شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایلکس ہیلز اور سیم کرن کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ڈیزرٹ وائپرز نے شارجہ واریئرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہیلز نے 36 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جبکہ کرن نے 33 گیندوں پر شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ ان دونوں نے وائپرز کو 14.5 اوورز میں فتح دلائی اور پلے آف مرحلے کے قریب پہنچ گئی۔
اس سے قبل ڈیوڈ پین نے 2 وکٹیں حاصل کرکے وائپرز کے لئے سمت متعین کی۔ متحدہ عرب امارات کے خزیمہ تنویر نے مڈل اور لوئر آرڈر میں 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیسن رائے نے 38 گیندوں پر 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
151 رنز کا دفاع کرنے والی ٹیم کے لئے ابتدائی کامیابیاں اہم تھیں اور ایڈم ملن نے پہلے چار اوورزمیں فخر زمان اور ڈین لارنس کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کے لئے مثالی آغاز کیا۔
تاہم ایلکس ہیلز اور سیم کرن نے ہدف کے تعاقب کا کنٹرول سنبھال لیا۔ ابتدائی طور پر محتاط رہنے والے ہیلز نے 13 ویں اوور میں محمد جواد اللہ کی گیند پر لگاتار 3 چھکے لگا کر 36 گیندوں پر نصف سنچری بنائی۔ ہیلز نے اننگز کا اختتام 7 چوکے اور 5 چھکوں سے کیا۔
سیم کرن نے جلد ہی اس کی پیروی کرتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی انہوں نے 14 ویں اوور میں ایڈم زمپا کو چھکا اور 2 چوکے لگائے جبکہ ٹم ساؤتھی کے 15 ویں اوور میں 19 رنز بنا کر وائپرز کی پوزیشن مضبوط کی۔ کرن نے 33 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی جس کی بدولت وائپرز نے آسانی سے 14.

5 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔
پہلی اننگز میں ڈیوڈ پین نے وائپرز کو پہلی برتری دلائی اور نئی گیند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جانسن چارلس اور ایوشکا فرنینڈو کو پہلے پانچ اوورز میں آؤٹ کر دیا۔
کوہلر کیڈمور نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ونندو ہسارنگا کی گیند پر چھکا لگایا۔ تاہم لیگ اسپنر نے اسی اوور میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے بلے باز کو 36 گیندوں پر 42 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ 10 اووز کے اختتام پر واریئرز کا اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز تھا۔
جیسن رائے نے صرف 35 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بنائی۔ محمد عامر نے 17 ویں اوور میں ان کی وکٹ حاصل کی۔
خزیمہ تنویر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن اسپیل کے ساتھ مڈل اور لوئر آرڈر کو ختم کردیا۔ انہوں نے ٹم سیفرٹ ، روہن مصطفی، لیوک ووڈ اور ٹم ساؤتھی کو وکٹیں حاصل کیں۔ خزیمہ کو کھیل کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

ذریعہ: Daily Mumtaz

پڑھیں:

ہاکی اداس ہے

سمیع اللہ سے کلیم اللہ، کلیم اللہ سے سمیع اللہ ۔ ۔ ۔ ماضی کے یہ جملے کسی سریلے گیت کی طرح کانوں میں رس گھولتے تھے۔ ٹی وی اسکرینوں پر نظریں جمائے افراد ہوں یا پھر ریڈیو کانوں سے لگائے ہاکی کے شیدائی، ہاکی میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی کمی نہ تھی۔

پھر پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو شاید کسی کی نظر لگ گئی، وقت کی تیز دھار نے ہاکی کو چیر کر رکھ دیا۔ فلائنگ ہارس، میرا ڈونا آف ہاکی اور ایسے کئی نام اب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔ ماضی کے دروازے کھولیں تو خوشگوار ہوا کے جھونکے آپ کا استقبال کرتے ہیں۔

قیام پاکستان کے ایک سال بعد قومی ہاکی ٹیم نے پہلی مرتبہ کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لیا۔ پاکستان نے لندن اولمپکس میں چوتھی پوزیشن اپنے نام کی۔ فن لینڈ میں ہونے والے 1952 کے اولمپکس میں بھی قومی ہاکی ٹیم چوتھے نمبر پر رہی۔

چار سال بعد میلبورن اولمپکس میں پاکستانی ٹیم کو فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 1960 کا اولمپکس پاکستان کے لیے یادگار رہا۔ بھارت سے گزشتہ اولمپکس کے فائنل کی شکست کا بدلہ لے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 1964 میں چاندی تو اگلے اولمپکس میں پھر گولڈ میڈل حاصل کیا۔

