Nai Baat:
2025-04-15@11:18:22 GMT

جوڈیشل کمیشن پر جواب

اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT

جوڈیشل کمیشن پر جواب

پی ٹی آئی فارم سینتالیس کے نعرے لگانے کے باوجو دالیکشن آڈٹ کے مطالبے سے دستبردار ہو گئی ہے اور بہت ساروں کے لئے یہ حیرت انگیز ہے مگر میرے لئے نہیں۔ میں جانتا ہوں کہ ان کے دھاندلی کے الزامات ثابت ہونے کے قابل نہیں ۔ وہ صرف فارم سینتالیس کے دعوے سوشل میڈیا پر ہی کر سکتے ہیں جہاں جعلی فارم شیئرز کرنے کی سہولت موجود ہے لیکن جب وہ الیکشن ٹریبونلز میں جاتے ہیں تو وہاں ایک ایک فارم کی سکروٹنی ہوتی ہے، فارموں کے ریکارڈ کو ووٹوں کے ساتھ جانچا جاتا ہے اور کیا یہ دلچسپ نہیں ہے کہ پی ٹی آئی ( اوراس کی اتحادی جماعت اسلامی بھی) عام انتخابات کے بعد مجموعی طور پرایک درجن سے زیادہ سیٹیں اپیلوں میں ہار چکے ہیں یعنی شورو غوغا ایک طرف مگر حقیقت میں ان حلقوں میں ان کی جیت جعلی تھی۔
پی ٹی آئی نے اب صرف دو بڑے مطالبے رکھے ہیں، پہلا نو مئی اور چھبیس نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کا قیام او ر دوسرا سیاسی قیدیوں کی رہائی، باقی سب حاشیہ آرائی ہے۔ ہم دوسرے مطالبے پر پہلے بات کریں گے۔ ان کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے ساتھ سیاسی قیدیوں کی کوئی فہرست موجود نہیں ہے اور اس سے بھی پہلے ضرورت ہے کہ سیاسی قیدی کی تعریف پراتفاق رائے کر لیا جائے۔ کیا پی ٹی آئی نو مئی کے مجرموں کو سیاسی قیدی سمجھتی ہے کیونکہ وہ سیاسی کارکن تھے یا وہ اپنے بانی اور ان کی اہلیہ کو ایک سو نوے ملین پاو¿نڈکیس میں سزا پا نے کے بعد بھی سیاسی قیدی کہتی ہے کیونکہ انہوں نے جو جرم کیا وہ بطور سیاسی رہنما اور بطور ایک پولیٹیکل پوسٹنگ میں کیا۔ قانون سیاسی اور فوجداری مقدمات میں تقسیم کرتا ہے اور یقینی طور پر یہاں بھی پی ٹی آئی کی تشریح اسی طرح نہیں مانی جا سکتی جس طرح اوسط فہم اور علم کا مالک قانون دان ثاقب نثاری عدالتوں کی اس تشریح کو نہیں مان سکتا جو بلیک لاءڈکشنری سے لی گئی۔ نو مئی کو سنگین جرم کیا گیا اور ایک سو نوے ملین پاونڈ کیس سو فیصد اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بدعنوانی کا کیس ہے۔یہ بات خود پی ٹی آئی کے لئے سمجھنے والی ہے کہ اگر نو مئی میں ملوث حملہ آور سیاسی قیدی اور اس کے کارکن قرار پاتے ہیں تو پھر منطقی طور پر ان کا کوئی منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ بھی ہوگا ۔ جیسے ہی آپ انہیں سیاسی قیدی ڈکلیئر کریں گے ، عمران خان خود بخود ماسٹر مائنڈ قرار پاجائے گا۔ریاست کے پاس اس امر کی گواہیاں موجود ہیں کہ زمان پارک میں اجلاسوں میں اس کی منصوبہ بندی کی گئی اور ہدایات جاری کی گئیں ورنہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے احتجاجیوں کو فوجی تنصیبات ہی کی طرف رخ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ یہ محض اتفاق نہیں تھا۔
میں نہیں جانتا کہ حکمران اتحادنو مئی اور چھبیس نومبر کے واقعات پر جوڈیشیل کمیشن بنانے کے مطالبے پر کیا جواب دینے جا رہا ہے مگر میرا تجزیہ کہتا ہے کہ اس پر آئین اور قانون کے مطابق انکار ہی سب سے مو¿ثر جواب ہے اور یہ عین سیاسی بھی ہے کہ حکمران اتحاد کو جوڈیشل کمیشن کی صورت میں ایک نیا پنڈورا باکس نہیں کھولنا چاہئے۔ اس پر نکات کی صورت میں بحث کرنے سے پہلے مجھے حیرت اس مطالبے پر بھی ہے کہ ماہرین قانون کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی کسی انکوائری کو کسی عدالت کے فیصلے کے طور پر لاگو نہیں کیا جا سکتا تو پھر پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیوں کیا۔ اس کی وجہ یہی نظر آتی ہے کہ وہ میکاولین اور چانکیہ سیاست کے اصولوں کے مطابق ہر اس معاملے کو مشکوک بنا دینا چاہتے ہیں،اس پر ابہام پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کی ان کے پاس دلیل، صفائی اور ثبوت موجود نہیںہیں۔ بہت دور جانے کی ضرورت نہیں، ماڈل ٹاون والے واقعات میں عدالتی کمیشن نے کون سا کمال کردکھایا، کون سے حقائق سامنے لائے گئے، یہ محض وقت کا ضیاع ہے۔
