Jasarat News:
2025-01-27@04:10:24 GMT

ٹرمپ کی واپسی۔۔۔۔۔۔۔۔ایک نئی دنیا کا آغاز؟

اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT

ٹرمپ کی واپسی۔۔۔۔۔۔۔۔ایک نئی دنیا کا آغاز؟

ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت ہمیشہ تنازعات کا مرکز رہی ہے، اور ان کے موجودہ اقدامات اس تسلسل کو مزید نمایاں کر رہے ہیں۔ تازہ ترین معاملے میں ایک امریکی فیڈرل جج نے ان کے اس ایگزیکٹو آرڈر کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے جس کے تحت پیدائشی شہریت کے قانون میں تبدیلی کی جا رہی تھی۔ یہ قانون جو امریکی آئین کی چودھویں ترمیم کے تحت قائم ہے، امریکا میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو شہریت کا حق دیتا ہے۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے، جس سے ایک نیا قانونی تنازع کھڑا ہوسکتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدر واپسی امریکی سیاست کا ایک غیر معمولی موڑ ہے، لگتا ہے وہ ایک نئی دنیا کی تشکیل کرنے جارہے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کی ایک لیک شدہ اندرونی دستاویز کے مطابق امریکا نے تمام جاری غیر ملکی امداد کو معطل کر دیا ہے اور کسی بھی نئی امداد کی عملدرآمد پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، یہ میمو امریکی حکام اور بیرونِ ملک امریکی سفارتخانوں کو ارسال کیا گیا تھا، مذکورہ دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف خوراک کی ہنگامی امداد اور اسرائیل ومصر کے لیے فوجی امداد کو اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہے۔ امریکا بین الاقوامی امداد فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں 68 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے۔ اسی طرح انہوں نے اپنی افتتاحی تقریر میں نہ صرف گزشتہ انتخابات کو ’’تاریخ کے نتیجہ خیز ترین انتخابات‘‘ قرار دیا بلکہ امریکا کے زوال کو ختم کرنے اور سنہری دور کے آغاز کا اعلان کیا۔ ان کے اس بیان میں سیاسی ایجنڈے کی جھلک نظر آتی ہے جو ایک مرتبہ پھر صرف امریکی مفادات کو ترجیح دینے سے متعلق ہے۔

ٹرمپ کے اس فیصلے میں امریکا کے بیرونِ ملک سفارت خانوں اور مشن کے دفاتر پر پرائیڈ فلیگ (ہم جنس پرستوں کا جھنڈا) یا بلیک لائیوز میٹر (سیاہ فاموں کی حمایت میں) کے جھنڈوں پر پابندی عائد کر کے ’’پرچمِ واحد‘‘ کی پالیسی نافذ کرتے ہوئے صرف امریکی پرچم لہرانے کی ہدایت بھی شامل ہے، جس سے کئی اہم مغربی ایشوز پر امریکا کی پریشانی اور داخلی کشمکش کا پتا چلتا ہے، بلکہ ان کی نئی پالیسی کی ترجیحات بھی واضح ہو رہی ہیں، ٹرانس جینڈرز سے متعلق بائیڈن کا یہ ایگزیکٹو آرڈر 2021ء میں جاری ہوا تھا، جس کا بظاہر مقصد صنفی شناخت کو فوج میں خدمات انجام دینے میں رکاوٹ کے طور پر ختم کرنا تھا۔ لیکن متعلقہ لوگوں کا خیال ہے کہ بائیڈن کی پالیسی کی منسوخی کے باوجود اِس وقت خدمات انجام دینے والے ٹرانس جینڈر اہلکاروں پر فوری طور پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ تاہم ٹرمپ کی یہ کارروائی مستقبل میں ان کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ حکومت میں توانائی کے شعبے میں خودانحصاری، سرحدی سیکورٹی کو بہتر بنانا اور مشرق وسطیٰ میں امن معاہدے جیسے اقدامات اہم کامیابیاں سمجھی جاتی ہیں تاہم ان کی پالیسیوں پر کثرت سے تنقید بھی ہوئی، خاص طور پر امیگریشن پالیسیوں کے حوالے سے۔ ان کی جانب سے میکسیکو بارڈر پر ایمرجنسی لگانے اور غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کی مہم نے امریکا کے اندر اور باہر ایک بڑی بحث چھیڑ دی تھی، صدر ٹرمپ کے نئے دور کی ابتدا ہی ایگزیکٹو آرڈرز کے ساتھ ہوئی ہے، ان کے پہلے دن جاری کیے گئے ایگزیکٹو آرڈرز کی تعداد ریکارڈ توڑنے والی رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

