محمود اچکزئی کا چترال سے بولان تک پشتونستان صوبہ بنانے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
کوئٹہ : پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود اچکزئی نے چترال سے بولان تک پشتونستان صوبہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔
کوئٹہ میں پشتون قومی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمران نہ آئین کا سوچتے ہیں ، نہ عوام کی پروا ہے اور نہ اسلامی روایات کا خیال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک نہ ہی اسلامی ہے اور نہ ہی جمہوری ، ہماری جماعت تمام انسانوں کوایک جیسا سمجھتی ہے، کسی قوم یا نسل سے ہو اس بنیاد پر فاصلے ناپنا ہماری جماعت میں گناہ ہے۔
سربراہ پشتونخوا میپ کا کہنا تھاکہ آج پاکستان میں تمام اقوام کے صوبے ہیں لیکن پشتونوں کو مختلف خطوں میں بانٹا گیا، مطالبہ ہے کہ چترال سے بولان تک پشتونستان صوبہ بنایا جائے، ہم یہ صوبہ ہر صورت لیں گے، ہم مطالبات کے لیے لڑ سکتے ہیں لیکن لڑیں گے نہیں۔
محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارے اکابرین نے اس ملک کے شہری کے طور پر حقوق کا مطالبہ کیا، جو لوگ ہمارے ساتھ اس خطے میں آباد ہیں ان کے حقوق ہمارے برابر ہیں، پشتون اقوام نے جو خاموش قربانیاں دیں، اب بد ترین ظالم بھی مان رہے ہیں کہ پشتونوں کے لیے خطہ ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی حکومت میں آئین کی خلاف ورزی کی گئی تو ہم اسے نہیں مانیں گے، پاکستان سے نکالے جانے والے مہاجرین کو افغانستان قبول نہیں کرتا، اگر مہاجرین کے پاکستان میں پیدا ہونے والے بچوں کو پاکستان اور افغانستان قبول نہ کریں تو وہ کہاں جائیں؟ اگر ایسا رہا تو ہم مجبور ہوں گے کہ ہم اقوام متحدہ کے پاس جائیں۔
سربراہ پختونخوا میپ نے کہا کہ پیکا ایکٹ، اس میں جرمانوں اور سزاؤں کو بھی مسترد کرتے ہیں ، پیکا ایکٹ عوام کی آواز دبانے اور انہیں جلسے جلوس اور جرگے کرنے سے روکنے کیلئے لایا گیا، آپ نے پیکا ایکٹ میں اپنے تحفظ کیلئے ترمیم کردی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے الیکشن میں جھوٹ بولا اور دھاندلی کی ، آپ کیلئے کیا سزا ہونی چاہیے، پاکستان میں 4 ماہ کیلئے ان جماعتوں پر مشتمل عبوری حکومت تشکیل دی جائے جو موجودہ حکومت میں شامل نہ ہو،4 ماہ کے اندر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
جرگے کا دوسرا روز: پاکستان کے خیر خواہ، ساحل، وسائل پر مقامی آبادیوں کی ملکیت تسلیم کی جائے: محمود اچکزئی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) پشتونخواہ میپ کے زیر اہتمام دوسرے روز بھی اولسی جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔ جرگے میں سیاسی جماعتوں اور قبائلی اکابرین نے شرکت کی۔ چیئرمین پی کے میپ اور سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے جرگہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ملک چلانے کا واحد حل یہ ہے کہ متفقہ آئین کی بالادستی تسلیم کی جائے۔ آئین کے مطابق ساحل اور وسائل پر مقامی آبادیوں کی ملکیت تسلیم کی جائے۔ قیام پاکستان کیلئے پشتونوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، کچھ مسائل دشمن کے پیدا کردہ اور کچھ ہماری اپنی غلطیاں ہیں۔ پاکستان ہمارا ملک ہے یہاں مختلف اقوام آباد ہیں۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ آپ نے انتخابات پر جو ڈاکہ ڈالا ہے، جو جھوٹ بولا ہے اس کا کیا ہو گا؟ 8 فروری کے انتخابات بانی پی ٹی آئی کی پارٹی جیت چکی ہے۔ اس پر یہ قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ یہ تماشے نہیں چلیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کو جلد سے جلد رہا کرنا چاہئے۔ پشتونوں کے مسائل کے حل کے لئے ایک جرگہ کافی نہیں، مزید بیٹھکیں کرنا ہوں گی۔ ایوان اور باہر میں ایک ہی موقف رکھتا ہوں۔ پاکستان ہمارا وطن ہے، ہم اس کے خیرخواہ ہیں ہمارے مطالبے کی غلط تشریح نہ کی جائے۔