1972کے میونخ اولمپکس میں پاکستان نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ 1976 کے اولمپکس میں پہلی مرتبہ آسٹروٹرف متعارف کرائی گئی، 20 برس میں قومی ٹیم پہلی مرتبہ فائنل میں نہ پہنچی تاہم کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ پاکستان سمیت 10 ممالک نے سابقہ سوویت یونین کے افغانستان حملے کے باعث 1980 کے ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کیا۔

پاکستان نے 1984 کے اولمپکس میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، اس کے بعد ہاکی میں گولڈ میڈل ایک خواب ہی رہا۔ 1988 کا اولمپکس پاکستان اور بھارت دونوں کے لیے اچھا نہ رہا۔ قومی ٹیم 32 سال بعد سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکی، بھارت کو شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

اگلے اولمپکس میں پاکستانی ٹیم کانسی کا تمغہ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی، اس کے بعد اولمپکس میں قومی ٹیم میڈل کے لیے ترس رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے 1996 کے اولمپکس میں چھٹی، 2000 میں چوتھی، 2004 کے اولمپکس میں پانچویں، 2008 میں قومی ٹیم نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ۔

2012 میں آخری مرتبہ پاکستانی ہاکی ٹیم نے اولمپکس میں حصہ لیا اور ساتویں نمبر پر رہی۔ اگلے تین اولمپکس میں میڈل تو دور کی بات، پاکستانی ٹیم بڑے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی ہی نہیں کرسکی۔

اب بات ہو جائے ہاکی ورلڈکپ کی، ایئرمارشل نور خان نے اس کا خیال پیش کیا، خراب ملکی حالات کے باوجود 1971 کے پہلے ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے میزبان اسپین کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 1972 کے میونخ اولمپکس کے متنازع فائنل میں شکست کے بعد احتجاج کرنے کے نتیجے میں پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی لگی اور ایک ناتجربہ کار ٹیم نے 1975 کے ورلڈکپ میں شرکت کی اور فائنل تک جا پہنچی جہاں اسے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

1978 اور 1982 میں پاکستان نے ورلڈکپ میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 1986 کی ورلڈکپ کے ساتھ پاکستان کی تلخ یادیں جڑ گئیں، قومی ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر 12 ٹیموں میں سے گیارہویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نے 1990 کے ورلڈکپ کے فائنل میں جگہ بنائی تاہم اسے لاہور میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

1994 کے ورلڈکپ میں پھر پاکستان اور نیدرلینڈز فائنل میں پہنچے، قومی ٹیم نے چار سال پرانی اپنی شکست کا بدلہ لیا اور سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ چیمپیئنز ٹرافی بھی پاکستان کا آئیڈیا تھا، قومی ٹیم نے 1978، 1980 اور 1994 کی چیمپیئنز ٹرافی میں سونے کے تمغے جیتے۔ 1983، 1984، 1988، 1991، 1996 اور 1998 میں چاندی جبکہ 1986، 1992، 1995، 2002، 2003 اور 2004 میں کانسی کا تمغہ جیتا۔

اس کے بعد اب تک کسی عالمی ٹورنامنٹ میں میڈل پاکستان کے لیے خواب ہی ہے، پاکستان ہاکی کے لیے اس سے بڑی بدقسمتی کی بات بھلا کیا ہوگی کہ 2014 اور 2023 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کوالیفائی ہی نہ کرسکی۔

2018 کے ایشین گیمز میں قومی ٹیم نے لیگ میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اسے سیمی فائنل میں شکست ہوئی۔ کانسی کے تمغے کے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں ہار کی تلخی چکھنی پڑی۔ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت فائنل میں پہنچے، تاہم بارش کے باعث میچ نہیں ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر چیمپیئن قرار دیا گیا۔

پاکستان اور بھارت کی ہاکی کی بات کریں تو مجموعی طور پر قومی ٹیم کو برتری حاصل ہے، 179 میچوں میں سے 82 میں فتح اور 66 میں شکست ہوئی۔ موجودہ صورتحال کا ذکر کریں تو بھارت کی ٹیم پاکستان کے مقابلے میں بہتر دکھائی دیتی ہے۔ 2023 کے ایشین گیمز میں اسے تاریخ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے پاکستان کو 10-2 سے شکست دی۔

2024 میں ہاکی ٹیم کی کارکردگی ملی جلی رہی، مسقط میں کھیلے گئے ہاکی فائیو ایس ورلڈکپ میں سولہ ٹیموں میں سے قومی ٹیم کی نویں پوزیشن آئی۔ سلطان اذلان شاہ کپ میں قومی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہی اور 13 سال بعد فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔

