میرپورخاص،ٹریفک حادثے میں 17افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میرپورخاص کے نواحی شہر میرواہ گورچانی کے قریب ڈگری تھانے کی حدود گوٹھ دھنی بخش رستمانی العباس شوگر مل بائے پاس کے مقام پر ایک تیز رفتار جیب موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری حادثے کے نتیجے میں ضلع تھر پارکر کے گوٹھ گڑیو کے رہائشی دل برادری کے بچوں ،خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے- اطلاع ملتے ہی میرواہ گورچانی پولیس کے جوان جائے حادثہ پر پہنچ گئے پولیس جوانوں اور علاقہ مکینوں نے زخمیوں کو پولیس موبائل اور رکشوں میں فوری طور پر دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی پہنچایا جہاں پر6 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال میرپورخاص منتقل کر دیا گیا- زخمیوں میں بچوں ولد مسترو دل،عرس ولد علی محمد دل،قاضی ولد دنو دل،جامع زوجہ راوت دل،بنیو ولد نورو دل،کیتی زوجہ حاجی عمر دل،ھلو زوجہ حاجی عمر دل،نوری زوجہ قاسم دل،رحمت زوجہ علی محمد دل،علی گل ولد راوت دل،صبحائی زوجہ علی رایو دل،بھاگی زوجہ لطیف دل،رمضان ولد حاجی عمر دل،زرینہ زوجہ بچایو دل،آچر ولد کیمو دل،لطیف ولد جمعو دل اور جیپ ڈرائیور اشوک میگھواڑ شامل ہیں بدقسمت خاندان رشتہ داروں میں تعزیت کے لیے جا رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے –
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
حیدرآباد ،محکمہ بجلی میں خالی آسامیاں پر کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے محکمہ بجلی میں ایک لاکھ سے زائد ملازمین کی جگہیں خالی ہیں جن پر حکومت نے بھرتیاں بند کی ہوئی ہیں، جبکہ کام کا دبائو دن بدن بڑھ رہا ہے جس کے باعث ایک ملازم سے 10 کا کام لیا جا رہا ہے، شدید قلت کے باوجود ملازمین کے واجبات کی ادائیگیاں اور مراعات کو کٹ لگایا جا رہا ہے، اوقات کار بالائے طاق رکھ کر تعطیلات بھی نہیں دی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین پر شدید دبائو ہے جو حادثات کا باعث بن رہا ہے، یونین نے ان حالات میں بھی جدوجہد کرکے 62 لائن اسٹاف کو ترقیاں دلائیں جبکہ کئی ملازمین کو آفیسر گریڈ میں ترقیاں دلائی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشن سرکل حیسکو میرپورخاص زون کے چیئرمین شاہد قائمخانی، شاہد کاظمی، سکندر مہر، غلام رسول، یوسف سومرو، اکبر لغاری و دیگر نمائندگان کی جانب سے منعقدہ واپڈا ملازمین کے بڑے جلسے سے مقامی ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے کے مہمانِ خصوصی سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن سرکل حیسکو میرپورخاص امیر احمد میمن تھے، جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں میرپورخاص کے میئر عبدالرئوف غوری، یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان کے علاوہ یونین کے صوبائی میڈیا کو آرڈینیٹر محمد حنیف خان، الادین قائمخانی، نور احمد نظامانی، حامد کے کے، شفیق بابو شامل تھے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر یونین نے کہا کہ یونین نے LM-II کو LM-I اور LM-I کو LS-II جبکہ بہت سارے ملازمین کو SDO کی ترقیاں جبکہ 17 گریڈ میں اپ گریڈیشن بھی کرایا ہے، ہمارے ملازمین نے کمی کے باوجود دن رات کام کرکے میرپورخاص کے 17 فیڈرز کو فری لوڈ شیڈنگ کیا اور ابھی مزید کے لیے کام جاری ہے، سمجھتے ہیں کہ جن علاقوں میں بجلی چوری نہیں ہے وہاں بجلی کی مسلسل روانی ہونی چاہیے، بجلی چوری کا خاتمہ کرنا اور ادارے کو پروان چڑھانا منشور ہے کیونکہ اگر ادارہ ہوگا تو ہم بھی ہوں گے۔ انہوں نے پورے حیسکو ریجن میں میرپورخاص سرکل کو ریکوری میں ٹاپ کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی آپ کی ہے جو آپ کی جدوجہد کے باعث ممکن ہوا۔ جلسے سے ایس ای امیر احمد میمن نے خطاب میں کہا کہ میرے دروازے یونین نمائندگان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور ہم آپس میں تعاون و اتفاق سے سرکل کو آگے بڑھا رہے ہیں اور مزید اسے آگے لے کر جائیں گے اور ملازمین کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔ جلسے سے یونین کے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے منتظمین کو کامیاب جلسے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ یونین ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی، ادارے میں گاڑیوں کی ضرورت کو پورا کیا جائے، ان کے واجبات دلائے جائیں گے۔