حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات بحال ہونے کے امکانات اچانک روشن
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان مذاکرات بحال ہونے کے امکانات اچانک روشن ہوگئے ہیں۔ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اوائل ہفتہ مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
ہفتے کو انہوں نے حزب اختلاف کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرانے کی شرط پر اس سے رجعت کا عندیہ دیا ہے۔
اس دوران تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے استدعا کی ہے کہ وہ معاملے میں مداخلت کریں اور عمران کی فرمائش پوری کردیں تاکہ وہ مذاکرات کی بحالی کے لئے فیصلے کا اعلان کرسکیں۔
انہوں نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اسپیکر سے گفتگو کرکے انہیں خان کی خواہش سے آگاہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین جو کل (پیر) عمران سے ملاقات کرکے انہیں مذاکرات جاری رکھنے کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کرینگے ایک مرتبہ پھر فریقین کے درمیان رابطے قائم کرنے کے لئے سرگرم ہوگئے ہیں۔
انہوں نے ہفتے کی شام نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خان سے ملاقات کرکے ان کی اجازت حاصل کرینگے تاکہ مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی دو روز میں عمران خان سے ملاقات ہوجائے گی، بیرسٹر عقیل
مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ امید ہے کہ کل یا پرسوں مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی، تاہم انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی باضابطہ طور پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا کہہ دیں ، اگر وہ ہمیں کہیں گے تو ہم ملاقات کرا دیں گے۔
رہنما ن لیگ بیرسٹر عقیل ملک نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا بہانہ بنایا جا رہا ہے اور یہ کہا جا رہاہے کہ بانی پی ٹی آئی سے بس ایک ملاقات کرا دیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یوٹرن لیا اور کہا مذاکرات میں حصہ نہیں لیں گے ، اب امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ کل یا پرسوں مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہو جائے گی تاکہ ہم 28 جنوری سے پہلے حجت تمام کر لیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ باضابطہ طور پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو بھی بانی پی ٹی آئی سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا کہہ دیں، اسپیکر اگر ہمیں کہیں گے تو ہم ملاقات کرا دیں گے۔
عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات دیے تو اب ہم نے اپنا ردعمل دینا ہے جو ہم نے جواب دینا ہے وہ ان کے سامنے ہوگا۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے میٹنگ میں آجائیں تو ان کو مایوسی نہیں ہوگی، میٹنگ میں ہمارا پوائنٹ بھی سامنے آنا چاہیے کم از کم دونوں فریقین میں نشست کا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکراتی عمل میں 7 جماعتیں شامل ہیں ، سب نے اپنی جماعت کی لیڈر شپ سے مشاورت کرنی ہے، پی ٹی آئی کے کچھ بہت بے تکے مطالبات ہیں۔