قومی ٹیم نے ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں چوتھی پوزیشن اپنے نام کی، پاکستان نے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، فائنل میں تو بھارت کے ہاتھوں سے شکست ہوئی، مگر جنوبی کوریا کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی، یہ بات بھی ستم ظریفی سے کم نہیں کہ کھلاڑی ادھار کے ٹکٹوں پر چین گئے تھے۔
پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار کھیل پیش کیا، فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوا تاہم سخت مقابلے کے بعد اسے شکست ہوئی۔ نوے کی دہائی میں ہاتھوں میں ہاکی اسٹکس پکڑے بچے اور نوجوان نظر آ ہی جاتے تھے، میڈلز کے ساتھ ساتھ یہ مناظر بھی ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، کرکٹ کا کھیل سب کھیلوں پر حاوی ہے۔

قومی کھیل کہلائے جانے والے ہاکی کے ماضی یا موجودہ کھلاڑیوں کے نام سے واقف افراد آپ کو شاید ڈھونڈنے سے بھی نہ ملیں۔ کرکٹ کو تو چھوڑ دیں، غیر ملکی فٹبال کلبز کے کھلاڑیوں سے ہماری نوجوان نسل زیادہ واقف ہے۔

ہاکی کے زوال کی کوئی ایک وجہ نہیں، کوئی اسے حکومتی بے حسی قرار دیتا ہے تو کوئی ناقص انفراسٹرکچر، مختلف اداروں کی ہاکی ٹیمیں ماضی کا حصہ بنیں، نوجوانوں کو ہاکی میں اپنا تاریک مستقبل دکھائی دیا تو اپنے قومی کھیل سے دور ہوتے گئے۔ اسکولوں اور کالج میں بھی ہاکی ٹیمیں بنانے کا رجحان کم ہوا، اکثر اسپورٹس گالا میں آپ کو کرکٹ تو دکھائی دے گی مگر ہاکی نہیں۔

کسی اور سے کیا گلہ کریں، ہاکی فیڈریشن کے اختلافات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ان ہی اختلافات کی وجہ سے پاکستان کو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سے محروم ہونا پڑا۔ 17 اگست کو وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کے عہدیداروں کو معطل کرکے فیڈریشن حکام کو کام سے روک دیا تاہم چند روز بعد اسے بحال کردیا گیا۔

2024 میں دو افسوسناک واقعات بھی ہوئے، اذلان شاہ ہاکی کپ سے پہلے قومی ہاکی کی دو فیڈریشنز نے الگ الگ کیمپ لگانے کا اعلان کیا۔ کچھ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی دونوں فیڈریشنز نے کیا تھا، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے نوٹس لیا تو حکومت نے فیڈریشن کو ختم کرکے انتظام اپنے ہاتھوں میں لے لیا۔ ایک اور واقعہ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کے تین کھلاڑیوں اور فیزیو نے پولینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چاروں افراد پر تاحیات پابندی لگا دی۔

روم اولمپکس کے بعد ہاکی قومی کھیل کہلایا مگر اب یہ صرف نصاب کی کتابوں میں ہی پاکستان کا قومی کھیل ہے، اس کھیل میں دوبارہ نام بنانے کے لیے پیسے کے علاوہ نیک نیتی کی بھی ضرورت ہے، ایسے افراد کو یہ ذمہ داری سونپی جائے جن کا ایک ہی مقصد ہو کہ ہاکی کا سنہرا ماضی لوٹ آئے اور عالمی میدانوں میں پھر سے قومی ترانہ گونجے کہ ہاکی بہت اداس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

احمد کاشف سعید

احمد کاشف سعید گزشتہ 2 دہائیوں سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں۔ ریڈیو پاکستان اور ایک نیوز ایجنسی سے ہوتے ہوئے الیکٹرانک میڈیا کا رخ کیا اور آجکل بھی ایک نیوز چینل سے وابستہ ہیں۔ معاشرتی مسائل، شوبز اور کھیل کے موضوعات پر باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔

احمد کاشف سعید پاکستان ہاکی پاکستان ہاکی فیڈریشن سمیع اللہ کلیم اللہ ہاکی اداس ہے

متعلقہ مضامین

  • السپ کی 85 رنز کی شاندار اننگز نے گلف جائنٹس کو شارجہ واریئرز پر فتح دلادی
  • دبئی کیپیٹلز نے ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کے خلاف ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرکے تاریخ رقم کردی
  • ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دیدی
  • ہاکی اداس ہے
  • آئی ایل ٹی 20 میں گلف جائنٹس نے سنسنی خیز مقابلے میں ایم آئی ایمریٹس کو ہرادیا
  • مصطفیٰ ملک وزارت اوور سیز پاکستانیز اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے فوکل پرسن مقرر
  • انوکھا جملہ لکھنے پر بھارتی اسٹیڈیم کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل
  • کاشف علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی
  • ماسٹر آئل کرکٹ، پاک کورنگی اورلانڈھی فرینڈز کامیاب