بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں11فروری تک توسیع
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 6 مقدمات میں ضمانت میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے بشری بی بی کی ایک اور عمران خان کی 6 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل انصر کیانی اور شمسہ کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل انصر کیانی نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پائونڈ کیس میں سزا سنائے جانے پر گرفتار ہوئی ہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں قید ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری لگائی جائے۔جج افضل مجوکہ نے کہا کہ میں پیکا کے تحت درج مقدمات میں مصروف ہوں اس لئے آج کچھ نہیں ہوگا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری درخواست ضمانتوں میں 11 فروری تک توسیع کر دی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
توشہ خانہ ٹو؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواستِ بریت دوسرے بینچ منتقلی کی استدعا
اسلام آباد:عمران خان اور بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں درخواستِ بریت دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس راجا انعام امین منہاس نے کی، جس میں بیرسٹر سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت وکیل سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ میں اپنے کلائنٹ کی ہدایات کے مطابق عدالت کے سامنے اپنی استدعا رکھتا ہوں۔ یہ کیس اس ہائیکورٹ کے بہت سینئر جج پہلے سے سُن چکے ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ خاور مانیکا نے بانی پی ٹی آئی کی عِدت کیس میں بریت کے خلاف اپیل دائر کی، عِدت کیس میں انہی گراؤنڈز پر کیس دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کا آرڈر ہو گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اتنے سینئر ججز موجود ہیں اور مجھے اپنے کلائنٹ کی ہدایات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس تحریری طور پر اعتراض کی درخواست موجود ہے لیکن دائر نہیں کرنا چاہتا۔ میری استدعا ہے کہ عدالت کوئی نئی تاریخ نہ دے اور اس نکتے پر تھوڑا سوچ لے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواست دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کردی۔
بعد ازاں جسٹس راجا انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