پاک ڈیٹاکام میں مالی خورد برد پر تشویش کا اظہار کرنے والے 5 سینئر ملازمین برطرف
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
ملازمین نے وزارت اور پاک ڈیٹا کام کے چیئرمین سید زوما محی الدین کو ارسال کی گئی اپنی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایم ڈی، قائم مقام چیف فنانشل افسر (سی ایف او) اور انٹرنل آڈٹ ٹیم میں بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اسلام ٹائمز۔ وزارت انفارمینش ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کے ماتحت ادارے پاک ڈیٹاکام نے سرکاری ادارے میں مبینہ بے ضابطگیوں اور مالی خورد برد پر تشویش کا اظہار کرنے والے 5 سینئر ملازمین کو برطرف کردیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الزامات کی تحقیقات کرنے والی ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی 6 ماہ بعد بھی اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دینے میں ناکام رہی ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ یہ معاملہ وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے سامنے اٹھایا گیا تھا جنہوں نے جولائی 2024 میں پاک ڈیٹا کام بورڈ کو ہدایت کی تھی کہ وہ منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ذوالفقار علی کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرے، ان ہدایات کے باوجود، وزارت کو حال ہی میں مطلع کیا گیا تھا کہ رپورٹ پر ابھی بھی کام جاری ہے۔
کمپنی انتظامیہ نے وحید محمود سمیت 5 ملازمین کو برطرف کردیا جنہوں نے بورڈ ممبران کو خط لکھ کر سی ای او پر شوکاز نوٹس یا انتباہ جاری کیے بغیر غلط برطرفی کا الزام لگایا تھا، برطرف کیے گئے ملازمین پر سرکاری مراتب پر عمل نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ملازمین نے وزارت اور پاک ڈیٹا کام کے چیئرمین سید زوما محی الدین کو ارسال کی گئی اپنی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے ایم ڈی، قائم مقام چیف فنانشل افسر (سی ایف او) اور انٹرنل آڈٹ ٹیم میں بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ شکایت کے مطابق ایم ڈی کو مبینہ طور پر بورڈ کی منظوری کے بغیر 60 لاکھ روپے اعزازیہ دیا گیا، ایم ڈی نے اس تجویز کو خود پیش کیا اور خود ہی منظور کرلیا جبکہ سی ایف او نے کوئی اعتراض نہیں کیا اور 2024 کی پہلی سہ ماہی میں رقم منتقل کردی ۔
غیر ملکی دوروں، دفتر میں ویلنٹائن ڈے منانے، غیر قانونی بھرتیوں اور قائم مقام سی ایف او کے مبینہ رشتیدار سابق ایم ڈی کو مشکوک معاوضے ادائیگی کے بارے میں بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔ ایک شکایت کنندہ نے ڈان کو بتایا کہ سینئر تکنیکی عملے کی غفلت کی وجہ سے کمپنی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے ساتھ وی سیٹ منصوبوں سمیت بڑے معاہدوں سے ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزارت آئی ٹی کو 60 لاکھ روپے کے اعزازیے سمیت ان مسائل کو اجاگر کیا تاہم اگلے ہی دن ایم ڈی نے ہمیں بلایا، ہمیں دھمکی دی اور ہماری ملازمت کو فوری طور پر ختم کر دیا۔ شکایت کنندگان نے اسسٹنٹ منیجر کے عہدے کے لیے ایک مشکوک اشتہار کی طرف بھی اشارہ کیا جس کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 55 سال رکھی گئی ہے اور اسے مخصوص امیدواروں کے حق میں تیار کردہ قرار دیا۔
برطرفیوں کے بعد ملازمین نے پاک ڈیٹا کام بورڈ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں شکایات درج کرائی تھیں، بورڈ کے ڈائریکٹر اور ہیومن ریسورس کمیٹی کے رکن محمد وحید کو جولائی 2024 میں اس معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ بورڈ کے رکن محمد اعزاز خان نے اگست 2024 میں تحقیقات کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے کمیٹی پر زور دیا کہ وہ سی ای او کی جانب سے بدسلوکی کے الزامات کو حل کرے۔ ان ہدایات کے باوجود فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ابھی تک اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے، پاک ڈیٹا کام کے چیئرمین سید زوما محی الدین اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے ترجمان نے رابطہ کرنے سے انکار کر دیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پر تشویش کا اظہار پاک ڈیٹا کام سی ایف او کام کے ایم ڈی
پڑھیں:
مراکش کشتی حادثہ: وزارت خارجہ کا بچنے والے پاکستانیوں کو واپس لانے کا اعلان
مراکش کشتی حادثہ: وزارت خارجہ کا بچنے والے پاکستانیوں کو واپس لانے کا اعلان WhatsAppFacebookTwitter 0 25 January, 2025 سب نیوز
اسلام آباد (آئی پی ایس )دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا، وزارت خارجہ مراکش کے حکام سے رابطے میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ مراکش حادثے میں بچنے والے 22 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے رابطہ کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کشتی حادثے سے متلق مراکش حکام کے ساتھ مکمل تحقیقات کے بعد ان افراد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا، پاکستانی سفارت خانہ بھی ان کی وطن واپسی کیلئے کام کر رہا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ سفارت خانے کی قونصلر ٹیم نے زندہ بچنے والوں کی واپسی کے لئے اہم کردار ادا کیا اور وزارت خارجہ کا کرائسز منیجمنٹ یونٹ صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ متاثرہ افراد کو ضروری مدد کی فراہمی کے لیے اہلخانہ کے ساتھ رابطے میں ہے، متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر شناخت کا عمل تیزی سے مکمل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ موریطانیہ سے 11 پاکستانی شہریوں کی واپسی میں بھی سہولت فراہم کر رہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 16 جنوری کو غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