چھبیس نومبر کی بات کی جائے تو پی ٹی آئی کے دعوے ہیں کہ ان کے ایک درجن سے زائد کارکن ہلاک اور کئی درجن گم شدگان ہیں مگر ان کے نام اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مانگے گئے تو وہ نہیں دے سکے اور اسی طرح مذاکراتی ٹیم نے بھی اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ کے ساتھ مرنے والوں کے ناموں، پتوں ، شناختی کارڈوں اور ثبوتوں نام کی کوئی شے منسلک نہیں کی۔ یہ کام جوڈیشل کمیشن سے پہلے محض انتظامیہ اور پولیس کے ذریعے ہوسکتا ہے کہ مرنے والے کون تھے ۔ جوڈیشل کمیشن کس بات کی تحقیق کرے گا کہ پی ٹی آئی نے حکومت کی اجازت کے بغیر اور عدالت کے فیصلے کے خلاف ڈی چوک میں دھرنا کیوں دیا۔ یہ شرمناک تاریخ ہے کہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور بانی کی اہلیہ وہاں کارکنوں کو چھوڑ کے فرار ہو گئے تھے اور اگلے روز کئی سو کلومیٹر دورظاہرہوئے تھے۔ میں نے سوشل میڈیا پر دیکھا ہے کہ پی ٹی آئی کے ترجمان بنے کچھ ٹرول اکاو¿نٹس پر جو تصویریں شیئرکی گئی ہیں ان میں سے کئی نشئیوں کی ہیں جو سردی یا نشے کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔
مجھے نو مئی پر بات کرنی ہے اور سب سے پہلی بات اس زمینی حقیقت کی ہے کہ اس کیس میں فریق پاکستان کی فوج ہے اوراس کی مرضی کے بغیر محض مجرموں کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا کہ اگر مطالبے کو مان لیا جائے کیونکہ یہ ایک سیاسی دھڑے کی طرف سے مطالبہ ہے تو کل ہر قبضہ گروپ اوربدمعاش حملہ کرنے کے بعد تحقیقاتی کمیشن کا مطالبہ کر دے گا۔ معاملہ یہ ہے کہ قانون کے مطابق عدالتی کمیشن مشکوک معاملات پربنتے ہیں واضح جرائم پر نہیں، جرائم پر ایف آئی آرز ہوتی ہیں، مقدمے چلتے ہیں جو کہ چل رہے ہیں۔ ہم نومئی پر اگر تحقیقاتی کمیشن کی ضرورت کو مان لیں تو پھر وہ تمام معاملات جو انسداد دہشت گردی کی عدالتوں سپریم کورٹ تک میں زیر سماعت ہیں تو ان کی قانونی حیثیت کیا ہوگی۔ اگر پی ٹی آئی والے ان مقدمات میں ملوث نہیں نکلیں گے تو بری ہوتے جائیں گے اوربیسیویں بری اور رہا ہوئے بھی ہیں لیکن اگرایک تحقیقاتی کمیشن بنتا ہے تو پھر تمام عدالتوں کو بند کر دیا جائے یا ختم کر دیا جائے۔
میرا تجزیہ ہے کہ عمران خان جیل میں بیٹھے ہوئے اوور سمارٹ بننے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنی پوری پارٹی کو کٹھ پتلیوں کی طرح چلا رہے ہیں۔ وہ جیل میں کہتے ہیں کہ جاو اسلام آباد پر حملہ کر دو تو کٹھ پتلیاں خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کے ساتھ وفاق پر حملہ کر دیتی ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ جاو مذاکرات کرو تو یہ کٹھ پتلیاں مذاکرات کا راپ الاپنے لگتی ہیں۔ سیاسی سمجھ بوجھ کا تقاضہ یہی ہے کہ اس فتنے اور فساد کو راہ دینے کی بجائے منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔فوج سے بغض میںکچھ رہنما اس کی سیاسی سہولت کاری نہ کریں تو بہتر ہے۔ یہ گرو ہ سیاسی میدان سے بھی اسی طرح بھاگ نکلے گا جیسے ڈی چوک سے بدمعاشی کرتے ہوئے بھاگا تھا۔

.

