جماعت اسلامی لاہور کا 31 جنوری کو پورے شہر میں احتجاج کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
امیرِ لاہور ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو معاشی بدحال کر دیا ہے، جبکہ راولپنڈی معاہدے کی پاسداری کیلئے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، راولپنڈی معاہدے کے مطالبات جماعت اسلامی کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں جو حقیقی معنوں میں معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ لاہور میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاءالدین انصاری نے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء لاہور وقاص احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت، خالد احمد بٹ، جبران بٹ، سیکرٹری اطلاعات عبدالعزیزعابد سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو معاشی بدحال کر دیا ہے، جبکہ راولپنڈی معاہدے کی پاسداری کیلئے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی معاہدے کے مطالبات جماعت اسلامی کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں جو حقیقی معنوں میں معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران یاد رکھیں کہ بجلی کے بل کم نہیں ہوں گے تو اس معاہدے کو صرف زبانی جمع خرچ سمجھیں گے۔
ضیاء الدین انصاری نے مزید کہا کہ بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف ملنے تک احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہیگا جبکہ 31 جنوری کو ملک گیر احتجاج کے موقع پر امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی روڈمیپ دیں گے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور کا کہنا تھا کہ حکومت کی آئی پی پیز سے ڈیل کے نتیجے میں ہزار ارب روپے کا فائدہ قومی خزانے کو ہو رہا ہے، لیکن عوام ریلیف سے محروم ہیں، جبکہ آئی پی پیز کے معاہدے حکومتوں کی مجبوری نہیں بلکہ نااہلی، بدعنوانی اور ذاتی مفاد کی کہانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بل کم اور ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، جبکہ پیٹرول کی لیوی بھی کم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیروں، مشیروں، بیوروکریٹس، ججوں، جرنیلوں کی اربوں روپے کی سرکاری مراعات ختم کی جائیں اورعوام کو ریلیف دیا جائے، جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 140 فیصد اضافہ ملک کے غریب عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے اور تنخواہوں کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کے شرمناک رویہ کو مسترد کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف جماعت اسلامی سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری راولپنڈی معاہدے کا کہنا تھا کہ کہ بجلی عوام کو
پڑھیں:
جماعت اسلامی کا اسرائیل کیخلاف 20اپریل کو ملک گیر مارچ کرنے کا اعلان
اسلام آباد:جماعت اسلامی نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف 20اپریل کو ملک گیر مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک بھر سے قافلے آئیں گے اور امریکی ایمبیسی کے سامنے جاکر احتجاج کریں گے، 20 اپریل کو اسلام آباد میں ملک کی تاریخ کا بڑا مارچ ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 22اپریل کو ملک گیر ہڑتال ہوگی اور 22 اپریل سے متعلق کوئی کنفویژن نہیں ہے، ہم ہڑتال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اسرائیل اور امریکا کے خلاف نفرت کر رہے ہیں، نفرت کی لہر پوری دنیا میں موجود ہیں، اسرائیل چھوٹے چھوٹے بچوں کو گولیاں مار کر قتل کر رہا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امریکا نے ایک دفعہ پھر اپنے آپ کو دہشت گرد ثابت کیا ہے، امریکا نے ہیرو شیما اور ناگا ساگی پر بم پھینکا۔
انہوں نے کہا کہ حماس جمہوری طریقے سے جیتے تھ مگر ان کی حکومت نہیں بننے دی، حماس سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دے، جب تک لوگوں کا سمندر بار بار سڑکوں پر نہیں آئے گا اسی طرح قتل عام جاری رہے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل توسیع پسندانہ کام کر رہا ہے، عرب ممالک کو اس بارے سوچنا چاہیے اور پاکستان کو اس بارے میں سوچنا چاہیے کہ فوجی سطح پر حکمت عملی بنانی پڑے گی اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو مثبت طریقے سے سڑکوں پر لا رہے ہیں، ہم انسانیت کے لیے یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ میں اپیل کرتا ہوں ان تمام چیزوں کا بائیکاٹ کریں جن سے صیہونیوں کو فائدہ ملتا ہے اور ہمیں معلوم ہے ہم نے کن چیزوں کا بائیکاٹ کرنا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتیں اسرائیل کی مذمت کیوں نہیں کرتیں، جو لوگ پاکستانی پاسپورٹس پر اسرائیل گئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور بتایا جائے ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔ 18تاریخ کو ملتان میں بھی اسرائیل کے خلاف احتجاج کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ علامہ اقبال نے 96سال پہلے بتایا تھا کہ فلسطینی بچوں کو گاجر مولی کی طرح قتل کیا جارہا ہے، قائداعظم نے اسرائیل کو استعمار کی ناجائز اولاد قرار دیا تھا، جو عناصر اسرائیل کے لیے سافٹ کارنر رکھتے ہیں انہیں مطالعہ کرنا چاہیے۔