ٹرمپ کے خیالات اور اقدامات بین الاقوامی تعلقات پر بھی گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں، نہر پاناما کے حوالے سے بیان کہ امریکا کو اسے واپس لینا چاہیے اُن کے جارحانہ رویے کا عکاس ہے۔ اسی طرح ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں کینیڈا کو امریکی ریاست بنانے کی حیرت انگیز پیشکش نے بحث کو جنم دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کے دورِ حکومت میں جمہوری اقدار اورعدالتی نظام کے درمیان کشمکش بھی جاری رہی ہے، سابقہ دور میں ان کے کئی فیصلے عدالتوں میں چیلنج کیے گئے تھے اور نئے دور میں بھی ایسی ہی توقعات ہیں، مثال کے طور پر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر اور کینیڈی برادران سے متعلق فائلوں کو منظر عام پر لانے کے حکم کو ان کے ناقدین سیاسی حربہ قرار دے رہے ہیں۔ ٹرمپ کے نئے دور کے آغاز نے ایک بات واضح کردی ہے کہ ان کی پالیسیوں کا مرکز ’’پہلے امریکا‘‘ اور ’’خودمختاری کا تحفظ‘‘ ہوگا۔ تاہم ان کی متنازع پالیسیاں، امیگریشن کے سخت قوانین اور عالمی معاہدوں پر نظرثانی جیسے اقدامات مستقبل میں امریکا کی داخلی سیاست اور عالمی حیثیت پر کیا اثر ڈالیں گے یہ وقت ہی بتائے گا۔ لیکن ماہرین موجودہ حالات اور فیصلوں کو دیکھتے ہوئے یہ ضرور کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ مسلمانوں کے لیے کسی طور سازگار نظر نہیں آتی۔ مشرق وسطیٰ کے تناظر میں ان کی پالیسیوں کا محور اسرائیل کو عرب اور اسلامی دنیا سے تسلیم کرانا ہے اس مقصد کے حصول کے لیے وہ سفارتی دباؤ سے لے کر جبر کا ہر ممکنہ ہتھکنڈا اپنانے کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔ اب دیکھنا ہے کہ کیا ٹرمپ کی پالیسیاں داخلی طور پر امریکا کے لیے بہتری کی علامت ثابت ہوسکتی ہیں؟ اس کا جواب جلد سامنے آنا شروع ہوجائے گا۔ ٹرمپ کی پالیسیوں کے اثرات نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کے سیاسی اور اقتصادی نظام پر محسوس کیے جائیں گے، اس ضمن میں پوری دنیا کو ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ ٹرمپ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: کی پالیسیوں ایگزیکٹو ا امریکا کے ٹرمپ کے ٹرمپ کی کے لیے

پڑھیں:

