مذاکرات آج نہیں آئینگے : تحریک انصاف : پھر سپیکر کمیٹی تحلیل کردینگے : حکومتی رکن غیر جمہوری رویہ : وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کل حکومت کے ساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے، اس حوالے سے باضابطہ آگاہ بھی کردیا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ یہ حکومت والے (پیکا ایکٹ) کے تحت جس کو بھی چاہے فیک نیوز کے زمرے میں اٹھا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے جائز حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج اسی کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج اگر قانون پاس بھی ہو گیا تو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ کرم کے مسئلے پر تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر آگئی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہم نے 7 دن کا وقت دیا تھا۔ ہم حکومت کے ساتھ کل کی میٹنگ میں نہیں بیٹھیں گے ، سیکرٹری سپیکر کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ حکومت جو قوانین لا رہی ہے وہ بنیادی طور پر سول مارشل لا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پیکا ایکٹ میں ترامیم کے بل کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس کے خلاف ملک گیر تحریک میں شامل ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ کل میٹنگ میں نہیں آئے تو سپیکر کمیٹی تحلیل کر دیں گے۔ اپنے بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے مذاکرات کو چوک چوراہوں پر لے آئے ہیں‘ نہیں معلوم کہ پی ٹی آئی کل کے اجلاس میں شرکت کرے گی یا نہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ جب یہ عمل ختم ہو جائے گا تو پھر ہماری کمیٹی بھی تحلیل ہو جائے گی۔ اگر مذاکرات جاری نہیں رہنے تو پھر مذاکراتی کمیٹی کیا کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد پی ٹی آئی والے جو کچھ باہر کریں گے اس کا رسپانس حکومت دے گی۔ تین اجلاسوں میں ایک بار بھی نہیں کہا کہ 7 دن کے اندر مطالبات نے مانے تو الگ ہو جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے آپس میں رابطے اور مذاکرات جمہوریت کی روح ہیں، ان رابطوں سے ملک اور قوم کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے میں مدد ملتی ہے، مذاکرات سے گریز غیر جمہوری رویہ ہے جس سے کشیدگی کا ماحول پیدا ہوتا ہے اور قومی یکجہتی کی فضا کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ہنگاموں، محاذ رائی اور تصادم کی نہیں، مفاہمت اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے تا کہ قومی معیشت کی تعمیر اور دہشت گردی کے خاتمے جیسے مسائل کے بارے میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔ سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک ترقی کر رہا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کے وقار میں اضافہ ہو رہا ہے، ہم کسی کو اس امر کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ غیر جمہوری رویوں سے تعمیر و ترقی کے اس عمل کی راہ میں رکاوٹ ڈالے۔ حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا دور آج (منگل کو) پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر حکومتی کمیٹی تحریری جواب سپیکر کو جمع کرا دے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: عرفان صدیقی پی ٹی آئی نے کہا کہ
پڑھیں:
امریکی وفد سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات اپوزیشن لیڈرز کو نہ بلانا بدنیتی: شبلی فراز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنماؤں عاطف خان اور ڈاکٹر امجد نے تقریب میں امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات کی۔ سینیٹر شبلی فراز نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈرز کو نہ بلانے کو سپیکر کی بدنیتی قرار دیا۔ سپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ ہاؤس کا وقار مجروح کیا۔ عاطف خان نے کہا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات یا رہائی سے متعلق میرے سامنے کوئی بات نہیں ہوئی۔