پاکستان کے تعلیمی نظام میں یونیورسٹی آف لندن کا اہم کردار رہا ہے ،عطاتارڑ
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں یونیورسٹی آف لندن کا اہم کردار رہا ہے، یونیورسٹی آف لندن سے سند یافتہ افراد آج ملک میں عدلیہ، قانون، سیاست سمیت اہم شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، یونیورسٹی آف لندن کا تعلیمی نظام سیکھنے کا بہترین تجربہ فراہم کرتا ہے۔ان خیالات کااظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے یونیورسٹی آف لندن کے المنائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن کے المنائی سے ملاقات باعث مسرت ہے۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ یونیورسٹی آف لندن سے بطور ٹیوٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا، پاکستان میں قانون کی تعلیم کا معیار بلند کرنے میں یونیورسٹی آف لندن نے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی زیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے لیے انمول شراکت داری پر یونیورسٹی آف لندن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یونیورسٹی آف لندن سے سند یافتہ افراد آج ملک کے اہم شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دے رہے ہیں۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور قانون کے شعبے میں ان کا کلیدی کردار ہے، یونیورسٹی آف لندن کے المنائی کا نیٹ ورک گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل ترقی کر رہا ہے اور امید ہے کہ یہ مستقبل میں بھی ترقی کی منازل طے کرے گا۔ وفاقی زیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور عظیم مفکر و فلسفی شاعر علامہ محمد اقبال نے برطانیہ کے عظیم الشان ادارے لنکنز ان سے تعلیم حاصل کی، ان دونوں عظیم شخصیات نے اپنی قانونی مہارت اور سیاسی بصیرت کے ذریعے پاکستان کے قیام اور اس کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
صدر، وزیراعظم کا تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر پیغام میں کہا کہ تعلیم کو ایک خوشحال، ہمہ گیر اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انسانی ارادہ و اختیار، تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور فیصلہ سازی کو مقدم رہنا چاہیے۔ مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال تعلیمی نظام میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹولز سیکھنے کے عمل کو انفرادی ضروریات کے مطابق ڈھالنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے ٹولز کی مدد سے تعلیمی نظام میں ڈیٹا پر مبنی اصلاحات لائی جا سکتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں تعلیمی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کو ترجیح دینا ہوگی جبکہ تعلیمی نظام کو درپیش مستقل چیلنجوں سے بھی نمٹنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنا چاہیے۔ ماہرین ِتعلیم، پالیسی ساز اور والدین مصنوعی ذہانت اور تعلیم فراہم کرنے کے جدید طریقے اپنائیں۔
تعلیم کے عالمی دن پر بیان میں شہبازشریف نے بیان میں کہا کہ آج تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ہم ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں تعلیم کے اہم کردار کو تسلیم کر رہے ہیں۔ اس بات کی ضرورت ہے کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت انسانیت کی خدمت کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں میں ہماری مدد کرے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سب تسلیم کرتے ہیں کہ تعلیم کی تبدیلی کا اصل محرک طاقت ہے جو نوجوانوں کو ترقی پذیر تکنیکی منظر نامے میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔ تنقیدی سوچ، اختراع، اور اخلاقی ذمہ داری کو فروغ دے کر ہم اپنے شہریوں کو نہ صرف تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے آلات سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں بلکہ انھیں ایسے طریقے تشکیل دینا چاہتے ہیں جو ہماری اقدار کو برقرار رکھیں۔ ہماری آزادیوں کی حفاظت کریں، اور ہمارے معاشرے کو آگے بڑھائیں۔ آئیے ہم سب مل کر علم کی روشنی کے اس نیک مقصد کو آگے بڑھاتے رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعلیم آنے والی نسلوں کے لیے امید کی کرن بنی رہے۔