حیدرآباد ،عوامی تحریک کا زمینوں کی نیلامی کیخلاف مارچ
اشاعت کی تاریخ: 27th, January 2025 GMT
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دریائے سندھ پر 6 نئے کینالز، کارپوریٹ فارمنگ، اور کارونجھر، کاچھو، اور گورکھ کی زمینوں کی نیلامی کے خلاف عوامی تحریک کی جانب سے گاؤں دودو برہمانی سے واہی پانڈی تک مارچ کیا گیا۔ مارچ میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ مارچ کے دوران ”گورکھ، کارونجھر، کاچھو، کینجھر، ہالیجی کو بچاؤ” کے لیے پرجوش نعرے لگائے گئے۔مارچ کے دوران ”سندھ سوکھ رہی ہے، او شیطان! کیسے چلے گا پاکستان”، ”سندھ بنے بن رہی ہے ریگستان، کیسے چلے گا پاکستان”، اور ”زمینوں پر قبضے نامنظور” کے فلک شگاف نعرے گونجے۔ مارچ کو عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، مرکزی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ماہ نور ملاح، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ راحیل بھٹو، عوامی تحریک ضلع دادو کے صدر ایڈووکیٹ نجیب الرحمٰن مہیسر، ایڈووکیٹ ذوالفقار چانڈیو، سجاگ بار تحریک کے مرکزی صدر فاضل کھوسو، سندھی شاگرد تحریک کے رہنما عاطف ملاح، مختار گائنچو، شیخ جمال برہمانی، لال بخش بروہی، میانداد برہمانی، کرم رستمانی، منیر برہمانی، عبد الکریم لغاری، ریاض پیچوھو، سندھیانی تحریک کی رہنما چنگل برہمانی، زیبل برہمانی، وحید بروہی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے نور احمد کاتیار نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت کارونجھر کی 36 ہزار ایکڑ زمین کسی کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ سندھی عوام مسترد کرتا ہے۔ SIFC کے تحت ملک کو بیچنے کا عمل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی سی سی آئے کا ڈراما بند کرے، مراد علی شاہ نے سندھیوں کو اقلیت میں کرنے والی مردم شماری کے نتائج بھی سی سی آئے سے منظور کروائے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے تحت کارونجھر کی 36 ہزار ایکڑ زمین کمپنی کے حوالے کر دی ہے۔ گورکھ کی 10 ہزار ایکڑ زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ کاچھو، دادو، عمرکوٹ، خیرپور، بدین اور دیگر اضلاع کی لاکھوں ایکڑ زمینیں کارپوریٹ زرعی فارمنگ منصوبوں کے لیے دی جا رہی ہیں، جو سندھیوں کو ان کے اپنے وطن میں بے وطن کرنے کی سازش ہے۔ اس سازش میں ملک کا صدارتی ہاؤس ملوث ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: عوامی تحریک
پڑھیں: