سیکورٹی ادارے امن معاہدے پر غیر جانبداری سے عمل درآمد کریں،لیاقت بلوچ
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
لاہو ر(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بلوچستان کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی سے ملاقات میں ان کی اہلیہ مرحومہ کی تعزیت کی، جامع مسجد تقوی کوئٹہ میں دارالافتاء کا افتتاح کیا، شیعہ عالم دین علامہ آغا رضا خلاقی کے ظہرانہ میں معززین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں فساد پھیلادیا گیا ہے، فساد کی آگ میں انسانی اقدار، اخلاق اور تہذیبی بنیادیں جل رہی ہیں۔ فرقہ واریت، زہریلی قوم پرستی، مفاد پرست سرمایہ دارانہ ہوس نے انسان کو انسان سے اجنبی اور دشمن بنادیا ہے۔ اسلام ہی دین فطرت اور انسانوں کی
فلاح و کامرانی کے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں افراد کی انفرادی، اجتماعی، اقتصادی، زمینی اور صنعت و حرفت کے معاملات میں رہنمائی کی بڑی ضرورت ہے۔ جدید ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل دورمیں منبر و محراب سے سماجی، معاشی رہنمائی ہی صراطِ مستقیم پر رکھ سکتی ہے۔ کردار کی بلندی اور سچائی کا اسلوب ہی انسان کی کامیابی ہے سب ایک دوسرے کا حق ادا کریں، کوئی کسی کا حق نہ مارے تو سماجی انصاف قائم اور مستحکم ہوگا۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن، قاری محمد یعقوب شیخ، ڈاکٹر عطاء الرحمن، حافظ محمد امجد،، زاہد اختر بلوچ، مولانا عارف دُمڑ، حافظ نور علی اور مرتضیٰ کاکڑ موجود تھے۔ لیاقت بلوچ سے اپوزیشن رہنما بیرسٹر سیف، سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے منصورہ میں ملاقات کی، اس موقع پر امیرالعظیم بھی موجود تھے۔ ملک کی تیزی سے بگڑتی صورتحال اور گھمبیر ہوتے سیاسی بحران پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر اتفاق ہوا کہ آئین، جمہوریت کی حفاظت اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے جمہوری قوتوں کو مضبوط مؤقف اختیار کرنا قومی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ہر مرحلہ پر قائدین کو آگاہ کرتی رہی ہے کہ اتحادی سیاست بوجوہ بے اثر اور بے نتیجہ ہوگئی ہے۔ قومی ترجیحات کے کم از کم ایجنڈا پر اتفاقِ رائے کے ساتھ قیادت اور پارٹیاں اس کی پابندی اور عمل کریں تو عوامی اعتماد بحال ہوگا اور غیر جمہوری قوتوں کو پسپا ہونا ہوگا۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی صورتِ حال، سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتِ حال اور خیبر پختونخوا، بلوچستان میں دہشت گردی کے مسلسل واقعات سے عوام کو جان، مال، عزت کا تحفظ حاصل نہیں رہا۔ عوام امن چاہتے ہیں اور ہر وقت سروں پر دہشت گردی اور موت کی لٹکتی تلوار سے نجات چاہتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی وفد نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں، خصوصاً ضلع کُرم میں امن کے قیام کے لیے اسلام آباد میں بلائی گئی کانفرنس کی دعوت قبول کی ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کی تمام جماعتیں پاکستان کے استحکام کے لیے سیاسی بحرانوں کے خاتمہ، دہشت گردی سے نجات اور امن و امان کی بحالی کے لیے قومی کردار ادا کریں گی۔ وفاقی، صوبائی حکومتیں اور سیکورٹی ادارے مکمل غیرجانبداری کے ساتھ امن معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کریں اور شرپسند عناصر کی کوئی بھی سرپرستی نہ کریں۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: لیاقت بلوچ نے کے لیے
پڑھیں:
سیکورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر آپریشنز ،30 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 3 علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 30 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکورٹی فوسز کو کامیاب کارروئیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 24 اور 25 جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت
میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور 18 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 6 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دوسری انٹیلی جنس کارروائی ضلع کرک میں کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے اس کے علاوہ تیسری جھڑپ خیبر ضلع کے عمومی علاقے باغ میں ہوئی، جہاں سیکورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔باغ میں دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں دہشتگرد رہنما عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل بھی شامل تھا جبکہ 2 دہشتگرد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ اعلامیے کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن جاری ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