سہون: ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے ہوٹل مالک سمیت 8 مزدور زخمی
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
سہون (نمائندہ جسارت) دادو روڈ پر واقع مرجان ہوٹل میں ایل پی جی گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوٹل مالک وسیم سولنگی سمیت کام کرنے والے 8 مزدور زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں وزیر علی، محمد حنیف، انتظار علی شاہ، نوید احمد، عابد سولنگی، قاسم کھوسو، نصیر ابڑو شامل ہیں جنہیں فوری سید عبداللہ میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ایل ایم سی یو جامشورو منتقل کیا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زور دار تھی کہ ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی گاڑیون کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کے فوری بعد اسسٹنٹ کمشنر وقاص ملوک جائے وقوع پہنچے، اور متاثرہ جگہ کی بحالی کے لیے کام کی نگرانی کی، جبکہ ایس ایچ او سہون مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کر ہے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
راجن پور: گزشتہ رات اغوا ہونے والے 3 مزدور واردات کے چند گھنٹوں میں بازیاب
راجن پور: پنجاب پولیس نے راجن پور میں گزشتہ رات اغوا ہونے والے تین مزدوروں کو واردات کے چند گھنٹوں کے اندر بازیاب کرالیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کچہ کے مجرمان کا تعاقب کیا۔ مغویوں کو کل رات تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق اغواکار مغویان کو اندرون کچہ کی طرف لے کر جا رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے موثر پلاننگ کے ساتھ آپریشن کیا۔ اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی پیش قدمی اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث اغوا کار مغویان کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
راجن پور پولیس نے بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز اور بھاری اسلحہ کے ساتھ یہ آپریشن انجام دیا۔ مغویوں کی بازیابی پر ان کے ورثاء نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی مزدوروں کو بازیاب کروانے پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