واپڈا میں ایک ملازم سے 10کا کام لیا جارہا ہے، عبداللطیف نظامانی
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
میرپورخاص (نمائندہ جسارت) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبد اللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ واپڈا میں ایک لاکھ سے زائد ملازمین کی آسامیاں خالی جبکہ حکومت نے بھرتیاں بند کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین پر کام کا دباؤ دن بدن بڑھ رہا ہے، ایک ملازم سے 10 ملازمین کا کام لیا جا رہا ہے، شدید قلت کے باوجود ملازمین کے واجبات کی ادائیگیاں اور مراعات کو کٹ لگایا جا رہا ہے، اوقات کار کو بالائے طاق رکھ کر تعطیلات بھی نہیں دی جا رہیں جس کی وجہ سے ملازمین پر شدید دباؤ ہے جو حادثات کا باعث بن رہا ہے، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین نے ان حالات میں بھی جدوجہد کر کے 62 لائن اسٹاف کو ترقیاں دلائی ہیں جبکہ کئی ملازمین کو آفیسر گریڈ میں ترقیاں دلائی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشن سرکل حیسکو میرپورخاص زون کے چیئرمین شاہد قائمخانی، شاہد کاظمی، سکندر مہر، غلام رسول، یوسف سومرو، اکبر لغاری و دیگر نمائندگان کی جانب سے منعقدہ واپڈا ملازمین کے بڑے جلسے سے مقامی ہال میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے کے مہمانِ خصوصی سپرنٹنڈنٹ آپریشن سرکل حیسکو میرپورخاص امیر احمد میمن تھے، جبکہ دیگر مہمانانِ گرامی میں میرپورخاص کے میئر عبدالرؤف غوری، یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان کے علاوہ یونین کے صوبائی میڈیا کو آرڈینیٹر محمد حنیف خان، اللہ دین قائمخانی، نور احمد نظامانی، حامد کے کے، شفیق بابو اور دیگر بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یونین نے لائن مین ٹو کو لائن مین ون اور لائن مین ون کو ایل ایس ٹو جبکہ بہت سارے ملازمین کو ایس ڈی او کی ترقیاں جبکہ 17 گریڈ میں اپ گریڈیشن بھی کرایا ہے، ہمارے ملازمین نے کمی کے باوجود دن رات کام کر کے میرپورخاص کے 17 فیڈرز کو فری لوڈ شیڈنگ کیا اور ابھی مزید کام جاری ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ جن علاقوں میں بجلی چوری نہیں ہے وہاں بجلی کی مسلسل روانی ہونی چاہیے، بجلی چوری کا خاتمہ کرنا اور ادارے کو پروان چڑھانا ہمارا منشور ہے، کیونکہ اگر ادارہ ہو گا تو ہم بھی ہوں گے۔ انہوں نے پورے حیسکو ریجن میں میرپورخاص سرکل کو ریکوری میں ٹاپ کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی آپ کی ہے جو آپ کی جد وجہد کے باعث ممکن ہوا۔ جلسے سے ایس ای امیر احمد میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے دروازے یونین نمائندگان کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، ہم آپس میں تعاون و اتفاق سے سرکل کو آگے بڑھا رہے ہیں اور مزید اسے آگے لے کر جائیں گے اور ملازمین کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا۔ جلسے سے یونین کے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے منتظمین کو کامیاب جلسے کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونین ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دے گی، ادارے میں گاڑیوں کی ضرورت کو پورا کیا جائے اور ان کے واجبات دلائے جائیں گے۔ جلسے سے میئر عبدالرؤف غوری، حاجی محمد یوسف سومرو، شاہد قائمخانی، شاہد کاظمی، سکندر مہر، غلام رسول کے علاوہ ڈگری، عمر کوٹ اور میرپورخاص کے ڈویژن چیئرمین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جلسہ گاہ میں میرپورخاص کے علاوہ حیدرآباد، سامارو، عمرکوٹ، نوکوٹ، مٹھی، ڈگری، سانگھڑ، نواب شاہ، شہدادپور، ٹنڈوالہیار، بدین، کوٹری اور سندھڑی سے بھی بڑی تعداد میں ملازمین نے شرکت کی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: میرپورخاص کے انہوں نے کہا کہ رہا ہے
پڑھیں:
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت میں اضافہ؛ واپڈا کی وضاحت
اسلام آباد:داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی لاگت میں اضافے کے معاملے پر واپڈا نے وضاحت جاری کر دی۔
ترجمان واپڈا کے مطابق پراجیکٹ کی لاگت میں اضافے کا تقریباً 85 فیصد ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی پر مشتمل ہے۔ 2014 میں امریکی ڈالر کی قدر 100 پاکستانی روپے جبکہ 2025 میں 280 روپے ہے۔
واپڈا نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ 15 فیصد اضافہ پراجیکٹ کی پیچیدہ نوعیت کی وجہ سے اسکوپ آف ورک میں اضافہ کی وجہ سے ہے۔
قراقرم ہائی وے کی ازسر نو تعمیر سمیت دیگر کنٹریکٹس بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے ایوارڈ کیے گئے ہیں، یہ کنٹریکٹس بنیادی طور پر پاکستانی روپے میں ایوارڈ کیے گئے ہیں۔
واپڈا ٹیم کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی گئیں، کنسلٹنٹس کی ٹیم 130 انجینیئرز پر مشتمل ہے جن میں کم و بیش 30 غیر ملکی ماہرین بھی شامل ہیں۔
واپڈا ہر سال اوسطاً 32 ارب یونٹ سستی پن بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کرتا ہے، واپڈا پن بجلی کا ٹیرف محض 3روپے 71 پیسے فی یونٹ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واپڈا پن بجلی ملک میں بجلی کے صارفین کے لیے اوسط ٹیرف کو کم سطح پر رکھنے کا سب سے بڑا عنصر ہے۔