بھارتی بلے باز نے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ ڈالا
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
کراچی:
بھارتی بیٹر تلک ورما نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آؤٹ ہوئے بغیر زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا، ورما اب تک بھارت کی جانب سے آخری چار ٹی 20 میچز میں 318 رنز بنا چکے ہیں۔
انگلینڈ سے جاری ہوم سیریز کے دوسرے میچ میں انہوں نے گزشتہ روز 72 رنز ناٹ آؤٹ بنائے تھے، 22 سالہ لیفٹ ہینڈر اب تک فل ممبران کی جانب سے بغیر آؤٹ ہوئے 300 سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بنے ہیں۔
جنوبی افریقا سے میچز میں انہوں نے 107، 120 اور انگلینڈ سے حالیہ سیریز میں اب تک وہ 19 اور 72 رنز ناٹ آؤٹ بنا چکے ہیں۔
ان سے قبل، نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین نے بغیر آؤٹ ہوئے سب سے زیادہ 271 رنز بنائے تھے جس میں 65، 16، 71، 104 اور 15 رنز شامل تھے۔
آسٹریلیا کے آرون فنچ 240 رنز اور ڈیوڈ وارنر 239 رنز بناکر نمایاں رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سہیل احمد کا قوم سے شکوہ، مغرب کی نقالی پر نالاں
پاکستان کے نامور اداکار سہیل احمد نے ملک کی ثقافتی زوال پر ایسے درد بھرے الفاظ کہے ہیں جو ہر پاکستانی کے دل کو چھو جانے والے ہیں۔ ایک تازہ انٹرویو میں انہوں نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی مغرب زدگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی روایات اور اقدار کو بھول کر دوسروں کی نقل کرنے لگے ہیں۔
سہیل احمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم ایک منفرد تہذیب کے حامل تھے جہاں بڑوں کا احترام، مہمان نوازی اور خوش اخلاقی ہماری پہچان ہوا کرتی تھی۔ لیکن آج ہم نے ان تمام خوبیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نئی نسل کو یہ تک معلوم نہیں کہ ہماری اپنی ثقافت کتنی دولت مند اور خوبصورت ہے۔
اداکار نے ٹی وی پروگراموں پر ہونے والی بحثوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ایسے مسائل میں الجھ گئے ہیں جو درحقیقت ہمارے اصل مسائل ہی نہیں ہیں۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنی ثقافت پر فخر کرتے ہیں، جبکہ ہم اپنی روایات سے منہ موڑ رہے ہیں۔
سہیل احمد نے خاص طور پر نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ثقافت کوئی نقل کی چیز نہیں، یہ ہماری وراثت ہے جسے ہمیں سنبھال کر رکھنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ مسکرا کر ملنا تو ہمارے نبی کریم ﷺ کی سنت ہے، جسے ہم بھول چکے ہیں۔
انہوں نے اپنی بات کا اختتام ایک امید پر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی ثقافتی اقدار کو دوبارہ زندہ کریں اور انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کریں۔ سہیل احمد کا یہ پیغام نہ صرف فکر انگیز ہے بلکہ ہمارے معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا سبق بھی ہے۔