ذریعہ: Nai Baat

کلیدی لفظ: جوڈیشل کمیشن سیاسی قیدی مطالبے پر پی ٹی آئی کے مطابق کے ساتھ تو پھر ہیں کہ ہے اور

پڑھیں:

دہشت گردی، بڑا چیلنج

پاکستان کو قومی ترقی میں چند بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر مختلف حکمت عملیاں اختیار کی جاتی ہیں مگر اس کے باوجود بہتر نتائج حاصل نہیں ہو رہے ہیں۔اس کی ایک بنیادی وجہ یہ بھی ہے کہ یا تو ہمیں مسائل کا حقیقی ادراک نہیں یا ہم ان مسائل کا ادراک رکھنے کے باوجود کچھ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

اگرچہ ہمیں سیاسی، انتظامی، معاشی، حکمرانی اور سیکیورٹی کے تناظر میں مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے۔پچھلے دنوں گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2025 کی رپورٹ میں پاکستان کو تجویز دی گئی ہے کہ اسے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے فوجی سیاسی، سماجی اور معاشی اقدامات لینے ہوں گے۔

اس رپورٹ کے بقول پاکستان دہشت گردی کے موجودہ خطرے سے نمٹنے کے لیے وقت پر بیدار نہ ہوا تو معاشی بحالی اور قومی ہم آہنگی کے خواب چکنا چور ہو سکتے ہیں۔اسی طرح متحرک حکمت عملی اور طویل مدتی اہداف پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ایک موثر انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی تیار کرنا ہوگا۔

گلوبل ٹیررازم انڈیکس کی یہ رپورٹ ہماری قومی ترجیحات کے تعین میں بھی توجہ دلاتی ہے اور ہمارے داخلی سیاست کے مسائل کے ساتھ ساتھ علاقائی سیاست بالخصوص افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات میں بداعتمادی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دہشت گردی کے بحران کی بھی نشاندہی کرتی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں موجودہ دہشت گردی کی لہر داخلی،علاقائی اور عالمی سیاست سے منسلک مسائل کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔

ہمیں دہشت گردی کے مسائل کو سیاسی تنہائی میں دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کوبھی ایک بڑے قومی اور علاقائی فریم ورک میں دیکھ کر موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہی ہمارے ریاستی مفاد میں ہوگا۔دہشت گرد جس بڑے اندازکو بنیاد بنا کر پاکستان کی ریاست کی رٹ اور اداروں کو چیلنج کر رہے ہیں وہ واقعی ہمارے لیے تشویش کا پہلو ہے۔گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں یہ بھی انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ 2023میں ہونے والے 517 دہشت گرد حملوں کے مقابلے میں 2024 میں ہمیں ایک ہزار 99 حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خیبر پختون خواہ اور بلوچستان ملک کے سب سے زیادہ متاثرہ حصے ہیں جہاں 96 فیصد دہشت گردی کے حملے ہوئے ہیںجو یقیناً ایک بڑا چیلنج ہے۔

بنیادی طور پر اس طرح کی عالمی سطح پر جاری ہونے والی رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات پیچیدہ اور سنگین ہیں۔یہ معاملات پاکستان کی داخلی اور خارجی سطح پر جو تصویر پیش کرتے ہیں اس پر مختلف نوعیت کے سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔ایسے لگتا ہے کہ ہم اپنی تمام تر حکمت عملیوں اور کوششوں کے باوجود دہشت گردی کی جنگ سے باہر نہیں نکل رہے اور دہشت گرد ہماری ریاست کو کمزور کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستان حکومتی اور معاشرتی سطح پر سیاسی تقسیم کا شکار ہے۔سیاسی اور معاشی استحکام نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ بھی ہماری داخلی سطح پر سیاسی فیصلہ سازی کا عمل ہے اور ہم داخلی سیاست میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