ٹرمپ کی وائٹ ہائوس میں واپسی

اس وقت پوری دنیا میں امریکہ کے 47 ویں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے چرچے ہیں۔ انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ سیاستدان نہ ہونے کے باوجود دو دفعہ امریکہ کے صدر بن چکے ہیں ان کی پوری زندگی تنازعات سے بھرپور ہے۔ انہیں پچھلے دور حکومت میں دو دفعہ مواخذے کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح دو قاتلانہ حملوں میں بال بال بچ گئے اور تیسری اور سب سے اہم بات یہ کہ وہ عدالت سے سزا یافتہ ہونے کے باوجود صدارت کی کرسی پر تخت نشین ہو چکے ہیں۔
ان کی خوبی یہ ہے کہ وہ جو کچھ کہتے ہیں کرگزرتے ہیں امریکا کا اگلا چار سالہ دور غیر روایتی سیاست سے بھرپور رہے گا جس کی پیش گوئی ممکن نہیں کہ نہ جانے ٹرمپ کب کس طرف پلٹ جائیں۔
امریکہ میں صدر کے پاس ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کا اختیار انہیں بہت زیادہ طاقتور بنا دیتا ہے۔ وہ کانگریس کی منظوری کے بغیر بھی فیصلہ کر سکتے ہیں گویا ان کا حکم قانون کا درجہ رکھتا ہے عدالتوں اور کانگریس کو ان کے ایگزیکٹو آرڈرز روکنے کا اختیار ہے مگر وہ غیر معمولی صورتحال کے لیے ہوتا ہے۔ امریکی عدالتیں ایسی نہیں ہیں کہ سارے کام چھوڑ کر آئینی مقدمہ بازیوں میں اپنا وقت ضائع کریں۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ صدر کی ایگزیکٹو آرڈرز جاری کرنے کی روایت کو محدود کرنا چاہتے ہیں جس میں مجرموں کو سزائیں معاف کرنے کا اختیار بھی شامل ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ دنیا بھر میں جنگوں کے مخالف ہیں جس کا وہ برملا اظہار کرتے ہیں کہ امریکہ کو دنیا بھر میں لڑائیاں کرنے کی بجائے اپنے ملک پر توجہ دینی چاہیے ڈونالڈ ٹرمپ کو افغانستان سے انخلا کا کریڈٹ جاتا ہے انہوں نے بڑی عجلت میں انخلا کا فیصلہ کیا تھا جس کی امریکی افواج کو بھاری قیمت چکانا پڑی مگر ٹرمپ نے جو کہا وہ کر دکھایا۔
صدر ٹرمپ کو غزہ میں جنگ بندی کا کریڈٹ دینا چاہیے انہوں نے اسرائیل دوستی کے باوجود نیتن یاہو کو مجبور کیا کہ وہ فلسطینیوں پر حملوں سے باز آجائیں یہ وہ کام تھا جو صدر بائیڈن پچھلے 15 ماہ سے نہیں کر سکے۔ ٹرمپ نے الیکشن جیتتے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اگر جنگ بند نہ کی گئی اور قیدی نہ چھوڑے گئے تو "All the hell will pay” اس وقت سمجھا گیا کہ یہ دھمکی حماس یا فلسطینیوں کے لیے ہے مگر حالات نے ثابت کیا کہ انہوں نے اسرائیل کو کہا تھا انہوں نے بعد ازاں یہ بھی کہا کہ اسرائیل ہمارا
دوست ہے تو یہ دوستی کا ہمیں صلہ دے یعنی ہماری امن کی خواہش کا احترام کرے۔ ٹرمپ کے ایک مشیر خاص نے غصے میں نیتن یاہو کو son of a bitch کہہ دیا تھا جو برطانوی اخبار نے لفظ بہ لفظ شائع کر دیا تھا۔ غزہ میں جنگ بند ی کا سارا کریڈٹ ٹرمپ کے ایک اور مشیر Steve witkoff کو جاتا ہے وہ ٹرمپ کے قریبی دوست تھے اور 40 سال تک اکٹھے گولف کھیلتے رہے ہیں وہ تل ابیب جا کر بیٹھ گئے تھے کہ جب تک جنگ بند نہیں ہو گی وہ یہاں سے نہیں جائیں گے کیونکہ ٹرمپ نے چیلنج کیا تھا کہ ان کی حلف برداری سے پہلے پہلے اسرائیل نے جنگ بندی نہ کی تو پھر ان سے برا کوئی نہیں ہوگا۔
آپ دیکھیں گے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کا اگلا ہدف یوکرائن روس جنگ بندی ہے۔ روسی صدر پیوٹن کے خیر سگالی پیغام کے بعد ٹرمپ نے اپنی پہلی تقریر میں پیوٹن سے ملاقات کا اعلان کر دیا ہے۔ اگر صدر ٹرمپ یوکرائن روس جنگ بندی میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو عملاً یہ ان کی جنگ مخالف نظرئیے کی بہت بڑی فتح ہو گی۔ اگر یہ سلسلہ یہاں بند نہ ہوا تو ٹرمپ پاکستان انڈیا کے درمیان مصالحتی کردار ادا کریں گے۔ وہ اپنے پچھلے دور حکومت میں بھی اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے انڈیا پاکستان مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیش کش کی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے اعلان کے علاوہ مہاجرین کا راستہ روکنے پر سب سے زیادہ زور دیا ہے اور میکسیکو بارڈر پر سخت بارڈر کنٹرول کے احکامات جاری کیے ہیں ان کا کہنا ہے کہ امریکہ دنیا بھر کے ممالک کے بارڈرز کی حفاظت کرتا ہے مگر ہمارے اپنے بارڈر غیر محفوظ ہیں اور جرائم پیشہ افراد غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہو رہے ہیں۔
