بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے خودکش حملہ ناکام بنادیا، 5 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں خوارج کے خودکش حملے کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 اور 28 جنوری کی رات خوارج نے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ حملہ آوروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو چوکی کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیا۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ اس جھڑپ میں دو خودکش بمباروں سمیت تمام پانچ خوارج ہلاک ہوگئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان، نائیک طاہر خان اور لانس نائیک طاہر اقبال، شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
ضلع شانگلہ: دہشتگردوں کا حملہ، پولیس کی بروقت کاروائی بڑا حملہ ناکام
ضلع شانگلہ میں دہشتگردوں کی جانب سے پولیس پوسٹ شیکولئے پر رات گئے حملہ کیا گیا جسے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پسپا کردیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق ضلع شانگلہ میں پولیس نے دہشتگردی کا بڑا حملہ ناکام بنادیا۔ آئی جی کے مطابق خوارج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، تاہم شانگلہ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔ فریقین کے درمیان کافی دیر تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ شانگلہ پولیس نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی جرات اور بہادری کی مثال قائم کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پولیس جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور فورس ہر قسم کی دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ آئی جی کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردوں کے کسی بھی حملے کا بھرپور اور فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ شانگلہ پولیس کی بروقت کارروائی سے علاقے میں ممکنہ بڑے نقصان سے بچا گیا۔