طویل مدت بعد اشیا خورو نوش کا بڑا قافلہ پاراچنار پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
پاراچنار(آن لائن)طویل مدت کے بعد بڑا قافلہ پاراچنار پہنچنے کے بعد شہریوں کی مشکلات میں کمی آگئی۔ اشیائے خور و نوش کے ٹرک پہنچنے کے بعد قیمتوں میں کمی آگئی، معمول کے مطابق نرخ دیکھ کر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ٹماٹر 450 سے 150 روپے پر آگیا، پیاز 600 سے 250، مٹر 750 سے 250 گوبھی اور ٹنڈا بھی 500 سے 300 روپے اور ہری مرچ 800 سے 400 روپے فی کلو پر آگئی۔پھلوں میں مالٹا 600 سے 400 پر آگیا، لیموں 800 سے 500 تک آگیا، انار ایک ہزار روپے سے 800 روپے پر آگیا، زندہ مرغی کی قیمت 1000 روپے سے 500 روپے پر آگئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس طرح چند کانوائے مزید آجائیں تو لوگوں کی مشکلات میں کمی آجائے گی، آمد و رفت کے راستوں پر ترسیل کو اس طرح بحال کیا جائے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
اشیائے خور و نوش اور ادویات کی مزید کھیپ کرم روانہ، گن شپ ہیلی کاپٹر سے نگرانی
ڈی آئی خان:اشیائے خور و نوش اور ادویات کی مزید کھیپ اپر کرم کے لیے روانہ کردی گئی جب کہ قافلے کی نگرانی گن شپ ہیلی کاپٹر سے کی جا رہی ہے۔
مشیر صحت احتشام علی کے مطابق اپر کرم کے لیے ادویات کی مزید کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ضروری ادویات کی ایک اور کھیپ پاڑا چنار روانہ کی گئی ہے، جو ایم ایس پاڑا چنار کے حوالے کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ 1500 کلو وزنی ادویات حکومت کے ہیلی کاپٹر میں ایک ہی پرواز کے ذریعے پاڑا چنار بھیجی جارہی ہیں۔ان ادویات میں انٹی بائیوٹکس، سیرپ، پین کلرز، بچوں کے لیے ادویات شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک زمینی رابطہ بحال نہیں ہوتا، ہیلی کے ذریعے ادویات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ادویات کی اگلی کھیپ اگلے ہفتے روانہ کی جائے گی۔
دوسری جانب اشیائے خور و نوش لے کر ٹرک ٹل پہنچ گئے ہیں۔ یہ قافلہ سخت سکیورٹی میں روانہ ہو چکا ہے جو علیزئی کا علاقہ کراس کر چکا ہے۔ گن شپ ہیلی کاپٹر کے ذریعے قافلے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
اُدھر مقامی انتظامیہ کے مطابق ضلع کرم میں بحالی کا عمل جاری ہے۔ بگن، گوزگری اور پی سی آر میں معاوضے کے چیکس کی تقسیم اور بگن کی عمارتوں پر بھی بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔
کرم کے مختلف واقعات میں نقصان اٹھانے والے پرامن افراد اور خاندانوں میں معاوضے کی تقسیم کا سلسلہ آج سے شروع کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں توریل چیک پوسٹ سے بھی کرم کے لیے قافلہ روانہ ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ کی نگرانی میں 70 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ روانہ کیا گیا، جس میں سبزی، پھل، آٹا، گھی، چینی، مرغی، انڈے اور مختلف قسم کی اشیائے خور و نوش شامل ہیں۔ قافلے کی حفاظت کے لیے جگہ جگہ سکیورٹی جوان تعینات کیے گئے ہیں۔قافلہ ٹل سے علیزئی پہنچ چکا ہے۔