ہمارے لیے ان کے بیانات سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ وہ ساو¿تھ ایشیا کے ساتھ کیسا رویہ رکھتے ہیں۔ ایک طرف تو انڈین وزیراعظم کو حلف برداری کی دعوت دی گئی اور نریندر مودی نے اپنی جگہ وزیرخارجہ جے شنکر کو بھیج دیا دوسری طرف پاکستان کو ایسی دعوت نہیں دی گئی اور معمول کے مطابق وہاں پاکستانی سفیر نے ہمارے ملک کی رسمی نمائندگی کی، امتیازی سلوک کی ایک وجہ پاکستان کے چائنا سے تعلقات بھی ہیں اگر چائنا امریکہ تعلقات بہتر ہوتے ہیں تو پوزیشن میں بہتری آئے گی لیکن اس کے علاوہ ایک اور وجہ بھی ہے۔ ایک خاموش ڈپلومیسی چل رہی ہے کہ صدر ٹرمپ برسراقتدار آکر پاکستانی حکومت کو عمران خان کی رہائی کے لیے مجبور کرے گی یہ محض قیاس آرائی نہیں ہے ٹرمپ کے نامزد کردہ مشیران میں سے رچرڈ گرینل کے علاوہ بھی ایسے لوگ ہیں جو عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں اور اس کا تحریری اظہار بھی کرتے ہیں۔
پاکستان کے حکومتی ایوانوں میں ڈونالڈ ٹرمپ کی آمد پر ایک عجیب بے چینی طاری ہے کیونکہ پی ٹی آئی کا اوور سیز ونگ سب سے زیادہ فعال امریکہ میں یہ بڑے طاقتور لوگ ہیں اور ان کی lobbing & leverage امریکہ کی برسراقتدار پارٹی کی اندرونی صفوں میں کافی گہری ہے۔ یہی وجہ تھی کہ ن لیگی حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی مذاکرات کا آغاز کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں سوشل میڈیا پر خبر آئی کہ وہ ٹرمپ کی حلف برداری میں شریک ہوں گے اس پر امریکہ میں موجود پاکستانیوں نے کہنا شروع کر دیا کہ ٹرمپ کی لابنگ فرم نے فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے دنیا بھر کے ایلیٹ کلاس کو آپشن دیا ہے کہ حلف برداری کے دعوت نامے 4 ملین ڈالر کا ڈونیشن دے کر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس میڈیا مہم کے بعد بلاول نے دعوت نامہ حاصل کرنے کا ارادہ ترک کر دیا۔ البتہ پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بارے میں کلیئر نہیں کہ وہ کس حیثیت میں شرکت کر رہے تھے کیا انہوں نے دعوت نامہ خریدا تھا یا حکومت پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
ایک اہم بات یہ کہ صدر ٹرمپ نے کیپیٹل ہلز حملہ کیس میں ملوث اپنی پارٹی کے 1500 ورکرز کی سزائیں معاف کر دی ہیں یہ کام انہوں نے ایگزیکٹوآرڈر کے ذریعے کیا ہے۔ اگر پاکستان ہوتا تو یقینا حکومت یہ کام عدالتوں کے ذریعے انجام دیتی۔ یہی فرق ہے امریکہ اور پاکستان کے نظام میں ٹرمپ نے بیورو کریسی میں کرپٹ افراد کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا اعلان کیا ہے یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 2020 اور 2024ءکے انتخابات میں ٹرمپ کو اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے ناجائز ہتھکنڈے استعمال کیے۔ وہ کہتے ہیں کہ امریکی Establishment ان کے خلاف ہے۔ ذاتی طور پر مجھے ان کا یہ جملہ بہت متاثر کر رہا ہے کہ Scales of justice will be Rebalanced یعنی انصاف کے ترازو کا توازن درست کر دیں گے۔ ہم سوچ رہے ہیں کہ ان کے اس جملے کی پاکستان کو امریکہ سے زیادہ ضرورت ہے۔

متعلقہ مضامین

  • ٹرمپ 47 ویں امریکی سربراہ، ہمارے فارم 47 کے
  • امریکی صدر کے عزائم
  • ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی
  • ٹرمپ کے ایک حکم نے ہزاروں افغان شہریوں کی امریکا منتقلی روک دی
  • ٹرمپ کی وائٹ ہائوس میں واپسی
  • ٹرمپ کا حکم نامہ، افغان پناہ گزینوں کیلئے امریکا روانگی کا دروازہ بند
  • 4 دن میں وہ کام کر دکھایا جو بائیڈن انتظامیہ 4 سال میں نہ کر سکی، ٹرمپ
  • ٹرمپ کا حلف امریکی عوام کھوکھلے’پیڑ سے لپٹ گئے؟
  • امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن، 500 سے زائد ملک بدر