ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
ڈی جی ایکسائز لاہور عمر شیر چٹھہ نے ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ٹوکن ٹیکس نہ ادا کرنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کرکے انہیں سسٹم میں بلاک کیا جائے۔ عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ گاڑی مالکان کو آگاہی فراہم کرنے کے باوجود وہ ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کر رہے۔ انہوں نے بڑے ڈیفالٹرز کی گاڑیاں بند کرنے اور ایک سال سے زائد نادہندگان کے چالان کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے پنجاب بھر میں ناکہ بندی کو مؤثر بنانے اور ٹیکس وصولی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ایکسائز حکام کے مطابق پنجاب بھر میں تقریباً 13 لاکھ گاڑی مالکان سالانہ ٹوکن ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ تاہم لاہور میں 8 لاکھ سے زائد گاڑیوں کے مالکان نے ٹیکس ادا کیا ہے جبکہ 5 لاکھ سے زائد گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ابھی تک واجب الادا ہے۔ ایکسائز حکام نے مزید بتایا کہ لاہور میں پونے 3 ارب روپے کے قریب ٹوکن ٹیکس کی وصولی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں اور لیزنگ کمپنیوں کے نام رجسٹرڈ گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس وصولی کے لیے ان سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ایف بی آر نے جولائی تا جنوری 440 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کردیا
کراچی:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں ماہ(جنوری)میں 50 ارب روپے سے زائد ریونیوشارٹ فال کا امکان ہے جب کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال 2024-25 پہلے 7ماہ(جولائی تا جنوری) میں 440 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ (جنوری2025) کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 956 ارب روپے مقرر کررکھا ہے لیکن اس کے مقابلے میں صرف 900 ارب روپے تک کی وصولی کا امکان ہے، تاہم رواں سہ ماہی ( جنوری سے مارچ2025) کے لیے ایف بی آر نے 3100 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کررکھا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کو 386 ارب روپے کا شارٹ فال ہوا، تاہم فروری اور مارچ کے مہینوں میں ٹیکس وصولی میں تیزی آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس ریٹ میں ممکنہ کمی سے ریونیو میں اضافہ متوقع ہے جب کہ قابلِ ٹیکس درآمدات میں 5فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ٹیکس وصولی میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔ ایف بی آر کا رواں سال کے لیے 12970 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کررکھاہے۔