وزیر داخلہ کا امریکا میں چین مخالف کسی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک دشمن مخالفین ہمارے خلاف پراپیگنڈاکر رہے ہیں، میں نے امریکا میں چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکا کے دورے کو مخالفین غلط رنگ دے رہے ہیں، کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہیں، دورہ امریکا کا مقصد دہشتگردی کے خلاف جہدوجہدتیز کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کو پراپیگنڈا کرکے غلط رنگ دیاگیا، ایسے پروپگنڈے سےفرق نہیں پڑتا، پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ دورہ امریکا پر ہم نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ہے، ہم نے امریکی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا ہےکہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش مواقع رکھتا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
جماعت اسلامی کی پاکستان کیجانب سے اسرائیل مخالف قراردار میں نرمی کی کوشش کی سخت مذمت
اپنے مذمتی بیان میں کاشف سعید شیخ نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکومت فی الفور مجوزہ قرارداد میں نرمی کرنیوالے سفارتی اہلکاروں کو برطرف، فلسطینی قوم سے معافی اور اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر جارحانہ مؤقف اپنا کر غزہ کے شہداء سے وفاداری کا ثبوت دیں۔ اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے امریکن جیوش (یہودی) کونسل کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کردہ او آئی سی کی قرارداد میں اسرائیل کیخلاف سخت شقیں نکلوانے میں پاکستانی کردار کو سراہنے والے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران ایک جانب اسرائیل کیخلاف جھوٹا مذمتی بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تو دوسری جانب درپردہ طور پر اسرائیل کیلئے نرمی اور خیرسگالی کے جذبات ان کی مسلم دشمنی اور قبلہ اول کی آزادی کو سبوتاز کرنے کی سازش کے ذریعے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں کاشف سعید نے کہا کہ 57 اسلامی ممالک کی نمائندگی کرنے والے او آئی سی کے ممالک اور ان کے نام نہاد مسلم حکمرانوں کی جانب سے پچھلے ڈیڈھ سال سے اسرائیل کی زبانی مذمت اور غزہ کے معصوم مسلمانوں کی نسل کشی پر جرأت مندانہ کردار ادا کرنے کی بجائے مگر مچھ کے آنسو بہانے کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔
کاشف سعید شیخ نے کہا کہ اب ایک مذمتی قرارداد کو بھی پاکستان کے بزدل حکمرانوں کی سہولتکاری سے مزید نرم کرنے سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ 57 اسلامی ممالک کے حکمران امریکی سامراج کی آشیرباد سے اسرائیل کی سہولتکاری اور غزہ جنگ میں حماس کیبجائے اسرائیلی ناجائز اور قابض ریاست کے ساتھ کھڑی ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کو حق دفاع ثابت کرنے والے مسلم حکمران روز محشر حضور کو کیا منہ دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ مسلمانوں کا پُرزور مطالبہ ہے کہ پاکستانی حکومت فی الفور مجوزہ قرارداد میں نرمی کرنے والے سفارتی اہلکاروں کو برطرف، فلسطینی قوم سے معافی اور اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر جارحانہ مؤقف اپنا کر غزہ کے شہداء سے وفاداری کا ثبوت دیں۔