی
اشاعت کی تاریخ: 29th, January 2025 GMT
اسلام آباد( خبرایجنسیاں) حکومتی مذاکرات کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے عملی طور پر مذاکرات ختم کردیے، حکومتی کمیٹی 31 جنوری تک موجود رہے گی، اس دوران پی ٹی آئی نے دوبارہ اسپیکر سے رابطہ کیا تو ہماری کمیٹی ان کے ساتھ بیٹھ جائے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے جواب کی تفصیلات جاری نہیں کریں گے، کیونکہ کمیٹی کا کمیٹی سے معاملہ تھا، اگر
وہ آتے تو ہم اپنا جواب ان کے سامنے رکھتے، تحریک انصاف نے 28 تاریخ سے 5 دن پہلے 23 جنوری کو فیصلہ کرلیا اور یکطرفہ طور پر اس کا اعلان بھی کردیا، اصل چیز یہ تھی کہ وہ اس سلسلے کو ختم کرنا چاہتی تھی، ان کی کوئی اور ترجیحات اور حکمت عملی ہوگی جو ہمیں معلوم نہیں ہے، انہوں نے جس عمل کو شروع کیا تھا اسے خود ہی سبوتاژ کردیا،انہوں نے آج یہ طرز عمل اختیار کرکے اسپیکر کی بھی توہین کی ہے جس سے رابطہ کرکے انہوں نے وزیراعظم کے ذریعے یہ کمیٹی بنوائی تھی، ہماری بھی بے توقیری کی ہے اور جمہوری روایت کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔حکومتی کمیٹی کے ترجمان نے واضح کیا کہ حکومتی کمیٹی اب نہ پی ٹی آئی سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ تشریف لائیں، نہ ان کا انتظار کر رہی ہے کہ وہ تشریف لائیں اور ان کے پاس کوئی پیغام لے کر جائیں گے کہ وہ تشریف لائیں، ہاں اگر وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہیں تو ہم غور کریں گے کہ ہمارا ردعمل کیا ہوگا۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کل عمران خان سے اہل خانہ کی ملاقات کا دن ہے، سلمان اکرام راجہ کا ٹویٹ
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کے اہل خانہ کی ملاقات کل متوقع ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے معروف وکیل سلمان اکرم راجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "کل عمران خان صاحب سے ان کے اہل خانہ کی ملاقات کا دن ہے۔"
سلمان اکرم راجہ کے مطابق عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں ان کی بہنیں علیمہ خانم، نورین خانم، عظمیٰ خانم اور قاسم زمان خان شامل ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات انشاءاللہ کل ہوگی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہونے جا رہی ہے جب عمران خان متعدد مقدمات میں زیر حراست ہیں اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف سیاسی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