Jasarat News:
2025-01-27@04:34:04 GMT

معیشت کی ترقی کیلیے اسٹیٹ بینک 5 فیصد تک شرح میں کمی کرے

اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT

معیشت کی ترقی کیلیے اسٹیٹ بینک 5 فیصد تک شرح میں کمی کرے

کراچی (رپورٹ: قاضی جاوید) معیشت کی ترقی کے لیے اسٹیٹ بینک 5 فیصد تک شرح سود میں کمی کرے‘ بینک قرضوں میں اضافہ اور سرمائے کی کمی ختم ہو گی‘ مہنگائی میں کمی آئی ہے اور حکومتی پالیسی کی وجہ سے اقتصادی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے ‘ معیشت کو درست سمت میں لانے اور نئی صنعتکاری کے رحجان کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار صنعتکار زبیرطفیل ،ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر سید مظہر علی ناصر،ایف پی سی سی آئی کے رکن ندیم احمدکشتی والااورفیڈریشن چیمبر آف کامرس کی انرجی کمیٹی کے کنوینر ملک خدا بخش نے جسارت کے اس سوال کے جواب میں کیا کہ ’ شرح سود کتنے فیصد کم کرنے سے معیشت ترقی کر ے گی ؟‘‘ صنعتکار زبیرطفیل نے کہا کہ اگر واقعی مہنگائی میں کمی آئی ہے تو ملک کے مرکزی بینک کو بغیر کسی شرط کے شرح سود میں کمی کرنی چاہیے‘ کم شرح سود سے اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے میں مدد دے گی‘ بینکوں سے قرضوں میں اضافہ ہوگا اور سرمائے کی کمی دور کرنے میں مدد ملے گی‘ مرکزی بینک کو ہر 15 دن بعد مانیٹری پالیسی کمیٹی کا
اجلاس بلانا چاہیے تاکہ مہنگائی کی شرح کا جائزہ لیا جا سکے اور شرح سود کو سنگل ڈیجٹ تک لانے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔ سید مظہر علی ناصر نے مہنگائی میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ تک کم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کم شرح پر قرضوں کی فراہمی مقامی صنعتوں کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے‘ اسٹیٹ بینک کوتاجر برادری کے اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے تاکہ صنعتی شعبہ کم پیداواری لاگت کے ذریعے بین الاقوامی مارکیٹ میں غیر مسابقتی ہونے جیسے مسائل کا مؤثر طریقے سے حل نکال سکے۔ ندیم احمدکشتی والا نے کہا کہ حکومت شرح سود کو 23فیصد سے کم کرکے 13فیصد پر لائی ہے جو اب بھی بہت زیادہ ہے اور اس میں کافی کمی کی گنجائش ہے کیونکہ مہنگائی میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اس کے باوجود یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ تک کیوں نہیں پہنچایا، پیر کو ہونے والی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود کو 4 فیصد تک کم کرنے سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور بینکوں سے قرض لینے کا رجحان بڑھنے میں مدد ملے گی جبکہ سرمائے کی کمی کو دور کیا جا سکے گا اور صنعتی سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ جائیں گی۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ تاجر برادری شرح سود میں کمی کا خیرمقدم کرے گی کیونکہ وہ اس وقت شدید اقتصادی بحران اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کی وجہ سے زیادہ شرح سود پر قرضہ حاصل کرنے سے قاصر ہیں‘ مہنگائی کی شرح میں کمی کے پیش نظر پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ تک لانا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو درست سمت میں لایا جائے گااور نئی صنعتکاری کے لیے رحجان پیدا ہوگا‘ موجودہ حکومت معیشت کے استحکام کے لیے جو کامیاب کوششیں کررہی ہے ایسے میں اسٹیٹ بینک شرح سود میں مزید 4 فیصد تک کی کمی کرکے حکومتی کوششوں کو تقویت پہنچا سکتی ہے اور اس اقدام سے کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں دوبارہ زندہ ہو جائیں گی۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: مہنگائی میں کمی اسٹیٹ بینک فیصد تک کی کمی کے لیے کہا کہ

پڑھیں:

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمی سے 11 ارب 44 کروڑ ڈالر رہ گئے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ کے ذخائر 17 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کم ہوکر 11 ارب 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے قرضوں کی واپسی رول اوور کیے جانے کے باوجود ملک قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے مشکل صورتحال سے دوچار ہے، حکومت کی معاشی ٹیم چین سے قرضوں کی واپسی رول اوور کروانے کے لیے سخت جدوجہد کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران ملٹی نیشنل کمپنیوں کا منافع 114 فیصد اضافے کے ساتھ ایک ارب 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔

ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کم ہو کر 16 ارب 18 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہ گئے، جس میں کمرشل بینکوں کے حصص بھی شامل ہیں، جو گزشتہ ہفتے کے دوران ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر اضافے سے 4 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔

متعلقہ مضامین

  • اسٹیٹ بینک آج مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا
  • اسٹیٹ بینک کے پاس پالیسی ریٹ 8فیصد پر لانے کی گنجائش موجود ہے‘عاطف اکرام شیخ
  • اسٹیٹ بینک نئے سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کل کرے گا
  • صدر ایف پی سی سی آئی کا شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کا مطالبہ 
  • صدر ایف پی سی سی آئی کا شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کرنے کا مطالبہ
  • ہفتہ وار مہنگائی دہائی کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی، 3 فیصد سے نیچے آنے کا امکان
  • سائٹ ایریا کے صنعتکاروں کا پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ کرنے کا مطالبہ
  • اسٹیٹ بینک کا معیشت کی بحالی کیلیے شرح سود میں مسلسل چھٹی بار کمی کا امکان
  • اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمی سے 11 ارب 44 کروڑ ڈالر رہ گئے