بھارتی پنجاب، 3 کروڑ کی 90 فیصد آبادی کو مفت بجلی میسر
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
لاہور:
بھارتی پنجاب کی حکومت دو سال سے تین کروڑ آبادی میں سے ’’نوّے فیصد ‘‘ کو مفت بجلی دے رہی ہے کہ وہ تین سو واٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں جو بغیر بل کے ملتے ہیں.
اس سرکاری مدد سے لوگوں کو مہنگائی کا مقابلہ کرنے میں بہت مدد ملی، ان کا معیار زندگی بلند ہوا اور وہ حکومت کی بڑی تعریف کرتے ہیں.
ریاست میں بجلی کا انتظام سرکاری کمپنی، پنجاب اسٹیٹ پاور کارپوریشن لمیٹڈ سنبھالتی ہے، پچھلے سال حکومت نے کمپنی کو 7233 کروڑ روپے سبسڈی دی تاکہ عوام مفت بجلی پا سکیں.
سبسڈی ملنے سے کمپنی کو بھی 804.94 کروڑ روپے کا منافع ہوا.
حکومت نے سرکاری اخراجات گھٹا کر اور اپنی آمدن میں اضافہ کر کے یہ ممکن بنایا کہ اربوں روپے کی سبسڈی دے کر ریاستی عوام کو زبردست ریلیف دیا جائے، یوں مشرقی پنجاب حکومت بھارت ہی نہیں بیرون ممالک کیلیے بھی مثالی فلاحی حکومتی نظام بن گئی۔
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت میں اضافہ؛ واپڈا کی وضاحت
اسلام آباد:داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت میں اضافے کے معاملے پر واپڈا نے وضاحت جاری کر دی۔
ترجمان واپڈا کے مطابق پراجیکٹ کی لاگت میں اضافے کا تقریباً 85 فیصد ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی پر مشتمل ہے۔ 2014 میں امریکی ڈالر کی قدر 100 پاکستانی روپے جبکہ 2025 میں 280 روپے ہے۔
واپڈا نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ 15 فیصد اضافہ پراجیکٹ کی پیچیدہ نوعیت کی وجہ سے اسکوپ آف ورک میں اضافہ کی وجہ سے ہے۔
قراقرم ہائی وے کی ازسر نو تعمیر سمیت دیگر کنٹریکٹس بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے ایوارڈ کیے گئے ہیں، یہ کنٹریکٹس بنیادی طور پر پاکستانی روپے میں ایوارڈ کیے گئے ہیں۔
واپڈا ٹیم کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، کنسلٹنٹس کی ٹیم 130 انجینیئرز پر مشتمل ہے جن میں کم و بیش 30 غیر ملکی ماہرین بھی شامل ہیں۔
واپڈا ہر سال اوسطاً 32 ارب یونٹ سستی پن بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کرتا ہے، واپڈا پن بجلی کا ٹیرف محض 3روپے 71 پیسے فی یونٹ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واپڈا پن بجلی ملک میں بجلی کے صارفین کے لیے اوسط ٹیرف کو کم سطح پر رکھنے کا سب سے بڑا عنصر ہے۔