اگرچہ ہمارے حکمران بضد ہیں کہ ہم سیاسی اور معاشی طور پر درست سمت میں ہیں اوراعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ہم نے ترقی کی طرف اپنا سفر شروع کر دیا ہے۔ان کے بقول دہشت گردی پر بھی کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں دہشت گردی کا ہر سطح پر خاتمہ ہوگا اور اس پر کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔یہ حکمرانوں کا بیانیہ ہے جب کہ ہمارے حقیقی مسائل حکمرانوں کے پیش کردہ ترقی پر مبنی خیالات سے مختلف ہیں۔دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر جو بھی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہیں اس میں اتفاق رائے کا فقدان ہے۔دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کی سیاسی قیادت حکومت کے مقابلے میں مختلف جگہ پر کھڑی ہے۔

یہ ہی وجہ ہے کہ دہشت گردی کی جنگ سے نمٹنے کے لیے ہمیں جو قومی اتفاق رائے درکار ہے اس میں کئی طرح کی سیاسی مشکلات کا سامنا ہے۔ افغانستان مسلسل ہمارے لیے درد سر بنا ہوا ہے اور پاکستان میں جو بھی دہشت گردی ہو رہی ہے اس کے ایک بڑے تانے بانے عملاً افغانستان سے جڑتے ہیں۔لیکن افغانستان سے ٹی ٹی پی کے حوالے سے جو ہمیں معاونت درکار تھی وہ نہیں مل رہی۔ایک اچھی پیش رفت حالیہ دنوں میں یہ ہوئی ہے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی طور پر کچھ مثبت پہلو اور بات چیت کا عمل سامنے آیا ہے۔بات چیت اور مکالمے کی بنیاد پر مسائل کے حل کے لیے یہ دو طرفہ دروازہ بند نہیں ہونا چاہیے۔

سیاست کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے اور تمام تر اختلافات کے باوجود سیاسی جماعتوں کو سیاست سے دور رکھنے کی پالیسی سے ہر سطح پر گریز کیا جانا چاہیے۔اسی طرح سیاسی جماعتوں کو بھی اس بات کو مدنظر رکھنا ہوگا کہ ان کی سیاست اپنی جگہ مگر ریاستی مفاد زیادہ اہم ہوتا ہے، اس لیے سیاسی جماعتوں کو بھی ریڈ لائن کراس نہیں کرنی چاہیے ۔

دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہمیں بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں سیاسی یا غیر سیاسی فریقین کو اعتماد میں لینا ہوگا ان سے بات چیت کرنی ہوگی ۔دہشت گردی کی یہ جنگ پاکستان کی جنگ ہے اور پاکستان میں ہر فریق چاہے وہ حکومت کا حصہ ہو یا حکومت سے باہر ہو اسے مل کر لڑنی ہے۔اگر ہم دہشت گردی کی اس جنگ میں خود باہمی ٹکراؤ یا تضادات کا شکار ہو جائیں گے تو پھر اس جنگ میں کامیابی کے امکانات بھی اور زیادہ محدود ہوں گے۔

جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہمیں دہشت گردی کی جنگ کے تناظر میں غیر معمولی حالات کا سامنا ہے تو پھر ہماری حکمت عملی بھی غیر معمولی اقدامات پر مبنی ہونا چاہیے۔علاقائی صورتحال میں بھی افغانستان سمیت بھارت کے ساتھ میں اپنے معاملات کو آگے بڑھانا چاہیے۔ بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری اسی صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب یہ دونوں ممالک بھی پاکستان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کریں اور تعلقات کو بہتر بنائیں۔کیونکہ علاقائی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی بہتری کا عمل محض ان ملکوں تک محدود نہیں بلکہ اس کے مجموعی بہتر اثرات خطے کی سیاست پر بھی پڑیں گے۔

متعلقہ مضامین

  • سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں مزید 2 ججز شامل کرنے کا فیصلہ
  • ججز کی نامزدگیوں کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب
  • چیف جسٹس آف پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا
  • دہشت گردی، بڑا چیلنج
  • آئینی بینچ میں مزید دو ججز شامل کرنے کیلیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب
  • آئینی بینچ میں مزید دو ججز شامل کرنے کا فیصلہ
  • آئینی بینچ میں مزید دو ججز شامل کرنے کا فیصلہ،چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کر لیا
  • آئینی بینچ میں مزید دو ججز شامل کرنے کا فیصلہ
  • امریکی ٹیرف پر پریشان ، جواب کا ارادہ نہیں، وزیر خزانہ
  • چیئر مین پبلک سروس کمیشن آزاد کشمیر نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا